02 ستمبر 2025

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد میں ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے مبینہ اغوا کے کیس میں گرفتار ملزم حسن زاہد کو پولیس نے منگل کے روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود چوہدری کی عدالت میں پیش کیا، جہاں جج کے استفسار پر ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ “سر! مجھ سے غلطی ہوگئی ہے۔” پولیس نے مؤقف اپنایا کہ ملزم سے گاڑی، پستول اور نقدی برآمد کرنی ہے اور اس کے لیے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے ملزم کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

دو روز قبل مشہور ٹک ٹاک انفلوئنسر سامعہ حجاب جعفری نے الزام عائد کیا کہ لاہور کے رہائشی حسن زاہد نے انہیں ہراساں کیا، پیچھا کیا اور وفاقی دارالحکومت میں ان کے گھر کے باہر اغوا کرنے کی کوشش کی۔ اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہونے کے بعد عوامی غم و غصہ دیکھنے میں آیا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کی۔

سامعہ کے مطابق حسن زاہد گزشتہ تین ماہ سے ان کا پیچھا کر رہا تھا اور بار بار شادی کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا۔ انکار کے باوجود وہ دھمکیوں اور ہراسانی پر اُتر آیا۔ انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو بیان میں سامعہ نے کہا کہ حسن زاہد نے اسے دھمکی دی کہ اگر وہ شادی کے لیے راضی نہ ہوئی تو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

یہ معاملہ 31 اگست کی شام سنگین صورت اختیار کر گیا۔ سامعہ کے بھائی گھر پر موجود نہ تھے اور والدہ علیل تھیں۔ اس دوران جب وہ دروازہ کھولنے گئیں تو حسن زاہد نے مبینہ طور پر ان کا موبائل فون چھین لیا اور گاڑی کی طرف گھسیٹنے کی کوشش کی۔ مزاحمت کے دوران سامعہ کے چہرے پر نشانات آئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں مزاحمت نہ کرتی تو وہ کچھ بھی کر سکتا تھا۔

یہ واقعہ سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہوا جسے سامعہ نے بعد میں ثبوت کے طور پر شیئر کیا۔ بعدازاں انہوں نے شالیمار پولیس اسٹیشن میں درخواست جمع کروائی۔ ایف آئی آر کے مطابق حسن زاہد کئی روز سے ان کا پیچھا کر رہا تھا اور کبھی تحائف اور کبھی دھمکیوں کے ذریعے دباؤ ڈال رہا تھا۔ 31 اگست کی شام تقریباً ساڑھے چھ بجے اس نے ان کے گھر کے باہر اغوا کی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پر قتل کی دھمکیاں دیں۔

سوشل میڈیا پر دیے گئے اپنے تفصیلی بیان میں سامعہ نے بتایا کہ زاہد ان کے گھر میں گھس آتا، بدتمیزی کرتا اور انکار پر تشدد کی دھمکیاں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ زاہد نے انہیں دھمکی دی کہ، ’’اگر تم نے کسی اور سے شادی کی تو میں تم پر تیزاب پھینک دوں گا یا قتل کر دوں گا۔ میں تمہاری ٹانگیں توڑ دوں گا تاکہ تم شادی نہ کر سکو، ورنہ اغوا کر لوں گا‘‘۔

سامعہ نے مزید کہا کہ وہ اب تک حسن زاہد کے دو درجن سے زیادہ نمبرز بلاک کر چکی ہیں، لیکن وہ نئے نمبروں سے مسلسل رابطہ کرتا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس کے ایک بااثر ساتھی نے بھی انہیں فون کر کے کیس واپس لینے پر دباؤ ڈالا۔ سامعہ نے سوال اٹھایا کہ اگر وہ اغوا اور حملے کی کوشش کے باوجود ضمانت لے لیتا ہے تو اس کا مطلب کیا ہوگا؟ کیا اس ملک میں لڑکیاں محفوظ نہیں ہیں؟

اسلام آباد پولیس نے جمعرات کی شام حسن زاہد کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس کا ابتدائی بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے۔ حکام کے مطابق سامعہ کو سیکیورٹی بھی فراہم کی گئی ہے۔ تاہم سامعہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر وہ ضمانت پر رہا ہوا تو مزید خطرہ بن سکتا ہے۔

اپنے پیغام میں سامعہ نے اپنی دوست 17 سالہ ٹک ٹاکر ثناء یوسف کا بھی ذکر کیا، جو گزشتہ سال اسلام آباد میں شادی سے انکار پر قتل کر دی گئی تھیں۔ سامعہ نے کہا کہ ’’ثناء نے اپنی ہراسانی کے واقعات کھل کر بیان نہیں کیے اور وہ قتل کر دی گئی۔ میں اُس جیسا انجام نہیں چاہتی‘‘۔

یہ کیس ایک بار پھر پاکستان میں خواتین کی سلامتی، اسٹاکنگ اور صنفی بنیاد پر ہونے والے تشدد کے سنگین سوالات کو اجاگر کرتا ہے، خاص طور پر ان سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے لیے جو عوامی سطح پر نمایاں ہونے کی وجہ سے آن لائن اور آف لائن دونوں طرح کی ہراسانی کا سامنا کرتی ہیں۔

سول سوسائٹی، سماجی تنظیموں اور خواتین کے حقوق کے کارکنوں نے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here