17 ستمبر 2025

رپورٹ: اعتزاز ابراہیم


‎اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن کی تعیناتی کو غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے ان کی فوری برطرفی کا حکم دیا ہے۔ تاہم چیئرمین پی ٹی اے نے اس فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کرتے ہوئے مؤقف اپنایا ہے کہ وہ قوانین و ضوابط کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور عدالت سے اپیل کو فوری سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی ہے۔ عدالت نے یہ فیصلہ ڈیجیٹل حقوق کے کارکن اسامہ خلجی کی درخواست پر سنایا، جسٹس بابر ستار نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔

‎یہ مقدمہ اس وقت شروع ہوا جب مارچ 2023 میں وفاقی حکومت نے پی ٹی اے میں ممبر (ایڈمنسٹریشن) کے نئے عہدے کے لیے اشتہار جاری کیا۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ عہدہ غیر قانونی طور پر تخلیق کیا گیا کیونکہ اس وقت پی ٹی اے کے تقرری کے قواعد میں اس کا کوئی ذکر موجود نہیں تھا۔ درخواست گزار نے مزید کہا کہ یہ پورا عمل ایک خاص شخص کو لانے کے لیے ترتیب دیا گیا تھا اور اس سے آئین و قانون کی خلاف ورزی ہوئی۔

‎عدالت نے ابتدائی سماعت میں وفاق کو حکم دیا کہ معاملہ حتمی فیصلے تک کسی تقرری سے مشروط رکھا جائے۔ بعد ازاں دورانِ کارروائی یہ انکشاف ہوا کہ میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کو پہلے ممبر (ایڈمنسٹریشن) اور پھر چیئرمین پی ٹی اے تعینات کر دیا گیا۔

‎درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ پی ٹی اے ایکٹ 1996 کے مطابق ادارے میں تین ممبران کی گنجائش تھی اور کسی نئے رکن کا اضافہ صرف قانون میں ترمیم کے بعد ہو سکتا ہے۔ اشتہار 29 مارچ 2023 کو جاری کیا گیا جبکہ اس وقت قواعد میں “ممبر ایڈمنسٹریشن” کا کوئی وجود نہیں تھا۔ بعد ازاں 4 مئی 2023 کو قواعد میں ترمیم کی گئی لیکن اس وقت تک تقرری کا عمل مکمل ہو چکا تھا۔ عہدے کے لیے عمر کی حد 61 سال رکھی گئی جو دیگر ممبران کی حد (57 سال) سے زیادہ تھی، تاکہ خاص امیدوار کو اہل بنایا جا سکے۔ میرٹ کی خلاف ورزی کی گئی کیونکہ جس پینل سے چیئرمین کا انتخاب ہوا وہ میرٹ لسٹ میں سب سے نیچے تھے۔ درخواست گزار نے زور دیا کہ یہ پورا عمل بدنیتی اور من پسند تقرری کی واضح مثال ہے جسے کالعدم قرار دینا ضروری ہے۔

‎وفاقی حکومت کی نمائندگی کرنے والے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مؤقف اپنایا کہ

‎حکومت کو پی ٹی اے کے اراکین کی تعداد بڑھانے کا اختیار حاصل ہے اور کابینہ نے اس کی منظوری دی تھی۔ قواعد میں ترمیم کا عمل بھی شروع ہو چکا تھا اور بعد میں سرکاری گزٹ میں اس کی اشاعت کی گئی۔ وزیراعظم کو اختیار ہے کہ وہ پی ٹی اے کے کسی بھی رکن کو چیئرمین مقرر کر سکیں، اس لیے حفیظ الرحمان کی تعیناتی قانونی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہیں اور آئین کے تحت وہ اس مقدمے کو آگے نہیں بڑھا سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ حفیظ الرحمان نے تمام شرائط پوری کیں اور سلیکشن کمیٹی نے انہیں سفارشات میں شامل کیا تھا۔

‎جسٹس بابر ستار نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ممبر (ایڈمنسٹریشن) کا عہدہ غیر قانونی طور پر تخلیق کیا گیا اور اس کے لیے اشتہار اس وقت جاری ہوا جب قوانین میں اس عہدے کا کوئی وجود نہیں تھا۔ قواعد میں بعد کی ترمیم کے ذریعے اس عمل کو درست قرار دینے کی کوشش کی گئی جو اصول شفافیت اور آئین کے خلاف ہے۔

‎عمر کی حد بڑھا کر 61 سال کرنا بدنیتی کی مثال ہے کیونکہ اس سے ایک مخصوص فرد کو لانے کا راستہ بنایا گیا۔ سلیکشن کمیٹی کے پینل میں حفیظ الرحمان میرٹ لسٹ میں سب سے نچلے نمبر پر تھے، اس کے باوجود انہیں منتخب کیا گیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ یہ سب اقدامات بدنیتی پر مبنی تھے اور عوامی عہدوں پر اس قسم کی من پسند تقرریاں قابل قبول نہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here