15 اگست 2025

رپورٹ کلیم اللہ


حبیب جالب کے یہ اشعار واہگہ بارڈر کے عین زیرو پوائنٹ پر 14 اور 15 اگست کی درمیانی شب اس وقت گائے جا رہے ہیں جب پاکستان نے یومِ آزادی جوش و خروش سے منایا، جبکہ بھارت آج یومِ آزادی منا رہا ہے۔ پاک–بھارت دوستی کے حق میں یہ نعرے لگا کر اور شمعیں جلا کر دونوں ملکوں کے درمیان جنگوں کی بجائے امن کا پیغام دینے پر زور دیا جا رہا ہے۔

امن کا پیغام عام کرنے کے لیے، ہر سال کی طرح اس سال بھی یہ ایونٹ ساوتھ ایشیا فری میڈیا ایسوسی ایشن (سیفما) کی جانب سے منعقد کیا گیا، جہاں شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں “جنگ نہیں امن”، “مذاکرات شروع کرو”، “Create South Asian Economic Union” اور “Don’t Weaponize Water” جیسے مطالبات کے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔

اس ایونٹ میں مختلف سماجی کارکنوں، صحافیوں اور شاعروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر معروف صحافی و تجزیہ کار امتیاز عالم نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ جنگ کے بعد ہمارے سفارتی تعلقات تقریباً مکمل طور پر ختم ہو چکے ہیں، جو بحال ہونے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کی جنگ تباہ کن ہوگی، اس لیے امن کا راستہ اختیار کرنا چاہیے، جس میں دونوں ملکوں اور عوام کی بھلائی ہے۔

کینڈل وِجِل کے نام سے اس ایونٹ میں شرکاء کی جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ دونوں ملکوں کے لوگوں کے لیے ویزوں میں آسانی پیدا کی جائے تاکہ عوام کے درمیان رابطے قائم ہو سکیں اور باہمی تجارت سے اس خطے میں امن قائم ہو۔

اس ایونٹ میں شامل سماجی و سیاسی رہنما فاروق طارق کا کہنا تھا کہ آج ہمارا اور کل بھارت کا یومِ آزادی تھا، لیکن حقیقی آزادی ہمیں نہیں ملی کیونکہ دونوں طرف عوام بھوکی ہے۔

مقررین کی جانب سے جنگ کے خلاف اور امن کے حق میں شاعری بھی پیش کی گئی۔ معروف شاعر و ادیب بابا نجمی، جن کا مجسمہ بھارتی پنجاب میں کئی جگہوں پر نصب ہے، نے اپنی شاعری کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان جنگ کے نقصانات کا اظہار کیا۔

اس تقریب میں خواتین نے بھی بھرپور شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے واہگہ بارڈر کے زیرو پوائنٹ سے چلتے ہوئے اور گیت گاتے ہوئے بھارتی عوام سے اظہارِ یکجہتی کا “امن واک” بھی کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here