08 ستمبر 2025
رپورٹ رانا مالہی
اسلام آباد: پیر کے روز سپریم کورٹ کے چار سینئر ججز نے فل کورٹ اجلاس میں شرکت سے معذرت کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کو خط لکھا ہے جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ اجلاس کو محض پہلے سے طے شدہ فیصلوں پر مہر ثبت کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جو کہ ادارہ جاتی عمل کی روح کے منافی ہے۔
یہ خط جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہر من اللہ نے چیف جسٹس کو لکھا۔ ججز نے کہا کہ انہیں تین ستمبر 2025 کو مطلع کیا گیا کہ سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس طلب کیا جا رہا ہے تاکہ رولز 2025 میں ترامیم پر غور کیا جا سکے۔ تاہم ان کے مطابق حقیقت یہ ہے کہ سپریم کورٹ رولز پہلے ہی سرکولیشن کے ذریعے منظور کیے جا چکے ہیں اور فل کورٹ اجلاس کو محض بعد از وقت توثیق کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
ججز نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ آئین کا آرٹیکل 191 سپریم کورٹ کو اپنے رولز بنانے کا اختیار دیتا ہے، مگر یہ اختیار صرف بطور ادارہ فل کورٹ کو حاصل ہے۔ سرکولیشن کا طریقہ کار صرف معمولی اور انتظامی نوعیت کے معاملات کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ عدالتی رولز جیسا اہم معاملہ اس کے ذریعے طے نہیں کیا جا سکتا۔ خط میں کہا گیا کہ صرف فل کورٹ ہی سرکولیشن کے ذریعے رولز کی منظوری دینے کا فیصلہ کر سکتا ہے، اکیلے چیف جسٹس یہ اختیار استعمال نہیں کر سکتے۔
ججز نے واضح کیا کہ نو اگست 2025 کو سپریم کورٹ رولز کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ محض تین روز بعد ان رولز میں ترامیم کے لیے تجاویز طلب کر لی گئیں اور پھر انہی تجاویز پر غور کرنے کے لیے فل کورٹ اجلاس بلا لیا گیا۔ ججز کے مطابق یہ ترتیب بذاتِ خود اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ رولز پر بحث و تمحیص کا اصل فورم فل کورٹ ہی ہے۔ لیکن پہلے رولز کو درست قرار دے کر نوٹیفائی کر دیا گیا اور اب فل کورٹ اجلاس کو صرف ان فیصلوں کو جواز دینے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
خط میں کہا گیا کہ فل کورٹ کو دکھاوے کے لیے نہیں بلکہ حقیقی مشاورت اور اتفاقِ رائے کے لیے استعمال ہونا چاہیے۔ اس وقت فل کورٹ اجلاس محض ایک رسمی کارروائی دکھائی دیتا ہے، جو کہ آئینی اور ادارہ جاتی عمل کی روح کے منافی ہے۔ ججز نے مؤقف اختیار کیا کہ اجتماعی اختیار کو ایک فرد یا کمیٹی کے ذریعے استعمال کرنا ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچاتا ہے اور عدلیہ کے اندر ادارہ جاتی ہم آہنگی کو کمزور کرتا ہے۔
چاروں ججز نے اپنے خط میں اس خدشے کا اظہار بھی کیا کہ اگر رولز کو سرکولیشن کے ذریعے منظور کرنے اور پھر بعد میں فل کورٹ سے صرف رسمی منظوری لینے کی روایت قائم ہوئی تو اس سے عدلیہ کے ادارہ جاتی ڈھانچے پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ میں شفافیت لازمی ہے اور عوامی اعتماد ہی عدلیہ کی بنیاد ہے۔ بغیر شفافیت کے کوئی بھی آئینی ادارہ مؤثر طریقے سے کام نہیں کر سکتا۔
خط کے آخر میں ججز نے کہا کہ جب تک درست اور آئینی طریقہ کار اختیار نہیں کیا جاتا، وہ فل کورٹ اجلاس میں شرکت کی کوئی وجہ نہیں دیکھتے۔ انہوں نے استدعا کی کہ ان کے اعتراضات کو فل کورٹ اجلاس کے منٹس کا حصہ بنایا جائے اور ان منٹس کو پبلک بھی کیا جائے تاکہ عوام جان سکیں کہ ججز کے براہِ راست غور و فکر کے بغیر عدالتی رولز کیسے منظور کیے گئے۔
ججز نے زور دیا کہ فل کورٹ اجلاس میں شفافیت ناگزیر ہے اور عوامی اعتماد بحال رکھنے کے لیے یہ لازمی ہے کہ ادارے کے اندر ہونے والے تمام فیصلے واضح اور اتفاقِ رائے سے کیے جائیں۔ ان کے بقول فل کورٹ کو بطور ادارہ محض رسمی کارروائی تک محدود کرنا عدلیہ کی آزادی اور ساکھ کے لیے نقصان دہ ہوگا۔