08 اگست 2025
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
ضلع مظفرگڑھ کے نواحی علاقے روہیلانوالی میں بولنے اور سننے کی صلاحیت سے محروم ایک کمسن لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس نے مقدمے میں نامزد دونوں ملزمان باپ بیٹے کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ کی ایف آئی آر متاثرہ لڑکی کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ روہیلانوالی میں درج کی گئی۔ مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 376 (زیادتی) اور دفعہ 109 (اعانتِ جرم) کے تحت درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق متاثرہ لڑکی کی عمر 17 سے 18 سال کے درمیان ہے، جو پیدائشی طور پر بولنے کی صلاحیت سے محروم اور دماغی طور پر بھی کمزور ہے۔ مدعی نے بیان میں کہا کہ 4 اگست کی شام تقریباً مغرب کے وقت اس کی بہن گھر سے باہر کھیتوں میں گئی تھی، جہاں ملزم رمضان نے مبینہ طور پر اسے پکڑ کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ایف آئی آر کے مطابق واقعہ کے دوران دو محلے دار وہاں سے گزرے جنہوں نے ملزم رمضان کو لڑکی کے ساتھ زیادتی کرتے ہوئے دیکھا۔ انہوں نے فوراً ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی، لیکن ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
مدعی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اس واقعہ کے پیچھے پرانی دشمنی موجود ہے۔ اس کے مطابق، کچھ دن قبل ملزم رمضان کے والد مشتاق سے ان کا جھگڑا ہوا تھا۔ مدعی کے الزام کے مطابق، اسی دشمنی کا بدلہ لینے کے لیے ملزم رمضان کے والد نے اپنے بیٹے کو متاثرہ لڑکی کے ساتھ زیادتی کرنے پر اُکسایا۔ مدعی نے یہ الزام بھی لگایا کہ یہ واقعہ پہلے سے منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا تاکہ اہل خانہ کی عزت کو نقصان پہنچایا جا سکے۔
پاکستان میں صنفی بنیاد پر تشدد کے رجحانات انتہائی تشویشناک ہیں۔غیر سرکاری تنظیم سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کی سالانہ رپورٹ 2024 کے مطابق سال 2024 میں ملک بھر میں 32,617 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں 5,339 ریپ، 24,439 اغواء/حملہ، 2,238 گھریلو تشدد اور 547 عزت کے نام پر قتل شامل تھے ۔ روزانہ کی بنیاد پر 67 اغواء، 19 ریپ اور 6 گھریلو تشدد کے واقعات ہوئے ۔
تاہم، سزا یافتگی کی شرح نہایت کم ہے۔ ریپ اور غیرت کے نام پر قتل دونوں میں صرف 0.5 فیصد، اغواء میں 0.1 فیصد، اور گھریلو تشدد میں 1.3 فیصد کیسز میں ہی ملزموں کو سزا دی گئی۔