23 جولائی 2025
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس، عالیہ نیلم نے سی سی ڈی (کاؤنٹر کرائم ڈیپارٹمنٹ) کے مبینہ پولیس مقابلوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو ان واقعات کا تفصیلی جائزہ لینے کی ہدایت کر دی ہے۔
چیف جسٹس نے یہ احکامات شہری فرحت بی بی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کے دوران دیے۔ عدالتی حکم پر آئی جی پنجاب عدالت میں پیش ہوئے جبکہ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد وقاص عمر نے آئی جی کی جانب سے رپورٹ پیش کی۔
دورانِ سماعت، سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ 22 اپریل کو پولیس کی جانب سے ایک مقابلہ پیش آیا۔ اُن کے مطابق، ’’پولیس ایک ملزم کو ریکوری کے بعد واپس لا رہی تھی کہ راستے میں گاڑی کا ٹائر پنکچر ہو گیا۔ اسی دوران ملزم کے ساتھیوں نے حملہ کر دیا اور ان کی فائرنگ سے غضنفر ہلاک ہو گیا۔‘‘
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ غضنفر جسمانی ریمانڈ پر تھا اور اسے ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔ وکیل نے مزید کہا کہ مقتول کا دوسرا بھائی انصر اس وقت شیخوپورہ جیل میں ہے اور اندیشہ ہے کہ اُسے بھی جعلی پولیس مقابلے میں مار دیا جائے گا، کیونکہ اسی طرز کی ایف آئی آرز دیگر واقعات میں بھی دائر کی جا چکی ہیں۔ عدالت سے جیل میں قید ملزم کو تحفظ فراہم کرنے کی استدعا کی گئی۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے وکیل سے کہا کہ ’’عدالت میں جذباتی باتیں نہ کریں، صرف حقائق پر بات کی جائے۔‘‘
چیف جسٹس نے مزید ریمارکس دیے کہ ’’ایس ایچ او نے گزشتہ سماعت پر دعویٰ کیا تھا کہ ملزم کے ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کی، جس میں غضنفر مارا گیا، لیکن رپورٹ میں یہ واضح ہے کہ نہ گاڑی کو گولی لگی اور نہ کسی کانسٹیبل کو۔ ایس ایچ او عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام رہا، اسی لیے آئی جی کو طلب کیا گیا۔‘‘
عدالت نے آئی جی پنجاب سے استفسار کیا کہ وہ اس حوالے سے کیا وضاحت دینا چاہتے ہیں؟ جس پر آئی جی نے جواب دیا کہ ’’مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا ملزم وہی ہے جس نے 13 روز قبل پولیس پر حملہ کیا تھا، ایسے حملوں میں پولیس افسران بھی شہید ہوئے۔‘‘
چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب کی پیش کردہ رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت دی کہ ’’سی سی ڈی کے حالیہ پولیس مقابلوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔ روزانہ کی بنیاد پر جعلی مقابلوں کے خلاف 50 سے زائد درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔ اس صورتحال کا پولیس افسران کے ساتھ مل کر جائزہ لیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا تدارک ممکن ہو سکے۔‘‘
سماعت کے اختتام پر عدالت نے درخواست نمٹا دی۔