30 ستمبر 2025

تحریر فرحان طارق


مظفرآباد: پاکستان کے زیرِانتظام جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں کشیدگی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے دوران ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

انتیس ستمبر کی ہڑتال کا اعلان گزشتہ ہفتے اس وقت کیا گیا تھا جب عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہوگئے۔ کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ میں اشرافیہ کی مراعات کے خاتمے اور مہاجرین کے لیے مخصوص نشستوں کی منسوخی سمیت دیگر مطالبات شامل تھے۔

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کور ممبر شوکت نواز میر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: “ہمارا ایک ساتھی شہید ہوچکا ہے اور کئی زخمی ہیں، لیکن ہم پرامن ہیں۔ اگر حکمرانوں نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو مظفرآباد کو لال چوک بنانے کے لیے تیار ہیں۔”

رہنماؤں نے واضح کیا کہ یہ تحریک بنیادی سہولیات، معاشی انصاف اور عوامی حقوق کے لیے ہے، اور کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی۔

تصادم کا واقعہ نیلم پل کے قریب دوپہر کے بعد پیش آیا، جب مسلم کانفرنس کے رہنما راجہ ثاقب مجید کی قیادت میں نکالی گئی ‘امن ریلی’ احتجاجی مظاہرین سے ٹکرا گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق، مسلم کانفرنس کے کارکنان کی جانب سے مبینہ طور پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں حالات مزید کشیدہ ہوگئے۔

اتوار کی دوپہر سے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر معطل ہیں۔ ذرائع کے مطابق، یہ پابندی بدھ تک برقرار رہ سکتی ہے۔ شہریوں نے اس اقدام پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معلومات کی ترسیل مکمل طور پر رک گئی ہے۔ عوامی ایکشن کمیٹی نے رات گئے اعلان کیا کہ شہر کے تمام داخلی راستے بند کیے جائیں گے۔

شوکت نواز میر نے مزید الزام عائد کیا کہ پاکستان کا قومی میڈیا غلط بیانیوں کے ذریعے عوامی تحریک کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ رہنماؤں کے مطابق یہ تحریک عوامی بیداری کا ثمر ہے، جسے کسی بھی قسم کا جبر روک نہیں سکتا۔ مجموعی طور پر صورتحال اب بھی کشیدہ ہے اور عوام اپنے مطالبات پر ڈٹے ہوئے ہیں۔کمیٹی کے 38 نکات میں اشرافیہ کی مراعات کا خاتمہ، غیر ضروری اخراجات میں کمی، آٹا اور بجلی پر سبسڈی، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ، سستی صحت و تعلیم، روزگار، میرٹ پر بھرتیاں، اداروں میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ، وسائل پر عوام کا حق، زمینوں کی واگزاری، مزدوروں اور خواتین کے حقوق، انصاف کی فراہمی، پنشن کی بحالی، ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور طاقت کے غلط استعمال کے خلاف احتسابی نظام شامل ہیں۔ صورتحال بدستور کشیدہ ہے اور مظاہرین اپنے مطالبات پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here