رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے اس حکم نامے کو معطل کر دیا ہے جس کے تحت جسٹس طارق محمود جہانگیری کو عدالتی فرائض انجام دینے سے روک دیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ پیر کے روز جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی لارجر بینچ نے دیا، جس میں جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس شاہد بلال، جسٹس محمد علی مظہر اور دیگر ججز شامل تھے۔
سماعت کے آغاز پر جسٹس شاہد بلال نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس جہانگیری کے خلاف درخواست پر اعتراضات موجود تھے، سوال یہ ہے کہ رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے باوجود رٹ پٹیشن پر نمبر کیسے لگ گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سوال پر دونوں فریقین کے وکلا تیاری کے ساتھ آئندہ سماعت پر دلائل دیں۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ سپریم کورٹ پہلے ہی یہ قرار دے چکی ہے کہ کسی جج کو عدالتی کام سے نہیں روکا جا سکتا۔ اس موقع پر جسٹس جہانگیری کے وکیل منیر اے ملک نے مؤقف اختیار کیا کہ حال ہی میں جسٹس جمال خان نے ایک فیصلے میں قرار دیا تھا کہ ایک جج دوسرے جج کے خلاف رٹ دائر نہیں کر سکتا، تاہم وہ فیصلہ جج کے ذاتی رویے سے متعلق تھا، موجودہ کیس کے حقائق مختلف ہیں۔
منیر اے ملک نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے اپنے ہی ہائیکورٹ کے جج کو عدالتی کام سے روکا ہو۔ ان کے مطابق حکم نامے میں نہ صرف طے شدہ قانون کو نظر انداز کیا گیا بلکہ انصاف کے تقاضے بھی پورے نہیں کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ 10 جولائی 2024 کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس جہانگیری کے خلاف رٹ دائر ہوئی، ایک سال سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود رجسٹرار آفس کے اعتراضات برقرار ہیں۔ اس دوران کچھ واقعات پیش آئے جنہیں عدالت کے سامنے رکھا جائے گا۔ ان میں ججز کی ٹرانسفر کا معاملہ بھی شامل ہے جس کے خلاف پانچ ججز نے آئین کے آرٹیکل 184/3 کے تحت درخواست دائر کی تھی۔
منیر اے ملک نے کہا کہ ججز ٹرانسفر کو درست قرار دیا گیا جس کے خلاف اپیل ابھی تک زیر التوا ہے۔ اسی چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ نے 16 ستمبر کو جسٹس جہانگیری کو کام سے روک دیا، جبکہ اس درخواست پر ابھی تک اعتراضات موجود ہیں اور دوسرے فریق کو سنا بھی نہیں گیا۔
انہوں نے دلائل میں کہا کہ 16 ماہ تک اس کیس پر کسی کو حساسیت یا شدت محسوس نہیں ہوئی، لیکن اچانک حکم نامہ جاری کر دیا گیا کہ جب تک سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت زیر التوا ہے، جج کو کام سے روکا جائے گا۔ یہ اقدام ملک اسد علی کیس کی بھی خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق عبوری حکم کے ذریعے جج کو عدالتی امور سے نہیں روکا جا سکتا اور یکطرفہ طور پر فیصلہ دیا گیا ہے۔
ایڈوکیٹ میاں داؤد نے مؤقف اپنایا کہ سپریم کورٹ نے ماضی میں جسٹس سجاد علی شاہ کو بھی عدالتی کام سے روکا تھا۔ تاہم جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ وہ فیصلہ آئین کے آرٹیکل 184/3 کی درخواست پر دیا گیا تھا اور اس کیس کے حقائق مختلف تھے۔
اسلام آباد بار کونسل اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی اس کیس میں فریق بننے کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔ اس موقع پر بار کے رکن علیم عباسی نے کہا کہ انہوں نے بھی فریق بننے کی درخواست دی ہے۔ جسٹس جمال خان نے استفسار کیا کہ کیا وہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی پارٹی تھے؟
دلائل مکمل ہونے کے بعد جسٹس امین الدین خان اور جسٹس جمال خان مندوخیل کے درمیان مشاورت ہوئی جس کے بعد سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم نامہ معطل کر دیا۔
پس منظر
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 18 ستمبر کو جسٹس طارق محمود جہانگیری کو عدالتی فرائض انجام دینے سے معطل کر دیا تھا، جب تک کہ سپریم جوڈیشل کونسل (SJC) ان کے قانون کی ڈگری سے متعلق الزامات کی تحقیقات مکمل نہیں کر لیتی۔ یہ حکم چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد اعظم خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے دیا تھا۔ یہ فیصلہ وکیل میاں داؤد کی دائر کردہ درخواست پر سنایا گیا جس میں جسٹس جہانگیری کی تعلیمی قابلیت کو چیلنج کیا گیا تھا۔
31 اگست 2024 کو کراچی یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ نے یونیورسٹی کی ان فیئر مینز (UFM) کمیٹی کی سفارشات پر جسٹس جہانگیری کی مبینہ طور پر “غیر معتبر” ڈگری منسوخ کر دی تھی۔ اگرچہ یونیورسٹی کے اعلامیے میں جسٹس جہانگیری کا نام شامل نہیں تھا، تاہم کہا گیا تھا کہ ان امیدواروں کی ڈگری اور انرولمنٹ کارڈز منسوخ کر دیے گئے جو غیر اخلاقی اقدامات میں ملوث پائے گئے۔
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب سنڈیکیٹ کے رکن ڈاکٹر ریاض احمد کو مبینہ طور پر اجلاس میں شرکت سے روکنے کے لیے پولیس نے حراست میں لے لیا۔ بعد ازاں سندھ ہائیکورٹ نے 5 ستمبر 2024 کو کراچی یونیورسٹی کے اس فیصلے کو معطل کر دیا اور یونیورسٹی کو جسٹس جہانگیری کے خلاف مزید کارروائی سے روک دیا۔
اب سپریم جوڈیشل کونسل نے اس معاملے پر غور کے لیے اجلاس 18 اکتوبر کو طلب کر لیا ہے، جس میں ججز کے خلاف شکایات کا جائزہ لیا جائے گا۔