01 ستمبر 2025

تحریر

شوکت کورائی


کراچی: لاپتا افراد کے عالمی دن کے موقع پر کراچی پریس کلب کے باہر مسنگ پرسن کے اہل خانہ، انسانی حقوق کے کارکنان سمیت سماجی اور سیاسی کارکنان نے احتجاج کیا اور لاپتا افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے شرکا نے لاپتا افراد کے پورٹریٹ اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ لاپتا افراد کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے، اور اگر ان کے خلاف کوئی مقدمہ ہے تو انھیں عدالتوں میں پیش کیا جائے۔

لیاری سے 17 جنوری 2025 کو لاپتا ہونے والے نوجوان زاہد بلوچ کی والدہ اور ان کے بہن بھائی گذشتہ ایک ماہ سے کراچی پریس کلب کے باہر ان کی بازیابی کے لیے مسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔ ان کی والدہ جان بی بی نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا بیٹا رکشا چلاتا تھا۔ اسی روز وہ رکشا لے کر گھر گئے تھے لیکن واپس نہیں آئے۔ شام کے وقت چھ بجے کے قریب انھوں نے والد کو فون کر کے بتایا کہ انھیں ایجنسیوں نے اٹھا لیا ہے۔ پھر کچھ دیر بعد ایک اور فون آیا جس میں کہا گیا کہ ان کا بیٹا چند روز بعد واپس آ جائے گا اور آپ کو شور نہیں کرنا چاہیے۔ اب زاہد کو لاپتا ہوئے 42 روز گذر چکے ہیں، تاحال ان کا بیٹا واپس نہیں آیا۔

احتجاج میں سندھ کے مختلف علاقوں سے لاپتا شہریوں کے اہل خانہ شریک تھے۔ اس موقع پر چھ ماہ سے لاپتا سرفراز بلوچ کی بہن شاہدہ نے بتایا کہ سرفراز بلوچ کو فروری میں اٹھایا گیا تھا۔ وہ مزدوری کرتے تھے جس سے ان کا گھر چلتا تھا اور والدین کی بھی کفالت کرتے تھے۔ انھیں فون کر کے کہا گیا تھا کہ وہ خاموش رہیں، سرفراز کو واپس بھیج دیا جائے گا، لیکن ان کی جبری گمشدگی کو چھ ماہ کا وقت گذر چکا ہے، تاحال وہ واپس نہیں آئے۔ ان کے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے کیونکہ ان کی کوئی سنوائی نہیں ہو رہی۔ “ہماری ماں، بھائی کی گمشدگی کے باعث بیمار ہے۔ ڈاکٹر بتاتے ہیں وہ شدید ڈپریشن کا شکار ہے، اس لیے وہ مسلسل بیمار رہتی ہیں۔ میری ماں رات بھر سرفراز کا انتظار کرتی رہتی ہے کہ وہ واپس آجائے گا، جب صبح سورج طلوع ہوتا ہے تو ان کی امید ختم ہو جاتی ہے۔”

حمیدہ بلوچ بھی اس احتجاج میں شریک تھیں۔ ان کے دو بھائی شیراز بلوچ اور سہیل بلوچ لاپتا ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ ان کے دونوں بھائی چار ماہ سے غائب ہیں، انھیں کوئی پتا نہیں کہ وہ کہاں ہیں۔ کوئی بتاتا بھی نہیں ہے اور نہ ہی کوئی انھیں امید دلاتا ہے۔ انھیں سمجھ بھی نہیں آ رہا کہ کس سے فریاد کریں۔

صورت لوہار، جو لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے سرگرم رہتی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ان کے والد کو بھی دو بار اٹھایا گیا تھا، جس کے بعد انھیں ٹارگٹ کر کے قتل کر دیا گیا۔ تاحال ان کے قاتل گرفتار نہیں ہوئے۔ “لاپتا افراد کو ادارے چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ جو مسنگ پرسن کے لیے کمیشن بنایا گیا ہے، وہ بھی روایتی کارروائی کر رہا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ وہ صرف اپنی تنخواہ وصول کر رہے ہیں۔” ان کا کہنا تھا کہ کئی سالوں سے لوگ اپنے پیاروں کو ڈھونڈتے پھر رہے ہیں لیکن کوئی بتانے کو تیار نہیں ہے۔

“اس وقت سندھ سے پچاس سے زیادہ افراد لاپتا ہیں۔ ہم ہر سال یہ احتجاج کرتے ہیں۔ اگر ادارے کام کرتے تو ہم یہاں احتجاج کے لیے کھڑے نہ ہوتے۔” پہلے سیاسی کارکنان کو اٹھایا جاتا تھا تو انھیں چند ماہ بعد جعلی پولیس مقابلے میں گرفتاری دکھائی جاتی تھی اور پھر ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کیے جاتے تھے، لیکن اب تو سالوں سے لوگ لاپتا ہیں اور ان کا کوئی پتا نہیں ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی ادارے اس ناانصافی کا نوٹس لیں۔ یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے کہ بغیر مقدمے کے لوگوں کو قید میں رکھا گیا ہے۔

مریم سندھی، جو لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے سرگرم کارکن ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ان کے بھائی بھی لاپتا ہو چکے تھے لیکن انھیں بعد میں رہا کر دیا گیا تھا۔ اب وہ ہر مسنگ پرسن کی آزادی کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں کیونکہ جس بہن کا بھائی اور ماں کا بیٹا لاپتا ہے، وہ ان کے درد کو جانتی ہیں۔ وہ خود بھی اس تکلیف سے گذر چکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ریاست اپنے ہی شہریوں کو غائب کر رہی ہے۔ اگر ان کے خلاف الزام ہے تو انھیں عدالتوں میں پیش کیا جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here