۲۴ جولائی ۲۰۲۵

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

ساہیوال کے نواحی علاقے بستی بابا فرید محمدپور میں سڑک کنارے لاوارث حالت میں ملنے والی نومولود جڑواں بچیاں دورانِ علاج دم توڑ گئیں۔ دونوں بچیوں کو مبینہ طور گزشتہ روز نامعلوم افراد نے ایک ویران مقام پر چھوڑ دیا تھا ۔جنہیں مقامی افراد نے دیکھ کر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔

ریسکیو 1122 اور مقامی پولیس اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی اور بچیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ اسپتال ساہیوال منتقل کیا گیا۔ بچیوں کی حالت نازک بتائی گئی اور انہیں ہسپتال کے بچہ وارڈ میں داخل کیا گیا۔ بچیوں کی عمر ابتدائی میڈیکل معائنے کے مطابق ایک دن سے زائد نہیں تھی۔

ریسکیو ٹیم کی جانب سے واقعے کی اطلاع چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو (CPWB) کو بھی دی گئی۔ بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد نے ساہیوال ریجن کی ٹیم کو ہدایت جاری کی کہ بچیوں کو حفاظتی تحویل میں لے کر لاہور منتقل کرنے کے انتظامات کیے جائیں تاکہ انہیں بیورو کے مرکزی مرکز میں مکمل نگہداشت فراہم کی جا سکے۔ تاہم، دونوں نومولود بچیاں دورانِ علاج دم توڑ گئیں۔

چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو ساہیوال کے ایک اہلکار نے تصدیق کی کہ دونوں بچیاں جانبر نہ ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نومولود بچیوں کو ہسپتال لانے کے وقت ان کی عمر محض چند گھنٹے تھی اور جسمانی حالت انتہائی کمزور تھی۔

بیورو کے اہلکار نے یہ بھی بتایا کہ سال 2022 سے 2025 کے درمیان ساہیوال سے مجموعی طور پر 28 بچوں کو ریسکیو کر کے لاہور منتقل کیا گیا ہے۔ ان تمام بچوں کی نگہداشت، پرورش اور قانونی تحفظ بیورو کے لاہور مرکز میں کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب، دستیاب سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122 نے 2020 سے 2024 کے درمیان صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 482 نومولود ایمرجنسی کیسز پر کارروائی کی۔ جن میں 233 لڑکے اور 156 لڑکیاں تھیں۔ ان میں سے 191 نومولود بچوں کی موت واقع ہو چکی تھی جب ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی، جبکہ 154 بچوں کو بچا کر علاج کے لیے منتقل کیا گیا۔

اسی عرصے کے دوران (گزشتہ پانچ مالی سال اور 2025 کے ابتدائی مہینے)، پنجاب چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو نے صوبے بھر میں مجموعی طور پر 321 لاوارث نومولود بچوں کو ریسکیو کیا اور انہیں حفاظتی خدمات فراہم کیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here