02 ستمبر 2025
تحریر
عامر باجوئی
خضدار:
بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے کوشک میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جب ایک سترہ سالہ لڑکی کو چھ افراد نے کالی گاڑی میں زبردستی اغواء کر کے لے گئے۔ بچوں کے درمیان لڑائی کے بدلے میں ان ملزمان نے اس نابالغ لڑکی کو اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
جنسی زیادتی کا شکار ہونے والی لڑکی کو دوپہر 12 بجے کے قریب اغواء کر کے نامعلوم مقام پر لے جایا گیا جہاں اسے نشہ دے کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ملزمان نے چھ گھنٹے بعد لڑکی کو ایک سنسان گلی میں بے ہوشی کی حالت میں پھینک کر فرار ہو گئے۔
متاثرہ لڑکی نے وائس پی کے کے نمائندے سے گفتگو میں کہا، “میں اپنی بہن کے ساتھ گھر سے درزی کی طرف نکلی تھی۔ جب ہم گھر سے کچھ فاصلے پر پہنچے تو سیاہ رنگ کی گاڑی آ کر ہمارے قریب رک گئی اور انہوں نے مجھے زبردستی گاڑی میں گھسیٹا۔ گاڑی میں سوار چھ افراد نے مجھے زبردستی قابو میں کیا۔ اس دوران میں نے مزاحمت کی جس میں ایک ملزم کا چہرہ میں نے دیکھا جو کہ ہمارا ایک پڑوسی نوجوان ہے۔”
متاثرہ لڑکی نے مزید بتایا، “اغواء کاروں نے مجھے نامعلوم سنسان جگہ پر لے جا کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ وہاں پر میں نے کافی مزاحمت کی اور ان حملوں سے زخمی ہوئی۔ پھر انہوں نے مجھے نشہ آور انجکشن لگایا جس سے میں بے ہوش ہو گئی۔ اس دوران انہوں نے اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔”
“چھ گھنٹے بعد مجھے بے ہوشی کی حالت میں کسی گلی میں پھینکا گیا۔ جب میں نے مکمل ہوش سنبھالا تو میں نے خود کو ہسپتال میں پایا۔ اس وقت میرے جسم پر کافی زخموں کے نشانات ہیں۔ ظالموں نے میری زندگی تباہ کر دی ہے۔ میں اب کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہی۔ میں حکام بالا سے درخواست کرتی ہوں کہ مجھے انصاف فراہم کریں ورنہ میں خود کشی کر لوں گی۔”
خضدار کے علاقے کوشک میں کرائے کے مکان میں رہنے والے متاثرہ لڑکی کا خاندان انتہائی غربت کا شکار ہے۔ ان کے بھائی اور والدہ محنت مزدوری کر کے اپنا گزر بسر کرتے ہیں جبکہ اس محلے میں ان کا کوئی رشتہ دار بھی نہیں ہے۔
متاثرہ لڑکی کی والدہ سکینہ نے وائس پی کے سے گفتگو میں روتے ہوئے کہا، “میری پاک دامن اور غیر شادی شدہ بیٹی کو ظالموں نے اغواء کیا ہے۔ میں ایک غریب ہوں۔ حکومت اور سرداروں سے گزارش ہے کہ ہمیں انصاف فراہم کریں۔ مجھے صرف انصاف چاہیے۔ جب میرا شوہر فوت ہوا تو میرے بچے چھوٹے تھے۔ میں نے محنت کی اور جب اس سے بھی گزارہ نہ ہوا تو میں نے اپنوں سے بھیک مانگ کر اپنے بچوں کو بڑا کیا۔ اب ان ظالموں نے میری تنگدستی اور بے سہارا ہونے کا فائدہ اٹھایا اور میری بیٹی کے ساتھ ظلم کیا۔”
اغواء کی عینی شاہد، متاثرہ لڑکی کی بہن زمرد نے بتایا، “گھر سے جیسے ہی نکلے، زیادہ دور نہیں گئے تھے کہ ایک سیاہ رنگ کی گاڑی آئی اور گھسیٹ کر میری بہن کو لے کر چلی گئی۔ اس دوران میں نے آواز لگائی لیکن کوئی سننے والا نہیں تھا۔ میں بھاگ کر گھر آئی اور اپنی بہن کے اغواء کے بارے میں اپنی امی کو بتایا۔ ہم غریب ہیں، میرے ابو دس سال قبل فوت ہو گئے ہیں۔ کسی کے ساتھ ہماری کوئی دشمنی نہیں ہے۔”
اغواء کے دوران متاثرہ لڑکی نے جس ملزم کی شناخت کی ہے، وہ ان کے ساتھ والے گھر میں رہتا ہے۔ متاثرہ لڑکی نے گذشتہ روز اپنے خاندان کے ہمراہ خضدار پریس کلب میں پریس کانفرنس بھی کی تھی اور خود کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا تھا۔ اس دوران ان کی والدہ نے ہاتھ میں قرآن پاک لے کر انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
متاثرہ لڑکی کے بھائی گہور خان نے بتایا تھا کہ ہمسائیوں کے ساتھ بچوں کے معاملے پر چھوٹا سا تنازعہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ہمسائیوں نے ہمیں وقتاً فوقتاً دھمکی بھی دی تھی کہ ہم تمہیں عبرت کا نشانہ بنائیں گے۔
پولیس نے متاثرہ لڑکی کے بھائی گہور خان کی مدعیت میں دفعہ 365، 148، 149 کے تحت مقدمہ درج کر کے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ واقعے کے دوسرے دن ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس دوران لڑکی نے اپنا بیان بھی عدالت میں قلم بند کرایا جبکہ خضدار پولیس دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کر رہی ہے۔
خضدار سٹی پولیس تھانے کے ایس ایچ او عبداللہ پندرانی نے وائس پی کے کو بتایا، “واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ واقعے کے قریب سے اغواء میں استعمال ہونے والی گاڑی بمعہ مالک تحویل میں لی گئی ہے۔ چار ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ ڈاکٹرز کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق لڑکی سے اجتماعی جنسی زیادتی ہوئی ہے۔ ملزمان کے نمونے لے لیے گئے ہیں اور ڈی این اے میچ کے لیے لاہور بھیج دیے گئے ہیں۔”
خضدار میں لڑکی کے اغواء کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل اسماء بی بی کو بھی اغواء کیا گیا تھا جس کے لیے قومی شاہراہ پر طویل احتجاج کے بعد بااثر اغواء کاروں نے خاتون کو چھوڑ دیا تھا۔ خواتین سے زیادتی کے حوالے سے بلوچستان سے آئے دن زیادہ رپورٹس سامنے آ رہی ہیں۔ حال ہی میں کوئٹہ کے ڈیگاری کے مقام پر جرگے کے فیصلے پر درجنوں افراد کے سامنے فائرنگ کر کے قتل کیا گیا جبکہ بدھ کے روز دو مختلف واقعات میں دو خواتین سمیت چار افراد کو قتل کیا گیا ہے۔