۴ آگست ۲۰۲۵
تحریر : اعتزاز ابراہیم
لاہور
کوئٹہ کے علاقے سریاب کلی بنگلزئی میں زیر تعمیر گھر سے ۳۰ جولائی کو ملنے والی دو کمسن بہنوں کی بوری بند لاشوں کا معمہ حل ہو گیا۔ پولیس کے مطابق قتل کا اعتراف خود بچیوں کی ماں نے کر لیا ہے۔ سیریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ نے ملزمہ کو باقاعدہ گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے جاری بیان کے مطابق، 30 جولائی کو کلی بنگلزئی میں واقع ایک زیر تعمیر مکان کے کچن سے تین سالہ میرب بی بی اور پانچ سالہ یسریٰ دختر سیدھیر خان کی لاشیں بوریوں میں بند حالت میں برآمد ہوئی تھیں۔ دونوں بچیاں اپنی والدہ کے ہمراہ نانا کے گھر میں رہائش پذیر تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچیوں کے والدین کی شادی سات سال قبل ہوئی تھی تاہم گھریلو ناچاقی کے باعث دو سال قبل علیحدگی ہو گئی۔ خاندانی فیصلے کے مطابق بچیاں والدہ کے پاس رہیں گی اور ہفتے میں ایک دن والد سے ملاقات کے لیے جا سکیں گی۔
ابتدائی طور پر والدہ رخسانہ بی بی نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ بچیوں کو ان کا چھوٹا چچا شادی کے بہانے لے گیا تھا، لیکن وہ چار دن گزرنے کے باوجود واپس نہیں آئیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے کیس کو سیریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ کے سپرد کیا تھا۔ ایس ایس پی سیریس کرائم ونگ کی نگرانی میں ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے بچیوں کے والد سیدھیر خان اور والدہ رخسانہ بی بی کو شاملِ تفتیش کیا۔
تفتیش کے دوران والد نے بتایا کہ 27 جولائی کو بچیوں کو والدہ کے پاس واپس بھیج دیا گیا تھا۔ مسلسل چار روز کی تفتیش کے بعد گزشتہ شب والدہ رخسانہ بی بی نے دورانِ تفتیش اعتراف جرم کر لیا۔
پولیس کے جاری بیان کے مطابق ملزمہ نے بیان دیا کہ، ’’28 جولائی کو میں بچیوں کو نہلا رہی تھی، اسی دوران فون بجا، میں فون سننے کے لیے گئی، واپس آئی تو میری چھوٹی بیٹی میرب بی بی پانی کے ٹب میں گر چکی تھی اور دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئی۔ خوف کے باعث میں نے بڑی بیٹی یسریٰ کو بھی پانی میں ڈال کر سانس بند کر کے قتل کر دیا۔ بعد ازاں دونوں کی لاشیں بوریوں میں ڈال کر ایک زیر تعمیر مکان کے کچن میں رکھ دیں‘‘۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کو باقاعدہ گرفتار کر لیا گیا ہے اور سیریس کرائم انوسٹیگیشن ونگ مزید تفتیش کر رہا ہے۔ کیس میں مزید اہم انکشافات اور ممکنہ گرفتاریاں متوقع ہیں۔
یاد رہے کہ واقعہ مناظر عام پر آنے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوٹس لیا تھا اور اس پر شدید افسوس کا اظہار کیا تھا۔