07 جولائی 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: پیر کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کو کالعدم قرار دینے کے لیے دائر متعدد درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
جسٹس انعام امین منہاس نے درخواستوں پر سماعت کی۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس پی ایف یو جے، اینکرز اور اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن سمیت مختلف صحافتی تنظیموں کی جانب سے ترمیمی ایکٹ کو چیلنج کیا گیا ہے۔
عدالت میں پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، آر آئی یو جے کے سیکرٹری آصف بشیر چوہدری سمیت دیگر صحافی بھی پیش ہوئے۔
حکومت کی جانب سے کیس میں تحریری جواب جمع کرا دیا گیا ہے جبکہ درخواست میں چاروں صوبائی حکومتوں کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
سرکاری وکیل نے بتایا کہ رجسٹرار آفس نے ابتدائی طور پر اعتراضات عائد کیے تھے جو بعد میں دور کر دیے گئے۔
عدالت نے درخواست گزار وکلاء کو دلائل دینے کی ہدایت کی۔ جس پر پی ایف یو جے کے وکیل ڈاکٹر یاسر امان خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 2016 میں اصل پیکا ایکٹ متعارف کرایا گیا تھا، جبکہ 2025 کی ترمیم میں کئی اہم دفعات کو نکال دیا گیا ہے اور کچھ نئی شقیں شامل کی گئی ہیں۔
وکیل نے مزید کہا کہ ترمیمی ایکٹ میں سوشل میڈیا کمپلینٹ کونسل کے قیام کی شق بھی شامل کی گئی ہے جس پر خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیے کہ پہلے کوڈ آف کنڈکٹ کی وضاحت کریں کہ پرانے قانون میں اور ترمیمی قانون میں فرق کیا ہے تاکہ عدالت کیس کو بہتر طریقے سے سمجھ سکے۔
ڈاکٹر یاسر امان خان کی جانب سے دلائل جاری تھے کہ عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ تاریخ پر بھی وکیل کو دلائل جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ آئندہ سماعت کی تاریخ بعد میں مقرر کی جائے گی۔
6 فروری 2025 کو پی ایف یو جے (پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس) اور اینکرز ایسوسی ایشن نے اس ترمیمی قانون کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
یاد رہے کہ پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) سب سے پہلے 11 اگست 2016 کو نافذ ہوا تھا، جس کا مقصد سائبر جرائم کی روک تھام تھا۔
بعد ازاں اس قانون میں 2025 میں اہم ترامیم کی گئیں۔ جس کے بعد قومی اسمبلی نے 23 جنوری 2025 کو ترمیمی بل منظور کیا، اور پھر سینیٹ نے بھی 28 جنوری 2025 کو اسے منظور کر لیا، اور 29 جنوری 2025 کو صدرِ مملکت نے اس پر دستخط کر کے اسے باقاعدہ قانون کی شکل دے دی۔
اس ترمیمی ایکٹ میں سوشل میڈیا پر ریاستی کنٹرول کو بڑھایا گیا، سوشل میڈیا کمپلینٹ کونسل قائم کی گئی، اور جعلی خبروں کے خلاف سزائیں سخت کی گئیں، جس پر صحافتی تنظیموں اور انسانی حقوق کے اداروں نے شدید احتجاج کیا۔