24 ستمبر 2025

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد: اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب کے باہر بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کے زیرِ انتظام بلوچ لاپتا افراد کا احتجاجی دھرنا گزشتہ 70 روز سے جاری ہے۔ اس طویل دھرنے میں بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے خاندان شریک ہیں جن میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل ہیں۔ مظاہرین اپنے لاپتا پیاروں کی تصاویر اٹھائے ان کی بازیابی کا مطالبہ کر رہے ہیں اور اس بات پر مصر ہیں کہ حکومت لاپتا افراد کے معاملے پر فوری اقدامات کرے۔

آج اس دھرنے میں ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے وفد نے شرکت کی۔ وفد میں تنظیم کی کو چیئرپرسن منیزے جہانگیر، سابق سینیٹر اور ایچ آر سی پی کے سینئر رکن فرحت اللہ بابر، سینئر سیاستدان اور انسانی حقوق کے کارکن افراسیاب خٹک، سینئر صحافی اور ایچ آر سی پی کے رکن ناصر زیدی، اور تنظیم کی سینئر رکن سعدیہ بخاری شامل تھیں۔ وفد نے دھرنے میں شریک بی وائی سی کے رہنماؤں اور مظاہرین سے ملاقات کی اور ان کے مطالبات سنے۔

ایچ آر سی پی کے وفد نے مظاہرین کو یہ تجویز دی کہ وہ طویل عرصے سے جاری اس احتجاج کو ختم کر کے اپنے گھروں کو واپس جائیں تاکہ ایک نئی حکمت عملی کے ساتھ تحریک کو دوبارہ منظم کیا جا سکے۔ وفد کا کہنا تھا کہ کمیشن نے دھرنے میں شریک مظاہرین کے تمام مطالبات نوٹ کر لیے ہیں۔ اس کے ساتھ یہ نکتہ بھی ریکارڈ پر لایا گیا کہ مظاہرین کے 70 دن سے جاری مسلسل احتجاج کے باوجود وفاقی حکومت نے ان کے ساتھ کوئی باضابطہ مذاکرات نہیں کیے۔ ایچ آر سی پی کے مطابق حکومت کا یہ رویہ انتہائی بے حسی کے مترادف ہے اور انسانی حقوق کے تقاضوں کے منافی ہے۔

ایچ آر سی پی کی کو چیئرپرسن منیزے جہانگیر نے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ احتجاج ایک باشعور جدوجہد ہے، جو کسی ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ رول آف لاء اور بنیادی انسانی حقوق کے لیے کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین کی ثابت قدمی یہ ظاہر کرتی ہے کہ وہ اپنے جائز حقوق کے لیے پُرامن انداز میں ڈٹے ہوئے ہیں اور ان کی آواز کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

سابق سینیٹر اور ایچ آر سی پی کے سینئر رکن فرحت اللہ بابر نے کہا کہ اس احتجاج نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ بلوچستان میں لاپتا افراد کا مسئلہ سنگین ہے اور اس سے آنکھیں چرانا ممکن نہیں۔ ان کے مطابق یہ مسئلہ محض چند خاندانوں کا نہیں بلکہ ایک وسیع انسانی حقوق کا بحران ہے جسے حل کرنے کے لیے ریاست کو سنجیدگی سے اقدامات کرنا ہوں گے۔

سینئر سیاستدان اور انسانی حقوق کے سرگرم کارکن افراسیاب خٹک نے دھرنے میں شریک خواتین اور بچوں کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے بچوں سے لے کر عمر رسیدہ خواتین نے جس ہمت کے ساتھ اس احتجاج کو جاری رکھا وہ خود ایک مثال ہے۔ ان کے مطابق یہ قربانیاں اس تحریک کو مزید مضبوط کرتی ہیں اور اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ لاپتا افراد کے مسئلے پر معاشرے کے ہرطبقے کو تشویش ہے۔

ایچ آر سی پی کے رکن اور سینئر صحافی ناصر زیدی نے کہا کہ احتجاج کے دوران پولیس کی جانب سے تشدد اور گرفتاریوں کی کوششیں بھی کی گئیں لیکن مظاہرین نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی جدوجہد جاری رکھی۔ انہوں نے کہا کہ اس عزم و استقلال نے پورے ملک کو یہ پیغام دیا ہے کہ بنیادی انسانی حقوق کے لیے پُرامن جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا۔

ایچ آر سی پی کی سینئر رکن سعدیہ بخاری نے کہا کہ سخت گرمی اور بارش کے باوجود ماؤں اور بیٹیوں نے احتجاج جاری رکھا، جس سے دوسرے لوگوں کو بھی ہمت ملی اور وہ بھی آواز بلند کرنے کے لیے سامنے آئے۔ ان کے مطابق یہ جدوجہد نہ صرف لاپتا افراد کے اہل خانہ کے لیے ہے بلکہ یہ پورے معاشرے کے حق میں ہے۔

بی وائی سی کی رہنما اور ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ کی بہن نادیہ بلوچ نے ایچ آر سی پی کے وفد کی آمد کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کی تجاویز کو دھرنے میں شریک خاندانوں کے ساتھ شیئر کیا جائے گا اور اس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔ نادیہ بلوچ کے مطابق دھرنے میں شریک خاندان اپنے پیاروں کی واپسی کی امید لیے بیٹھے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ گرفتار بی وائی سی رہنماؤں کو رہا کیا جائے اور لاپتا افراد کو بازیاب کرایا جائے۔

واضح رہے کہ یہ دھرنا گزشتہ 70 دن سے جاری ہے اور اس دوران مظاہرین نے بارہا اپنے مطالبات دہرا کر حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے کو حل کرے۔ تاہم اب تک حکومتی سطح پر کسی قسم کے باضابطہ مذاکرات نہ ہونے کے باعث مظاہرین میں مایوسی پائی جاتی ہے۔ ایچ آر سی پی کے وفد کی اس شرکت نے مظاہرین کو یقین دلایا ہے کہ ان کی جدوجہد ریکارڈ پر ہے اور انسانی حقوق کے ادارے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here