09 جولائی 2025

سٹاف رپورٹ


صحافی اور یوٹیوبر اسد طور کا کہنا ہے کہ جس جج صاحب نے ان کے اور دیگر یوٹیوبرز کے چینلز بند کرنے کا حکم دیا، انہوں نے کبھی سمن جاری نہیں کیا اور پوری کارروائی یکطرفہ رہی۔

آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے اسد طور نے کہا کہ انہیں آج تک معلوم نہیں ہو سکا کہ کس بنیاد پر ان کے چینل کو بند کرنے کا حکم دیا گیا۔

یاد رہے کہ یوٹیوب نے پاکستان کے 27 یوٹیوبرز کو ای میل کے ذریعے آگاہ کیا ہے کہ مقامی عدالت کی ہدایت پر ان کے چینلز بند کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے 24 جون کو ایف آئی اے کی درخواست پر یوٹیوب چینلز کو بلاک کرنے کا حکم دیا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق یہ تمام چینلز “ریاست مخالف مواد” نشر کر رہے تھے۔

عدالت نے اپنے حکم میں لکھا کہ ایف آئی اے کی جانب سے پیش کیے گئے شواہد اطمینان بخش ہیں اور قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکتی ہے۔

اس عدالتی فیصلے کے بعد یوٹیوب نے 8 جولائی کو مطیع اللہ جان، اسد طور، اور دیگر چینلز کو آگاہ کر دیا کہ ان کے خلاف کارروائی ممکن ہے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے کہا کہ جن لوگوں کے چینلز بند ہوئے ہیں، وہ بخوبی جانتے ہیں کہ ان کا قصور کیا تھا۔

اس پر اسد طور نے کہا کہ انہیں کچھ عرصے سے بلوچستان اور لاپتا افراد سے متعلق گفتگو پر تنبیہ دی جا رہی تھی اور یہی ان کے خلاف کارروائی کی اصل وجہ بن گئی۔

جے یو آئی (ف) کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ نے رائے دی کہ قانونی طور پر کسی کو سنے بغیر اس کے خلاف فیصلہ دینا درست نہیں۔ ان کے بقول چینلز بند کرنے کا یہ فیصلہ قانونی لحاظ سے کمزور اور افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام میں اتنی برداشت ہونی چاہیے کہ وہ تنقید کا سامنا کر سکے۔

چینلز کی بندش کے حوالے سے خیبر پختونخوا کے وزیر قانون آفتاب آفریدی نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا “ہم مارشل لا پرو میکس کے دور میں جی رہے ہیں۔”

اختیار ولی خان نے کہا کہ جو لوگ دوسروں کے ایجنڈے پر پاک فوج کے خلاف جھوٹ بول کر ڈالر کماتے ہیں، ان کے خلاف ریاستی اداروں کو حرکت میں آنا چاہیے۔ تاہم، انہوں نے یہ تسلیم کیا کہ عدالت کو یوٹیوبرز کو بلا کر سننا چاہیے تھا۔

*’مائنز اینڈ منرلز بل وفاق کی صوبائی خودمختاری پر حملہ ہے’: آفتاب آفریدی*

پروگرام میں مائنز اینڈ منرلز بل پر گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے وزیر قانون آفتاب آفریدی نے کہا کہ وفاقی حکومت کا یہ اقدام صوبائی خودمختاری پر حملہ ہے اور یہ آئین کی خلاف ورزی کا تسلسل ہے۔

اس پر جواب دیتے ہوئے اختیار ولی خان نے کہا کہ پچھلے دس سالوں میں خیبر پختونخوا حکومت نے مائنز اینڈ منرلز سے بھاری آمدن حاصل کی، لیکن اسے مقامی عوام کی فلاح پر خرچ کرنے کے بجائے ذاتی مفادات میں استعمال کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق چاہتا ہے کہ ان وسائل کو وہاں کے عوام پر خرچ کیا جائے، نہ کہ صرف چند افراد کی جیبوں میں جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here