02 جولائی 2025
سٹاف رپورٹ
وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ اور مسلم لیگ ن کے رہنما قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ وہ احتجاج کرنے پر اراکینِ اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کے حق میں نہیں ہیں اور اس حوالے سے تحمل اور برداشت سے کام لینا چاہیے۔
آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ محض احتجاج کی بنیاد پر کسی رکنِ اسمبلی کو نااہل قرار نہیں دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی تقریر کے دوران احتجاج کرنے پر اسپیکر نے تحریک انصاف کے 26 اراکین کو معطل کر دیا تھا، جبکہ چار اراکین کو قائمہ کمیٹیوں کی صدارت سے بھی ہٹا دیا گیا۔
قیصر احمد شیخ کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی رکن کو قائمہ کمیٹی کی صدارت سے ہٹایا گیا ہے تو یا تو اسے دوبارہ بحال کر دیا جائے گا یا تحریک انصاف ہی سے کسی اور رکن کو نیا صدر منتخب کر لیا جائے گا۔
اسی موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے کہا کہ اسمبلی کا ماحول پرامن اور مہذب رکھنا ضروری ہے، لیکن اسے چلانے کے دوران صبر و تحمل کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپنے دس سالہ دورِ اقتدار میں انہوں نے کبھی کسی رکن کو معطل نہیں کیا۔
شہلا رضا کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے بعض اراکین مریم نواز اور بلاول بھٹو کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرتے ہیں، جو ناقابلِ برداشت ہے۔
تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر امجد نے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر بھی اپنے اختیارات کو بطور ہتھیار استعمال کرتے ہیں۔ ان کے مطابق اسپیکر نے ایک سال تک شیخ وقاص کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین نہیں بننے دیا، اور اب عادل بازئی کو اوورسیز پاکستانیوں کی قائمہ کمیٹی کی صدارت لینے سے روک رہے ہیں۔
‘مذاکرات اور مزاحمت ساتھ ساتھ چلیں گے’
جب ان سے پوچھا گیا کہ تحریک انصاف اب احتجاج کرے گی یا مذاکرات، تو ڈاکٹر امجد کا کہنا تھا کہ مذاکرات ان ہی سے کیے جائیں جن کے پاس اختیار ہو۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات اور مزاحمت ساتھ ساتھ چلیں گے، اور تحریک انصاف عاشورہ کے بعد احتجاج شروع کرے گی۔
اس پر شہلا رضا نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کو کئی بار مذاکرات کی جانب لایا گیا، لیکن وہ کبھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کرتے۔ “یہ ایک طرف اسٹیبلشمنٹ کے خلاف نعرے لگاتے ہیں اور دوسری طرف ان سے کہتے ہیں کہ ہمیں اپنا پاؤں دیں، کیونکہ ہم نے بھی بوٹ پالش کرنے ہیں۔”
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے گفتگو کے اختتام پر کہا کہ حکومت تو مذاکرات کے لیے پہل کر رہی ہے اور واضح پیغام دیا ہے کہ مذاکرات کرو گے تو تمہارے فائدے میں ہوگا، لیکن تحریک انصاف مسلسل اپنے ہی نقصان کا سبب بن رہی ہے۔