۳۰ جولائی ۲۰۲۵‎

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

‎خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ کے علاقے لساں نواب میں ایک بارہ سالہ طالبعلم کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کا واقعہ پیش آیا۔ واقعے میں نامزد مدرسے کے قاری سجاد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ پولیس نے بچے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔

‎تفصیلات کے مطابق بائی کلاں پھلڑہ کے رہائشی ایاز نے تھانہ لساں نواب میں رپورٹ درج کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس کا 12/13 سالہ بیٹا مدرسہ سراج العلوم میں زیر تعلیم ہے۔ دو روز قبل جب بچہ معمول کے مطابق مدرسے سے واپس گھر آیا تو اس نے کمر میں شدید درد کی شکایت کی۔ والدین کے استفسار اور اصرار پر بچے نے انکشاف کیا کہ دو ہفتے قبل مدرسے کے قاری سجاد احمد نے اسے مدرسے سے اپنے ہمراہ گھر لے جا کر اپنی بیٹھک میں مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ بچے کے مطابق اسے اس واقعے کے بعد مدرسے میں زبردستی روکے رکھا گیا اور وہ موقع پا کر مدرسے سے فرار ہو کر گھر واپس آیا۔

‎متاثرہ بچے کے والد کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ تھانہ لساں نواب میں درج ایف آئی آر میں مؤقف دیا گیا ہے کہ قاری سجاد نے نہ صرف بچے کے ساتھ زیادتی کی بلکہ اسے مسلسل دو ہفتے مدرسے میں قید رکھا۔ ایف آئی آر تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 376 کے تحت درج کی گئی ہے، جو جنسی زیادتی جیسے سنگین جرم سے متعلق ہے۔

‎پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم سجاد کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش جاری ہے اور میڈیکل رپورٹ سمیت دیگر شواہد حاصل کیے جا رہے ہیں۔

‎یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے جہاں مدرسہ میں زیرتعلیم طالبعلم کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہو۔مدرسوں میں زیر تعلیم بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی اور تشدد کے واقعات تواتر سے پیش آرہے ہیں۔

‎اسی طرح کا واقعہ 22 جولائی کو خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کی تحصیل خوازہ خیلہ کے گاؤں چلیار میں پیش آیا جہاں چھٹی کرکے مدرسے آنے والے چودہ سالہ طالب علم فرحان کی اساتذہ کے مبینہ تشدد سے موت واقع ہوگئی ۔ فرحان کو اس کے مدرسے کے استاد قاری محمد عمر اور عمر کے بیٹے احسان اللہ نے مبینہ طور پر پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ فرحان کے دادا کے مطابق، لڑکا مدرسے میں جانے سے ہچکچا رہا تھا، اور دعویٰ کیا کہ ‘وہ اسے مارتے ہیں اور ان کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں’۔

‎دس جولائی کو خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور میں استاد کو پانچ سالہ نابینا طالبعلم کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ واقعہ ضلع ہری پور کی تحصیل خانپور کے نواحی علاقے بانڈھا میں پیش آیا،جہاں متاثرہ بچے کے خاندان کی جانب سے تھانہ صدر میں باقاعدہ مقدمہ درج کرایا گیا۔

‎15 جولائی کو پنجاب کے شہر مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور کے گاؤں باقر شاہ میں واقع دینی مدرسے تاج العلوم کے دو اساتذہ کو تین کم عمر بچوں سے مبینہ طور پر بارہا زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ درخواست گزار کے مطابق، اس نے تین ماہ قبل اپنے تین بھتیجوں، جن کی عمریں 11 اور 12 سال ہیں، کو مدرسے میں حفظِ قرآن کے لیے داخل کروایا تھا۔ واپسی پر بچوں نے انکشاف کیا کہ مدرسے کے دو اساتذہ تین ماہ تک ان کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کرتے رہے اور دھمکیاں بھی دیتے رہے کہ کسی کو بتایا تو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا جن پر قانونی کارروائی جاری ہے۔

‎بچوں پر بڑھتے ہوئے جنسی جرائم :

‎بچوں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ’ساحل‘ کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادو شمار کے مطابق سال 2025 کی پہلی ششماہی میں بچوں کے ساتھ جنسی استحصال اور تشدد کے ملک بھر سے کل 1956 مقدمات رپورٹ ہوئے جن میں سےصرف جنسی استحصال کے 950 واقعات ہیں۔

‎ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوری سے جون تک بچوں کے اغوا کے 605 مقدمات درج ہوئے۔ اسی طرح ملک بھر میں 192 بچوں کے لاپتا ہونے کے مقدمات درج کرائے گئے جب کہ اس سال 34 کم عمر بچوں کی شادیوں یا ونی کے مقدمات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

‎علاوہ ازیں 62 کیسز ایسے رپورٹ ہوئے جن میں نومولود بچوں کو مختلف مقامات پر مردہ یا زندہ پایا گیا۔

‎کل رپورٹ کیے گئے کیسز میں سے (1019) یعنی 52 فی صد متاثرہ لڑکیاں تھیں اور (875) یعنی 44 فی صد لڑکے تھے۔ے مقدمات درج کرائے گئے جب کہ اس سال 34 کم عمر بچوں کی شادیوں یا ونی کے مقدمات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here