23 ستمبر 2025

سٹاف رپورٹ:


گزشتہ رات 21 ستمبر کو پیر کی شب خیبر پختونخوا کے دُورافتادہ علاقے وادی تیراہ کے شاڈلہ گاؤں میں ایک ہولناک واقعہ پیش آیا، جس میں 12 بچوں سمیت 21 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مقامی افراد کے مطابق یہ ہلاکتیں جیٹ طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں ہوئیں۔

تاہم سیکیورٹی ذرائع نے فضائی بمباری کے الزامات کو مسترد کیا اور کہا کہ یہ جانی نقصان شدت پسندوں کے ایک دھماکہ خیز مواد بنانے والے کارخانے میں دھماکے کے باعث ہوا۔

اس واقعے کے خلاف ضلع خیبر کے مرکزی تجارتی مرکز باڑہ کے خیبر چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جو آج دوسرے روز بھی جاری ہے، جس کے دوران پاک-افغان شاہراہ کو بند کیا گیا۔ احتجاج میں مقامی سیاسی رہنماؤں نے بھی شرکت کی، جن میں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی اور صوبائی اسمبلی کے رکن عبدالغنی آفریدی شامل تھے۔

مقامی سیاسی جماعتوں اور تاجروں کے اتحاد “باڑہ سیاسی اتحاد” کی مشاورت میں فیصلہ کیا گیا کہ جاں بحق افراد کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ شریک ہوسکیں۔ جبکہ گزشتہ روز باڑہ سیاسی اتحاد کے صدر ہاشم آفریدی نے کہا تھا کہ مقامی عمائدین اور متاثرہ خاندانوں کی مشاورت سے لاشوں کو پشاور منتقل کیا جائے گا، جہاں کور کمانڈر ہاؤس کے سامنے احتجاج کیا جائے گا۔ آفریدی نے دعویٰ کیا کہ اس واقعے میں ایک ہی خاندان کے 17 افراد اور دوسرے خاندان کے پانچ افراد مارے گئے، جن میں ایک چھ ماہ کا بچہ، 12 بچے، چھ خواتین اور تین مرد شامل ہیں۔

بعد ازاں، لواحقین نے اپنے پیاروں کو ان کے آبائی علاقوں میں دفنانے کا فیصلہ کیا۔ تاہم لاشوں کی تدفین کے معاملے پر خبیر باڑہ کے جمعیت علماء اسلام(ف) کے اکاخیل قبیلہ کے امیر معروف جان اور کالعدم پشتون تحفظ موومنٹ کے خیبر کے کوآرڈینیٹر مقیب آفریدی کے درمیان اختلاف بھی پیدا ہوگئے تھے۔کیونکہ علاقے اور متاثرہ خاندان کے ایک زندہ رہ جانے والے ضعیف شخص اس کو دفنانا نہیں چاہتے تھے مگر مقیب آفریدی کے مطابق کہ جب وہ واقعے کی جگہ پر پہنچے تو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنماؤں نے اس طرح کا ماحول بنایا ہوا تھا کہ کسی طرح ان لاشوں کو دفنایا جائے۔ وہ الزام لگاتے ہیں کہ ان مذہبی رہنماوں کے پریشر کی وجہ سے لاشوں کو دفنایا گیا۔

صوبائی اسمبلی کے رکن عبدالغنی آفریدی نے بھی احتجاج میں شرکت کی اور کہا کہ جو بھی فیصلہ مقامی لوگ کریں گے، اس پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جب تک حکومت اس واقعے کے حوالے سے عوام کے خدشات دور نہیں کرتی، وہ اسمبلی اجلاسوں اور کارروائیوں کا بائیکاٹ کریں گے۔ تاہم، رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی نے اس فیصلے کی مخالفت کی اور مؤقف اختیار کیا کہ احتجاج تیراہ کے بجائے پشاور میں ہونا چاہیے۔ ان کے اس مؤقف پر شرکاء برہم ہوگئے اور اکثریت نے اس تجویز کو مسترد کردیا۔

“شدت پسند، فوج نہیں”

مقامی صحافیوں کے واٹس ایپ گروپس میں گردش کرنے والے فرنٹیئر کور (ایف سی نارتھ) کے مبینہ بیان میں اس واقعے کو “پاکستان کی افواج کو بدنام کرنے کی پروپیگنڈہ مہم” قرار دیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ خوارج (شدت پسندوں) نے ایک رہائشی علاقے میں آئی ای ڈی فیکٹری قائم کی تھی، جس میں دھماکے کے بعد 12 سے 14 شدت پسند جبکہ 8 سے 10 عام شہری جاں بحق ہوئے، کیونکہ شدت پسندوں نے ایک بار پھر گھروں، خاندانوں اور مساجد کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔

مزید کہا گیا کہ نام نہاد “سویلین بمباری” کا بیانیہ دراصل ایک پروپیگنڈہ مہم ہے، جس کا مقصد دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کرنا اور پاکستان کی قربانیوں کو کمزور دکھانا ہے۔ پاکستان کی کارروائیاں صرف خوارج کے خاتمے پر مرکوز ہیں اور کوئی پروپیگنڈہ عوام کے تحفظ کے لیے اس کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتا۔

اس رپورٹ کی اشاعت تک آئی ایس پی آر کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ تاہم گزشتہ شب ہی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے تیراہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو ایک، ایک کروڑ روپے معاوضہ دینے اور منتخب عوامی نمائندوں، تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اور علاقائی مشیران پر مشتمل جرگے کی اعلیٰ عسکری حکام کے ساتھ ملاقات کرانے کا اعلان کیا۔

