19 اگست 2025

راشد لغاری


حیدرآباد:

سانگھڑ شہر کے نجی ہوٹل کی کار پارکنگ سے 16 اور 17 اگست کی درمیانی شب ایک کار کی ڈرائیونگ سیٹ پر صحافی خاور حسین کی لاش ملی۔ خاور حسین کراچی سے تعلق رکھتے تھے اور ڈان ٹی وی میں رپورٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔

اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی سانگھڑ عابد بلوچ موقع پر پہنچے اور لاش کو سول اسپتال سانگھڑ منتقل کیا گیا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو حیدرآباد کے سول اسپتال کے سرد خانے میں رکھا گیا۔ تاہم بجلی کی بندش کے باعث لاش کو لطیف آباد کے حلال احمر اسپتال منتقل کیا گیا۔

تحقیقات اور پوسٹ مارٹم

ابتدائی پوسٹ مارٹم کے بعد صحافی کے والدین، جو امریکہ میں مقیم ہیں، پاکستان پہنچے اور پولیس و محکمہ صحت سے مزید پوسٹ مارٹم کا مطالبہ کیا۔ جس پر تین میڈیکو لیگل ڈاکٹروں نے چار گھنٹے طویل دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق خاور حسین کو سر میں ایک گولی لگی تھی جس سے ان کی موت واقع ہوئی، تاہم جسم پر تشدد کے کوئی نشانات نہیں ملے۔ سندھ حکومت کی ہدایت پر تین رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا جس نے مزید پانچ سیمپلز حاصل کر لیے ہیں۔ حتمی رائے مکمل رپورٹ کے بعد دی جائے گی۔

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی

واقعے کی تحقیقات کے لیے سندھ حکومت نے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی بھی قائم کی ہے، جس میں ڈی آئی جی نوابشاہ بھی شامل ہیں۔ کمیٹی کے ارکان نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ آزاد خان نے بتایا کہ گاڑی سے ملنے والا خول خاور حسین کے اپنے پستول کا ہے، تاہم ان کا موبائل فون ری سیٹ اور ایک سم کارڈ غائب ہے۔

پولیس حکام کے مطابق اب تک کے شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج یہی ظاہر کرتے ہیں کہ خاور حسین نے اپنے ہی لائسنس یافتہ پستول سے خود کو گولی ماری۔ فوٹیج میں وہ ریسٹورینٹ میں آتے جاتے اور گاڑی میں بیٹھتے نظر آتے ہیں۔ پولیس نے فنگر پرنٹس اور دیگر شواہد بھی تحویل میں لے لیے ہیں۔

خاندان اور صحافتی حلقوں کا مؤقف

خاور حسین کے والد رحمت باجوہ نے بیٹے کی موت کو قتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا بیٹا ہرگز خودکشی نہیں کر سکتا۔ خاور حسین کی موت کی خبر نے صحافتی حلقوں میں شدید اضطراب پیدا کر دیا۔ سندھ کمیشن برائے تحفظِ صحافیوں کے چیئرمین اعجاز احمد میمن نے بھی ایس ایس پی سانگھڑ سے رپورٹ طلب کر لی ہے

خاور حسین کی نماز جنازہ سانگھڑ میں ادا کی گئی جس میں صحافیوں، شہریوں، رشتہ داروں، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہیں آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here