12 ستمبر 2025

‎رپورٹ: رانا مالہ


‎اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے ایمان مزاری سے متعلق اپنے ریمارکس پر وضاحت دے دی۔

‎چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے ایک اور کیس کی سماعت کے دوران کہا کہ “ایمان مزاری میری بیٹیوں کی طرح ہے، میں کل اسے بطور چیف جسٹس اور بڑے ہونے کے ناطے سمجھا رہا تھا لیکن میری بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کر کے طوفان کھڑا کر دیا گیا ہے۔”

‎چیف جسٹس نے وضاحت دی کہ میں نے کہا تھا کہ آپ میرے فیصلوں سے اختلاف کر سکتی ہیں مگر ذات پر بات نہ کریں۔ میں نے تو یہ کہا ہی نہیں کہ میں پکڑ لوں گا، اِس بات کو ناحق کل سے پھیلایا جا رہا ہے۔

‎ان کا کہنا تھا کہ ہادی صاحب کھڑے تھے تو میں نے کہا کہ انہیں پکڑ کر لے جاؤ ورنہ میں توہینِ عدالت کی کارروائی کروں گا، لیکن اگر توہینِ عدالت کی کارروائی ہوئی تو بچی کا کیرئیر خراب ہو جائے گا۔

‎چیف جسٹس نے مزید کہا کہ میں نے بچوں کی طرح سمجھایا لیکن وہ سمجھ نہیں رہی تھیں۔ وہ بار بار بنیادی حقوق کی بات کر رہی تھیں، کیا اِس کورٹ کے بنیادی حقوق نہیں ہیں؟

‎یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ روز ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس اور ایمان مزاری کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔

‎سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اگر وہ اس کیس میں کوئی حکم جاری کریں گے تو ایمان مزاری میڈیا میں جا کر عدلیہ کے خلاف بیانات دیں گی۔ اس پر ایمان مزاری نے کہا کہ انہوں نے اپنی کسی بھی گفتگو میں قانون یا آئین کی خلاف ورزی نہیں کی اور ان کے مؤقف کو ذاتی رائے سمجھا جانا چاہیے۔ اسے کلائنٹ کے کیس پر اثرانداز نہیں ہونا چاہیے۔

‎چیف جسٹس نے ایمان مزاری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی عدالتی ماحول میں ادب کا خیال رکھنا چاہیے اور ایسی گفتگو سے اجتناب کرنا چاہیے جس سے عدلیہ کی توہین کا تاثر ملے۔ انہوں نے یہ بھی ریمارکس دیے کہ کیوں نہ ایمان مزاری کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔

‎ایمان مزاری نے جواب دیا کہ انہوں نے آئین کے تحت آزادی اظہار رائے کے حق کا استعمال کیا ہے اور اگر عدالت سمجھتی ہے کہ کارروائی ہونی چاہیے تو وہ اس کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عدالتیں وکلا کو دھمکیاں دینے کے مرحلے پر پہنچ گئی ہیں تو وہ بھی اس صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

‎سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کسی بھی شخص کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے پہلے کابینہ کی سب کمیٹی سے رجوع کرنا ضروری ہے۔ اس موقع پر عدالت نے رپورٹ وکلا کو فراہم کرنے کی ہدایت دی اور کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔

‎سماعت کے بعد وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے ایڈووکیٹ ہادی علی نے کہا کہ میں، ایمان مزاری اور ایمل خان مندوخیل عدالت میں موجود تھے۔ اس دوران جج صاحب کو اٹارنی جنرل نے وہ مٹیریل فراہم کیا جو کابینہ میں پیش کیا گیا تھا اور جس کی بنیاد پر ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا۔ ہم نے عدالت سے صرف اتنی گزارش کی کہ یہ مٹیریل ہمیں بھی فراہم کر دیا جائے تاکہ ہم عدالت کی بہتر معاونت کرسکیں۔

‎انہوں نے بتایا کہ “چیف جسٹس نے کہا یہ مٹیریل خفیہ ہے”۔ اس پر ہم نے مؤقف اختیار کیا کہ جنہوں نے یہ مٹیریل فراہم کیا ہے انہوں نے تو ایسا نہیں کہا کہ یہ خفیہ ہے، اور قانون کے مطابق یہ لازمی ہے کہ جس شخص کا نام ای سی ایل میں ڈالا جا رہا ہے، اسکی بنیاد بننے والا مٹیریل اسے فراہم کیا جائے۔ اس پر چیف جسٹس نے آرڈر لکھوا دیا کہ مٹیریل وکلا کو بھی دیا جائے تاکہ وہ آئندہ سماعت میں عدالت کی مدد کر سکیں۔

‎ہادی علی کے مطابق اسی دوران اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت ان وکلا کو کابینہ کی سب کمیٹی سے رجوع کرنے کا کہے، یہاں سے کوئی فیصلہ نہ کرے۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اگر وہ ابھی کوئی فیصلہ دیں گے تو مس مزاری باہر جا کر وی لاگ میں یہ کہیں گی کہ میں ڈکٹیٹر ہوں۔ ایمان نے جواب دیا کہ انہوں نے کبھی کوئی ایسی بات نہیں کی جو آئین و قانون کے خلاف ہو، اس لیے عدالت ان کے مؤکل کے کیس کو تعصب کی بنیاد پر متاثر نہ کرے۔ ایمان نے مزید کہا کہ وہ ذاتی حیثیت میں نہیں بلکہ ایک کلائنٹ کا بریف لے کر آئی ہیں۔

‎انہوں نے بتایا کہ چیف جسٹس نے غصے میں کہا کہ آپ کو کس نے اجازت دی ہے یہ بات کرنے کی، اور بلند آواز میں کہا کہ میں آپ کو شوکاز نوٹس جاری کر دوں گا۔ اس پر ایمان نے کہا کہ آپ ضرور شوکاز نوٹس جاری کریں۔ جیسے ہی میں نے بات آگے بڑھانی چاہی تو چیف جسٹس نے مجھے کہا ہادی صاحب، آپ اسے سمجھائیں اور یہاں تک کہا کہ جس دن میں نے اسے پکڑ لیا نا۔۔۔

‎یاد رہےکہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے لیے درخواست اکتوبر 2024 میں دائر کی گئی تھی۔ اس درخواست پر ابتدائی سماعت کے دوران عدالت نے وزارت داخلہ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کیے تھے اور مؤقف طلب کیا تھا کہ کس بنیاد پر ایک شہری کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

‎وفاقی حکومت نے ماہرنگ بلوچ کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی وجہ ان کی سیاسی سرگرمیاں اور احتجاج کو قرار دیا۔ وزارت داخلہ کے مطابق ان کے اقدامات “ریاست مخالف” نوعیت کے تھے اور ان سے امن و امان کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here