متاثرہ خاندان کے قبیلے اور باڑہ سیاسی اتحاد سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنما سہیل آفریدی نے وائس پی کے کو بتایا کہ “واقعے کے بعد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے لواحقین کو دی جانے والی مالی معاونت کو ہم نہ صرف مسترد کرتے ہیں بلکہ علاقے سے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کے اس اقدام کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں کہ ایک طرف بے گناہ افراد کو نشانہ بنایا گیا اور ان کی لاشیں پڑی تھیں جبکہ دوسری طرف ان کی جانب سے مذاکرات کرکے لوگوں کے زخموں پر نمک پاشی کی گئی۔ ہمارا مؤقف واضح ہے کہ ہمیں کوئی معاوضہ نہیں بلکہ علاقے میں بے گناہ لوگوں کے قتلِ عام کا خاتمہ اور مستقل امن کا قیام چاہیے۔”

سیکیورٹی ذرائع کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی محمد اقبال آفریدی نے اس کو ریاستی اداروں کا پروپیگنڈا قرار دیا۔ انہوں نے وائس پی کے سے گفتگو میں کہا، “صوبائی حکومت نے قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں اور بمباری پر مکمل پابندی لگائی تھی، لیکن اس کی خلاف ورزی کی گئی، جس کے نتیجے میں معصوم شہریوں سمیت خواتین اور بچے مارے گئے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس مسئلے کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے اور حکومت سے درخواست کریں گے کہ قبائلی عوام کا قتلِ عام بند کیا جائے۔

لوگوں کی زندگیاں برباد

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں ایک نوجوان تباہ شدہ مکان کے ملبے پر کھڑا ہے جہاں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ویڈیو میں وہ بتاتا ہے کہ رات دو بجے جہاز آئے اور صبح چار بجے تک بمباری کرتے رہے، جس میں دو گھروں سمیت پہاڑ کے دامن میں کئی مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے مطابق مقامی شخص گل اکبر کے گھر کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں سب سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔

امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے اس نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے ایک تبلیغی جماعت کے افراد کے ساتھ مل کر صبح سے لاشوں کو ملبے سے نکالنے کا سلسلہ شروع کیا۔ چونکہ مقامی طور پر خواتین دستیاب نہیں تھیں، اس لیے قریبی دیہات سے خواتین کو بلایا گیا تاکہ خواتین کی لاشوں کو کفن پہنایا جا سکے۔ تاہم ان دعووں کی آزادانہ تصدیق وائس پی کے نہیں کرسکا۔

ایک پرآشوب خطہ

وادی تیراہ کا شاڈلہ علاقہ خیبر ضلع کے جنوب میں واقع ہے، جو ضلع اورکزئی سے متصل ہے اور یہاں آفریدی قبیلے کی ذیلی شاخ اکا خیل آباد ہے۔ ماضی میں بھی اس علاقے میں مسلح گروہوں کے خلاف فوجی آپریشن کیے گئے تھے، جس کے باعث مقامی آبادی نے نقل مکانی کی۔ تاہم حالیہ عرصے میں یہاں بدامنی کے واقعات دوبارہ بڑھنے لگے ہیں۔

اسی سال جولائی کے آخر میں، وادی تیراہ کے مرکز میں ایک مارٹر گولہ گرنے کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے پانچ افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے تھے۔ اس وقت حکام نے مؤقف اپنایا تھا کہ مسلح افراد نے مظاہرین پر فائرنگ کی تھی، لیکن بعد ازاں وڈیو وائرل ہونے پر حکومت نے جرگے کے ذریعے متاثرین کو مالی امداد فراہم کی اور آئندہ ایسے واقعات نہ دہرانے کی یقین دہانی کرائی۔

اسی واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے، رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی نے کہا، “ریاستی اداروں نے جھوٹ کی ایک فیکٹری قائم کر رکھی ہے جس کے ذریعے وہ باقی ملک کو گمراہ کر رہے ہیں۔ عینی شاہدین اور مقامی رہائشیوں نے دیکھا ہے کہ یہ فضائی بمباری تھی، نہ کہ آئی ای ڈی فیکٹری میں دھماکہ، جس میں معصوم شہری مارے گئے۔”

نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ (این ڈی ایم) کے سربراہ اور سابق رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے بھی اس واقعے کی ویڈیو شیئر کی اور اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھا، “تیراہ، خیبر میں ریاست کی اندھا دھند بمباری نے عورتوں اور بچوں کو خون میں نہلا دیا۔ ہمارا وجود کبھی دہشت گردی کی بھینٹ چڑھتا ہے اور کبھی ریاستی ظلم کا نشانہ بنتا ہے۔ یہ لہو پوری قوم کے سامنے ہے مگر متوقع خاموشی ایک بار پھر ریاستی تعصب اور مرکزیت کا بھیانک چہرہ بے نقاب کرے گی۔”

دوسری طرف ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے بھی ایک بیان جاری کیا، جس میں اس واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔ ایچ آر سی پی نے لکھا، “ہمیں اس بات پر شدید صدمہ ہے کہ مبینہ طور پر فضائی بمباری کے نتیجے میں بڑی تعداد میں عام شہری، بشمول بچے، جاں بحق ہوئے ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکام اس واقعے کی فوری اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کریں اور ذمہ داروں کو کٹہرے میں لائیں۔ ریاست آئین کے مطابق تمام شہریوں کے حقِ زندگی کے تحفظ کی پابند ہے، لیکن وہ بارہا اس میں ناکام رہی ہے۔”

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here