17 جولائی 2025

رپورٹ: رانا مالہی


ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے ایک وفد نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر لاپتا افراد کے لواحقین کے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ یہ احتجاج بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما مہرنگ بلوچ کی بہن نادیہ بلوچ کی قیادت میں 16 جولائی سے جاری ہے۔

ایچ آر سی پی کے کونسل ممبر اور سینئر سیاست دان فرحت اللہ بابر نے اس موقع پر کہا کہ اگر لاپتا افراد نے کوئی جرم کیا ہے تو انہیں منظر عام پر لا کر عدالت میں ٹرائل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں اور ہر شہری کو قانونی عمل کے تحت انصاف ملنا چاہیے۔

دوسری جانب مظاہرین کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے انہیں کیمپ لگانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ آج جب بارش سے بچاؤ کے لیے مظاہرین نے ٹینٹ لگانے کی کوشش کی تو پولیس نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا اور ٹینٹ کے ڈنڈے اپنے قبضے میں لے لیے۔

انسانی حقوق کی رہنما نسرین اظہر نے ان اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جبری گمشدگیوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے کیونکہ ریاست کا بنیادی کام اپنے شہریوں کو انصاف فراہم کرنا ہے۔

ہیومن رائٹس کمیشن کی وائس چیئرپرسن منیزے جہانگیر نے احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست خود ہی اپنے قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہے جب وہ شہریوں کو لاپتا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس کے مطابق صوبے سے 349 افراد لاپتا ہیں، جو ایک سنگین انسانی حقوق کا مسئلہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست اپنے شہریوں کے دل جیتنے میں ناکام ہو چکی ہے۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے سابق سیکرٹری جنرل اور سینئر صحافی ناصر زیدی نے کہا کہ اگر بلوچستان کے عوام کو ان کے آئینی اور بنیادی حقوق نہیں ملیں گے تو وہ مایوسی کی حالت میں متبادل راستے تلاش کریں گے۔

لاپتا افراد کے لواحقین کا کہنا ہے کہ وہ ہزاروں میل کا سفر طے کر کے اسلام آباد اس امید پر آئے ہیں کہ ریاست ان کی آواز سنے گی اور ان کے پیاروں کو برسوں کی غیر قانونی حراست سے رہا کیا جائے گا۔ ان کا مؤقف ہے کہ انہیں دھرنے کے لیے بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں کی جا رہیں، جو کہ ان کے جمہوری حق کی خلاف ورزی ہے۔

احتجاجی کیمپ میں شریک افراد نے مطالبہ کیا کہ جبری گمشدگیوں کا سلسلہ بند کیا جائے، لاپتا افراد کو فوری طور پر عدالت میں پیش کیا جائے، اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here