25 ستمبر 2025
غلام اکبر مروت
لکی مروت میں پشاور کراچی انڈس ہائی پر عمراڈہ سے مغرب کی جانب جانے والی کچی سڑک پر گاؤں طبی مراد، اس کے بعد غازی خیل اور پھر گاؤں کرموخیل آتا ہے۔
یہاں کے لوگ انتہائی غریب ہیں اکثر لوگ کچے گھروں میں رہتے ہیں کھیتی باڑی، مال مویشی پالنا، سرکنڈوں اور کیکر کے درختوں کو کاٹ کر بیچنے سے ان کی روزی روٹی چلتی ہے۔
گزشتہ ایک سال سے یہاں موجود طالبان نے قریبی دیہات کے لوگوں کو کیکر کے درخت کاٹنے سے منع کیا خلاف ورزی کی صورت میں پانچ لاکھ روپے جرمانہ اداکرنا ہوگا۔
اس کے علاوہ جہاں وہ اپنے مال مویشی قریبی پہاڑیوں میں چراتے تھے لیکن اب وہاں ان کیلئے جانا ممکن نہیں رہا کیونکہ وہاں کسی بھی وقت پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے گولہ باری شروع ہوسکتی ہے۔
گزشتہ رات 12:00 بجے جب پورے گاؤں کرموخیل کے لوگ گرمی کی وجہ سے اپنے گھروں صحن میں سکھ کی نیند سو رہے تھے۔ جیٹ طیاروں کی گن گرج شروع ہوئی۔ ابھی لوگوں کی آنکھ پوری طرح کھلی بھی نہیں تھی کہ زوردار دھماکے کی آواز آئی۔ اس کے ساتھ ہی کچھ لمحے بعد پورے گاؤں کے گھروں اور کمروں کی چھتوں پر
دھاتوں کے ٹکڑے گرنے لگے۔
گاؤں کے بچے اور خواتین کمروں میں گھسے ہی تھے کہ ایک اور زوردار دھماکہ کی آواز آئی اور ایک بار پھر گھروں میں بھاری دھاتوں کے ٹکڑے گرنے لگے۔ بچے اور خواتین رونے لگے۔
کچھ دیر بعد جب لوگوں نے کمروں سے باہر جھانک کر دیکھا تو دھوئیں کے بادل تھے۔کسی کو معلوم نہیں تھا کہ دھماکے کہاں ہوئے ہیں۔
صبح اندھیرا چھٹ جانے پر دیکھا کہ ڈرائیور خالد رضا کے پورے گھر کو جیٹ طیاروں کی بمباری سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ گھر کے چاروں کمرے اور چاردیواری مکمل طور پر منہدم ہو گئی تھی۔
گھر کے مالک خالد رضا کے بیٹے محمد رضا کہتے ہیں کہ میرا ایک بھائی فرنٹیئر کوربلوچستان میں ملازم ہے، چچا ریٹائرڈ نائب صوبیدار ہے۔ پورے خاندان میں کوئی دہشتگرد ہے نہ کبھی کسی دہشتگرد تنظیم کی سہولتکاری کی ہے۔
ہماری کُل جمع پونجی یہی گھر تھا جو اب ملیامیٹ ہوگیا ہے۔ انہوں اپنے ایم پی اے ہشام انعام اللہ خان، ایم این اے شیرافضل مروت متعلقہ حکومتی اداروں سے درخواست ہے کہ میرے نقصان کی تلافی کرے۔
اس گاوں کے رہائشی نادر خان کہتے ہیں کہ جیٹ طیاروں اور بمباری کے شور کی وجہ سے گھر کے سب بچے خوفزدہ ہو کر رونا شروع ہوگئے۔ حفاظتی اقدام کے طور پر خواتین اور بچوں کو کمروں کے اندر لے گئے۔ اس دوران ہم نے علاقے میں دھوئیں کے بادل دیکھے لیکن خوف کے مارے گھر سے باہر نہیں نکلے۔
صبح پورے گاؤں میں بموں کے ٹکڑے بکھرے پڑے تھے اور پتہ چلا کہ گاؤں سے ایک فرلانگ کے فاصلے پر ڈرائیور خالد رضا کے خالی گھر کو نشانہ بنایاگیا ہے۔ یہ گھر خالی تھا یہاں کوئی رہائش پذیر نہیں تھا اس لئے جانی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خالد رضا کے پورے خاندان کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں۔
گاؤں کے دیگر مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مزید بمباری اور دھماکوں کے ڈر کی وجہ سے پورے گاؤں میں کسی کو نیند نہیں آرہی تھی۔ ہر گھر میں قیامت کا سماں بنا ہوا تھا۔ جبکہ صبح ہر گھر میں بموں کے ٹکڑے پڑے تھے۔
فرید اللہ نے بتایا کہ میں قسم اٹھاکر کہہ سکتا ہوں کہ میں نے اپنی پوری زندگی میں ڈرائیور خالد رضا کے ہاتھ میں بندوق نہیں دیکھا ہے۔یہ شریف لوگ ہیں انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس سلسلے میں ہم غریب لوگوں پر رحم کرے اپنے لوگوں پر جیٹ طیاروں سے بمباری نہیں کی جاتی۔البتہ اگر کسی پر شک ہے تو انہیں گاؤں کے مشران یا منتخب نمائندوں کے ذریعے تھانے یا فوجی دفاتر میں بلایا جاسکتا ہے۔
اس سلسلے میں مقامی پولیس افسران سے ان کا موقف لینے کیلئے پولیس ترجمان سے رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے اپنا موقف نہیں دیا۔ واضح رہے کہ ابھی تک پولیس کی جانب سے اس واقعے کی کوئی ایف آئی آر بھی درج نہیں کی گئی ہے۔