29 جولائی 2025
تحریر
رانا ملہی

اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب کے باہر بلوچستان سے لاپتہ ہونے والے افراد کے لواحقین کا اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے آج چودھویں روز بھی احتجاج جاری رہا۔

اس احتجاج میں بچے، نوجوان اور بزرگ خواتین شریک ہیں جو اپنے پیاروں کی تصاویر اٹھا کر، ان کی واپسی کی امید لیے، ہزاروں میل دور سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد آئی ہیں۔ انہیں امید ہے کہ یہاں حکومت وقت ان کی آواز سنے گی۔

مظاہرین نے شکوہ کیا کہ دو ہفتے گزرنے کے باوجود حکومت کے کسی نمائندے نے ان کی داد رسی نہیں کی۔ اپنے ماموں کی بازیابی کی امید لیے حب چوکی سے اسلام آباد آئی 14 سالہ اقصہ بلوچ کا کہنا ہے کہ وہ مختلف شہروں میں احتجاج کرنے کے بعد اسلام آباد اسی امید سے آئی ہیں کہ حکومت یہاں ان کی آواز جلد سنے گی۔

بی وائی سی کی رہنما گلزادی بلوچ کی بہن نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہن کو لاپتہ کر کے گرفتار کیا گیا ہے، اور انہیں ان کے وکلا سمیت دیگر افراد سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

بی وائی سی کی رہنما مہارنگ بلوچ کی بہن نادیہ بلوچ کا کہنا تھا کہ مہارنگ بلوچ سمیت دیگر لیڈران کو رہا کیا جائے اور بلوچستان میں ہونے والی جبری گمشدگیوں کو ختم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد وہ اس امید سے آئی ہیں کہ حکومت ان کی بات سنے گی، لیکن یہاں انتظامیہ سے صرف مایوسی ملی ہے۔

احتجاج میں شریک مختلف خاندانوں کا حکومت وقت سے ایک ہی مطالبہ ہے کہ بی وائی سی کے لیڈران اور ان کے پیاروں کو واپس لایا جائے تاکہ وہ اور ان کے اہل خانہ سکون کا سانس لے سکیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here