30 اگست 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: آج 30 اگست کو دنیا بھر میں جبری گمشدگیوں کے خلاف عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مختلف ممالک میں انسانی حقوق کی تنظیمیں احتجاجی مظاہرے اور تقریبات منعقد کر رہی ہیں۔
پاکستان میں بھی لاپتہ افراد کے لواحقین اسلام آباد پریس کلب کے باہر کئی ہفتوں سے دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ان کے پیاروں کو بازیاب کیا جائے اور جبری گمشدگیوں کے سلسلے کو فی الفور بند کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی جرم کیا ہے تو لاپتہ افراد کو عدالتوں میں پیش کیا جائے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
دھرنے میں شریک بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کی رہنما ڈاکٹر مہارنگ بلوچ کی بہن نادیہ بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ دنیا یہ دن سال میں ایک بار مناتی ہے، لیکن انہیں جبری گمشدگیوں کے خلاف روز لڑنا پڑتا ہے، کئی چالیس دن سے زیادہ ہوگئے لیکن حکومت کی جانب سے ابھی کوئی بات چیت کرنے نہیں آیا۔
احتجاج میں کئی خاندان میلوں کا سفر طے کرکے اسلام اباد اسی امید سے اس احتجاج میں شریک ہیں کہ حکومت وقت ان کی بات سنے گی اور ان کے پیاروں کی بازیابی ممکن بنائے گی۔ اسی طرح اپنے چچا کی بازیابی کے لیے احتجاج میں شریک مہازیب بلوچ نے کہا کہ جبری گمشدگیوں کے کیسز دن بدن بڑھ رہے ہیں اور وہ ہر فورم پر فریاد لے کر جاتے ہیں لیکن کہیں شنوائی نہیں ہوتی۔
اسی طرح تین ماہ سے لاپتہ اپنے بھائی کے لیے احتجاج کرنے والی نسیبا بلوچ کی کہانی بھی باکیوں سے مختلف نہیں، انہوں نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بھائی کی گمشدگی اس نے شکایت درج کرائی تھی لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
سات سال سے اپنے دو بھائیوں کی بازیابی کے لیے احتجاج کرنے والی ساہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت نے مسنگ پرسنز کے معاملے پر کئی کمیشن تو قائم کیے، مگر ان سے کوئی مؤثر نتیجہ سامنے نہیں آیا۔
یاد رہے کہ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیمیں اس مسئلے پر بارہا آواز اٹھا چکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جبری گمشدگیاں آئین اور قانون کے منافی ہیں اور حکومت کو فوری اور مؤثر اقدامات اٹھانے چاہئیں تاکہ یہ سلسلہ ختم ہو سکے۔
کمیشن آف انکوائری آن انفورسڈ ڈس اپیئرنسز (COIOED) کی تازہ رپورٹس کے مطابق سال 2024 کے دوران 379 نئے کیسز سامنے آئے، جبکہ سال کے اختتام تک مجموعی طور پر 10 ہزار 467 کیسز کمیشن میں جمع ہوچکے تھے۔
کمیشن نے بتایا کہ اب تک 8 ہزار 216 کیسز نمٹائے جا چکے ہیں جن میں سے 6 ہزار 599 افراد کو ٹریس کیا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق 4 ہزار 613 افراد گھروں کو واپس آئے، ایک ہزار 11 انٹرنمنٹ سینٹرز میں، 687 جیلوں میں اور 288 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق جنوری تا جون 2025 میں 125 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ 10 ہزار 592 کیسز مجموعی طور پر کمیشن کو موصول ہوچکے ہیں۔ ان میں سے 6 ہزار 786 افراد کو ٹریس کیا گیا ہے۔ اب تک 4 ہزار 771 افراد گھروں کو واپس آئے، ایک ہزار 17 انٹرنمنٹ سینٹرز اور 705 افراد جیلوں میں پائے گئے جبکہ 293 افراد کی لاشیں بھی ملی ہیں۔
صوبائی لحاظ سے خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثرہ خطہ ہے جہاں 3 ہزار 622 کیسز رپورٹ ہوئے، اس کے بعد بلوچستان میں 2 ہزار 885، سندھ میں 1 ہزار 847، پنجاب میں 1 ہزار 752، اسلام آباد میں 405، آزاد کشمیر میں 71 اور گلگت بلتستان میں 10 کیسز سامنے آئے۔
وفاقی حکومت نے اگست 2025 میں گمشدہ افراد کے اہل خانہ کو قانونی معاونت فراہم کرنے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی۔ یہ کمیٹی نادرا سے شناختی کارڈ اور دیگر قانونی مسائل حل کرنے میں متاثرہ خاندانوں کی رہنمائی کرے گی۔ اہل خانہ اپنی شکایات بذریعہ ای میل، واٹس ایپ یا براہ راست اسلام آباد میں کمیشن کے دفتر جا کر جمع کرا سکتے ہیں۔
اس سے قبل حکومت نے گمشدہ افراد کے اہل خانہ کے لیے فی خاندان 50 لاکھ روپے کے مالی و قانونی امدادی پیکج کا بھی اعلان کیا تھا.