18 ستمبر 2025
رپورٹ: اسلام گل آفریدی
پشاور: یہ اُنیس سالہ عدنان چوپان ہیں جو ہر صبح سویرے مزدوری کے لیے اینٹوں کے بھٹّے پر کام کے لئے جاتے ہیں۔ وہ افغانستان میں مکس مارشل آرٹس کے بہترین کھلاڑی تھے لیکن افغان طالبان کی جانب سے کھیلوں پر پابندی اور جان کے خطرے کے باعث وہ چار سال پہلے پاکستان آئےتاہم یہاں پر ان کو ایک نئی دنیا اور ایک نئی زندگی کا سامنا ہے کیونکہ اُنہوں نے کبھی یہ نہیں سوچاتھا کہ وہ اسپورٹس کے بجائے سخت محنت مزدوری کر کے گزر بسر کرنے پر مجبور ہوں گے۔
اُن کا کہنا ہے کہ وہ صبح ناشتے کے بعد بھٹے پر کام کےلئے جاتے ہیں۔ وہاں پر اینٹیں تیار کرتے ہیں اور خشک ہونے پر اُن کو جمع کردیتے ہیں۔ یہ کام حد سے زیادہ کٹھن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اپنے ملک میں انہوں نے کبھی یہ تصور بھی نہیں کیا تھا کہ ان کو یہ کام کرنا پڑے گا۔
سارا دن مزدوری کرنے کے بعد وہ شام کو ایک کباڑ خانے میں کام کے ساتھ ساتھ مارشل آرٹس کی تیاری بھی کرتے ہیں۔ یہاں کوئی سہولت موجود نہیں، لیکن کھیل سے بے پناہ محبت نے اُن کے لیے اس ماحول میں بھی کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی۔ ان کا کہنا ہے کہ “میں بغیر تیاری کے بھی کافی کھلاڑیوں سے بہتر کھیل سکتاہوں اور یہ اہلیت رکھتاہوں کہ سخت سے سخت مقابلہ کرسکوں۔”
عدنان نے افغانستان میں مختلف مقابلے جیت کر کئی میڈلز اور تعریفی اسناد حاصل کیں۔ وہ اپنے بہتر مستقبل کے لیے پُرامید تھے لیکن جلاوطنی نے سب کچھ تبدیل کردیا۔ باقاعدہ اکیڈمی کی رکنیت نہ ہونے کی وجہ سے عدنان کو پاکستان میں کھیلنے کے مواقع نہیں مل پا رہے۔ وہ مارشل آرٹس کے ساتھ ساتھ کشتی کے بھی بہترین کھلاڑی ہیں۔
افغانستان میں پندرہ میڈلز اور توصیفی اسناد حاصل کرنے والے عدنان چوہان خوست، پکتیا، لغمان اور ننگرہار صوبوں میں کھیل چکے ہیں۔ پاکستان میں ڈیرہ اسماعیل خان اور پنجاب میں بھی کھیلنے کے چند مواقع ملے مگر بہت کم۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے لیے کھیلوں میں حصہ لینے میں سب سے بڑی رکاوٹ مالی وسائل کی کمی ہے۔
چار سال پہلے اُنہوں نے عالمی ادارہ برائے مہاجرین کے ساتھ کسی تیسرے ملک میں منتقلی کے لیے اپنا اندراج کروایا تھا، لیکن طویل انتظار کے باوجود کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔ حال ہی میں پاکستان کی جانب سے مہاجرین کے انخلا کے اعلان نے عدنان کے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔اُنہوں نے بتایا کہ “یواین ایچ سی آر کے پاس دستاویزات جمع کروادی ہیں۔ ادارے سے اُمید ہے کہ ہمارے کیس پر غورکرینگے۔ ہم کافی عرصے سے جواب کے منتظر ہیں۔ ہمارے مالی اور دیگر مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ کوشش کریں کہ ہمارے کیس کو آگے بڑھائیں تاکہ ہمارا مزید وقت ضائع نہ ہو۔”
یو این ایچ سی آر کے مطابق کسی تیسرے ملک میں منتقلی کے لیے چوبیس ہزار سے زائد افراد انتظار کر رہے ہیں، لیکن مختلف مسائل کے باعث اُن کا کام سست روی کا شکار ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں ویزے کے بغیر مقیم افغان مہاجرین کے مسائل دن بدن بڑھ رہے ہیں۔ادارے کے مطابق اگست 2021کے بعد افغان طالبان کے خوف سے چھ لاکھ نئے افغان مہاجرین پاکستان آئے تھے جن میں بیرونی ممالک کے اداروں سے منسلک افغان شہری، سرکاری وکلاء، کھلاڑی، صحافی، موسیقار، خواجہ سراء، سماجی کارکنان کے ساتھ پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے سابق اہلکار بھی شامل ہیں۔