03 جولائی 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے نے شادی شدہ خواتین سرکاری ملازمین کو یہ حق دے دیا ہے کہ وہ اپنے شوہر کا ڈومیسائل اپنا سکیں گی اور اس بنیاد پر ترقی یا سرکاری آسامیوں سے محروم نہ رہ سکیں گی۔
اس فیصلے کو پاکستان کے بیوروکریٹک نظام میں خواتین کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر اُن خواتین کے لیے جو شادی کے بعد کسی اور صوبے میں تعینات ہوتی ہیں۔
نائلہ سومرو، جو کراچی میں وفاقی ادارے قومی بچت بینک میں بطور اسسٹنٹ خدمات سر انجام دے رہی ہیں، انہوں نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ ان درجنوں خواتین کے لیے ریلیف ہے جو اپنی فیملی کے ساتھ رہنے کی خاطر کئی سال ترقی کے مواقع سے پیچھے رہ گئیں، اُن کا کہنا تھا کہ پہلے ہم ڈومیسائل تبدیل کرنے سے ہچکچاتے تھے کہ کہیں ترقی کا موقع نہ چھن جائے، مگر اب سپریم کورٹ نے ہمیں قانونی تحفظ دے دیا ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین افسران نے بھی فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ بشریٰ اسلم، جو محکمہ لائیو اسٹاک سندھ میں 17 گریڈ کی آفیسر ہیں، کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ برسوں سے خاموشی سے کئی خواتین کو متاثر کرتا آ رہا تھا۔ جبکہ ان کے کئی کولیگز ایسے تھے جو صرف ڈومیسائل بچانے کی خاطر اپنے خاندانوں سے دور تعینات رہے، یہ فیصلہ خواتین کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں توازن لانے کی جانب ایک عملی قدم ہے۔
یاد رہے کہ یہ کیس ڈاکٹر شمیلہ نعیم کے ذریعے سامنے آیا، جو گولڈ میڈلسٹ اور میڈیکل آفیسر ہیں۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے ڈومیسائل پر سروس جوائن کی تھی، لیکن شادی کے بعد اپنے شوہر کا بلوچستان کا ڈومیسائل اختیار کر لیا۔ انہوں نے اسلام آباد میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں ایسوسی ایٹ پروفیسر کی گریڈ 19 کی آسامی کے لیے درخواست دی اور فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے تحریری امتحان میں ٹاپ کیا، مگر انہیں انٹرویو کے لیے نہیں بلایا گیا۔ کمیشن کا مؤقف تھا کہ ان کا اصل ڈومیسائل خیبرپختونخوا کا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر شمیلہ کے حق میں فیصلہ دیا، لیکن ایف پی ایس سی نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔ سپریم کورٹ نے ایف پی ایس سی کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شادی شدہ خواتین کو یہ قانونی اختیار حاصل ہے کہ وہ اپنے شوہر کا ڈومیسائل اپنا سکیں اور یہ تبدیلی ترقی کے حق پر اثر انداز نہیں ہوگی۔ عدالت نے حکم دیا کہ متعلقہ پوسٹ پر ان کا کیس 15 دن کے اندر نمٹایا جائے۔