02 اگست 2025

رپورٹ: بلال یاسر


قبائلی ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند میں حالیہ آپریشن اور کشیدگی کے باعث پانچویں روز بھی مقامی آبادی کی نقل مکانی جاری ہے۔ متاثرہ علاقوں سے سینکڑوں خاندان محفوظ مقامات کی جانب روانہ ہو رہے ہیں جبکہ امدادی کیمپوں میں رجسٹریشن کا عمل بھی جاری ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن کے رضا کاروں کے مطابق اب تک پانچ سو سے زائد خاندانوں کی رجسٹریشن کی جا چکی ہے تاہم غیررجسٹرڈ متاثرین کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔ ایک رضا کار نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے بتایا،

“ہمارے رضا کار متاثرین کی مدد کے لیے موجود ہیں، ہم انہیں کھانے پینے، رہائش اور ادویات کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ پانچ سو افراد کی رجسٹریشن کی گئی ہے جبکہ پانچ سو سے زائد افراد بغیر رجسٹریشن کے چلے گئے کیونکہ ان کو یہ شک تھا کہ ہم حکومتی اہلکار ہیں۔”

مقامی آبادی نے فوجی آپریشن پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں اپنے علاقوں سے بے دخل نہ کیا جائے اور امن کے قیام کے لیے متبادل راستے اپنائے جائیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں کئی ماہ سے بدامنی کے باعث وہ شدید خوف میں مبتلا ہیں۔ پہلے کرفیو کا نفاذ کیا گیا اور بعدازاں نیٹ ورک بندش کی گئی، جس کے باعث لوگوں کو اپنا علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔

آپریشن زدہ علاقے کلان ماموند سے تعلق رکھنے والے ایک رہائشی عمر سعید ماموند نے بتایا،

“یہاں جو بدامنی پھیلی ہوئی ہے وہ دو فریقوں کے درمیان ہے جس سے ہمیں بھاری نقصان ہوا۔ دو دن قبل ایک توپ کا گولا ہمارے گھر پر آ گرا، جس سے مالی نقصان ہوا اور ہمارا 120 سالہ بزرگ زخمی ہوا۔ ہم دونوں فریقوں سے چاہتے ہیں کہ صلح ہو جائے۔ ہم اپنے بچوں کی حفاظت کے لیے ہجرت کر رہے ہیں۔”

علاقے میں قیامِ امن کے لیے مقامی سطح پر جرگہ تشکیل دیا گیا ہے، جس نے پہلے سرکاری حکام اور پھر عسکریت پسندوں سے ملاقات کی ہے۔ جرگے نے عسکریت پسندوں سے امن قائم رکھنے میں تعاون کی اپیل کی ہے۔

تحصیل ماموند کے رہائشی گل سبحان نے وائس پی کے سے گفتگو میں مطالبہ کیا کہ باجوڑ کے اندر ہی آئی ڈی پیز کے کیمپس قائم کیے جائیں تاکہ متاثرین کو پنجاب یا سندھ کی طرف نہ جانا پڑے، جس سے ان پر مالی بوجھ بڑھتا ہے۔

واضح رہے کہ 29 جولائی کو علی الصبح تحصیل لوئی ماموند کے 16 دیہات میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کیا گیا تھا جس کے بعد عسکریت پسندوں کے خلاف فضائی اور زمینی آپریشن شروع کیا گیا۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق اس کارروائی میں 16 افراد زخمی جبکہ تین افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here