19 اگست 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی چار خواتین صحافیوں کے خلاف الیکٹرانک کرائم ایکٹ (پیکا) کے تحت مقدمات درج کر لیے ہیں۔
مقدمہ نیر علی، سحرش قریشی، مائرہ عمران اور شکیلہ جلیل کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ یہ چاروں صحافی پریس کلب کی ویمن کمیٹی کا حصہ تھیں، جس نے چند روز قبل ایک ہراسانی کیس میں کارروائی کرتے ہوئے دونوں فریقین کو قصوروار قرار دیا تھا۔
متاثرہ خاتون رکن کے سابق شوہر ناصر خٹک نے کمیٹی کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے ایف آئی اے میں درخواست دائر کی۔ ان کا الزام ہے کہ کمیٹی کی رکن خواتین ان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلا رہی ہیں اور ان کی ذاتی زندگی سے متعلق الزامات لگا کر ان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا۔ اسی شکایت پر ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر لیا۔
نیشنل پریس کلب کی سیکریٹری نایر علی کا کہنا ہے کہ درخواست میں جس سوشل میڈیا گروپ کا ذکر کیا گیا ہے وہ دراصل کمیٹی کا آفیشل پلیٹ فارم ہے، جہاں ہراسانی کیسز پر کارروائی کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق گروپ میں ایسا کوئی مواد موجود نہیں جس پر پیکا کے تحت کارروائی کی جا سکے۔
ویمن جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی بانی فوزیہ کلثوم رانا نے اس کارروائی کو خواتین صحافیوں کو دبانے کی کوشش قرار دیا۔ ان کے بقول خواتین پہلے ہی میدانِ صحافت میں مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں اور اب ان پر مقدمات بنا کر مزید ہراسانی کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب ایف آئی اے کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ مقدمہ کسی صحافی کو ٹارگٹ کرنے کے لیے درج نہیں کیا گیا بلکہ ایک عام شہری کی درخواست پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ان کے مطابق چونکہ معاملہ سائبر ہراسمنٹ سے متعلق تھا، اس لیے اسے سائبر ونگ میں درج کیا گیا، ورنہ کارروائی کسی عام تھانے میں ہوتی۔