۶ آگست ۲۰۲۵

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کو دو سال مکمل ہونے پر پارٹی کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔ احتجاج میں پارٹی قیادت، اراکینِ اسمبلی، وکلاء اور کارکنوں نے شرکت کی، جب کہ پولیس نے مختلف شہروں سے متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں لیا، جن میں سے کئی کو بعد ازاں رہا کر دیا گیا۔

لاہور میں ریلیاں، متعدد گرفتاریاں

لاہور میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے، تاہم کسی ایک مرکزی مقام پر کارکنوں کو اکٹھا کرنے کی بجائے، قیادت نے اراکین اسمبلی اور رہنماؤں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں احتجاج کریں۔

گلبرگ میں شوکت بسرا، کینال روڈ پر حافظ ذیشان رشید اور جاتی امرا میں عالیہ حمزہ نے ریلیوں کی قیادت کی۔ ایوانِ عدل میں وکلا نے احتجاج کیا اور کچھ دیر کے لیے سڑک بلاک کی، تاہم ہائیکورٹ کی جانب مارچ کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔

پولیس نے پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی، پی ٹی آئی رہنما ریحانہ ڈار اور دیگر کئی اراکین کو حراست میں لیا، تاہم بعد ازاں ان رہنماؤں کو رہا کر دیا گیا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ لاہور سے تقریباً 300 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا جن میں سے متعدد تاحال حراست میں ہیں۔

دیگر شہروں میں مظاہرے

قصور، کمیالیہ، اوکاڑہ، ساہیوال اور دیگر شہروں میں بھی کارکنوں نے پارٹی پرچم اور پلے کارڈز اٹھا کر احتجاجی ریلیاں نکالیں۔ ان احتجاجی سرگرمیوں کے دوران سیکیورٹی اداروں کی جانب سے سخت نگرانی اور حفاظتی اقدامات کیے گئے۔

اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کی کال

پی ٹی آئی کی جانب سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کی بھی کال دی گئی تھی، جہاں عمران خان قید ہیں۔ تاہم پولیس نے سخت سیکیورٹی کے تحت جیل جانے والے راستے سیل کر دیے اور پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو مختلف مقامات پر روک دیا۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی، پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ، شاندانہ گلزار، نسیم علی شاہ، ساجد خان، ڈاکٹر ہمایوں اور عمران خان کی تینوں بہنوں کو جیل جانے سے روکا گیا۔

خیبر پختونخوا میں احتجاجی ریلیاں

خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پشاور میں، مرکزی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بونیر میں، جب کہ صوبائی صدر جنید اکبر نے چکدرہ میں ریلیوں کی قیادت کی۔ انبار انٹرچینج پر اسد قیصر، عاطف خان اور شہرام ترکئی نے بھی احتجاج میں شرکت کی۔ اپر اور لوئر چترال میں ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی ثریا بی بی نے ریلیوں کی قیادت کی۔

الیکشن کمیشن نے 9 ارکان کو نااہل قرار دے دیا

ادھر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نو مئی کے مقدمات میں سزا یافتہ نو ارکانِ پارلیمنٹ کو نااہل قرار دے دیا۔ نااہل ہونے والوں میں سینیٹ میں قائد حزبِ اختلاف شبلی فراز، قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف عمر ایوب، سنی تحریک کے سربراہ حامد رضا، رائے حیدر، رائے حسن، رائے مرتضیٰ، زرتاج گل، انصر اقبال اور جنید افضل شامل ہیں۔

منگل کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، ان تمام ارکان کو ڈی سیٹ کر دیا گیا ہے اور ان کی سینیٹ اور قومی اسمبلی کی نشستیں خالی قرار دے دی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ توشہ خانہ کیس میں تین سال قید کی سزا پانے کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان کو 5 اگست 2023 کو لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here