20 جولائی 2025
رپورٹ: سیدہ نور فاطمہ
2024 کے دوران پاکستان بھر میں گھریلو تشدد کے دو ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، لیکن سزا کی شرح محض 1.3 فیصد رہی۔ “بچوں کے مستقبل” اور “خاندان کی عزت” کے نام پر خواتین اکثر سمجھوتے کرتی ہیں، اور یہی سمجھوتے کئی بار ان کی جان لے لیتے ہیں۔
عمارہ بی بی کی کہانی بھی ان ہی سانحات میں سے ایک ہے۔ ضلع اوکاڑہ کے علاقے رینالہ خورد 6/1-ایل سے تعلق رکھنے والی 27 سالہ عمارہ کو اس کے شوہر محمد شکیل نے گیارہ سالہ ازدواجی زندگی کے بعد محض شک کی بنیاد پر چاقو کے وار سے قتل کر دیا۔
عمارہ کی پھوپھی نے Voicepk.net سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ “شکیل کو ہر وقت شک رہتا تھا۔ اس نے عمارہ کو کئی بار مارا پیٹا۔ کبھی وہ ہمارے پاس آ جاتی، لیکن زیادہ تر خاموشی سے سب کچھ سہتی رہی، صرف اپنی بیٹی کی خاطر۔”
انہوں نے مزید کہا کہ تشدد سہنے کے باوجود عمارہ کو امید رہتی تھی کہ شاید ایک دن شوہر کا رویہ بدل جائے گا۔ لیکن شکیل نے کبھی اسے نئے کپڑے یا جوتے تک لے کر نہ دیے۔ وہ گھر کے تمام کام تنہا انجام دیتی تھی۔”
عمارہ کو قتل کرنے کے بعد شکیل نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ اس بارے میں لاہور ہائی کورٹ کے وکیل محمد عظیم کا کہنا تھا کہ “ایسے واقعات میں اکثر ملزم خود گرفتاری دے دیتے ہیں تاکہ عدالت میں یہ مؤقف اختیار کر سکیں کہ انہوں نے یہ اقدام کسی ذہنی دباؤ یا وقتی اشتعال میں اٹھایا۔”
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی کمیونی کیشن مینیجر ماہین پراچا نے وائس پی کے ڈاٹ نیٹ سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان میں صنفی تشدد کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا۔ ہمارا معاشرہ اسے ‘معمول’ سمجھتا ہے، جس کے باعث خواتین کو ایف آئی آر درج کرانے میں نہ صرف دشواری کا سامنا ہوتا ہے بلکہ ان پر ‘خاندان کی عزت خراب کرنے’ کا الزام بھی لگا دیا جاتا ہے۔
وکیل محمد عظیم کا کہنا تھا کہ “پاکستان میں گھریلو تشدد کے کیسز کم رپورٹ ہوتے ہیں کیونکہ خواتین مالی طور پر شوہروں پر انحصار کرتی ہیں۔ جبکہ یورپی ممالک میں ایسے کیسز زیادہ رپورٹ ہوتے ہیں کیونکہ وہاں خواتین کو قانونی تحفظ اور مالی خودمختاری حاصل ہے۔ پاکستان میں خواتین اکثر اس لیے بھی خاموش رہتی ہیں کیونکہ وہ شادی ختم کرنا نہیں چاہتیں۔
اس حوالے سے ماہین پراچا کا کہنا تھا کہ ہمارا معاشرہ مکمل طور پر پدرشاہی نظام کے زیر اثر ہے۔ جب تک اس سوچ کو ختم نہیں کیا جاتا، گھریلو تشدد کا خاتمہ ممکن نہیں۔ اس کے علاوہ ، فوجداری انصاف کے نظام میں اصلاحات ناگزیر ہیں تاکہ متاثرہ خواتین کو شکایت درج کرانے میں سہولت دی جا سکے۔ عدالتوں کو چاہیے کہ وہ خواتین کے حق میں بروقت فیصلے دیں۔
عمارہ کی کہانی ان ہزاروں پاکستانی خواتین کی نمائندہ ہے جو ہر روز گھریلو تشدد کا سامنا کرتی ہیں۔ کچھ خاموشی سے جھیلتی ہیں، کچھ اپنی جان گنوا بیٹھتی ہیں۔ یہ صرف ایک عورت کا قتل نہیں، ایک پورے معاشرے کی اخلاقی شکست ہے۔