01 اکتوبر 2025
رپورٹ: کلیم اللہ
رضیہ محسود جنوبی وزیرستان کی واحد ورکنگ جرنلسٹ ہیں، جو اس قدامت پسند قبائلی معاشرے میں خواتین کے مسائل اجاگر کررہی ہیں۔ جہاں پر خواتین آج بھی گھروں تک محدود ہیں اور انہیں تعلیم جیسے بنیادی حق تک بھی رسائی حاصل نہیں۔ تاہم، ان کا یہ کام آسان نہیں ہے۔
حال ہی میں جب رضیہ محسود نے فیس بک پر ایک پوسٹ کے ذریعے جرگوں میں خواتین کی نمائندگی نہ ہونے پر آواز بلند کی تو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مقامی رہنما مولانا عبدالرشید نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
اپنے ویڈیو بیان میں مولانا عبدالرشید نے رضیہ محسود کو مخاطب کرتے ہوئےکہاکہ اگر وہ خواتین کے لیے کام کرنا چاہتی ہیں تو اس کے لیے انہیں جرنلزم کی ضرورت نہیں کہ وہ مردوں کے بیچ جائیں۔” آپ عورتوں کے لیے دستکاری کا سنٹر، ہسپتال یا تعلیمی درسگاہ کھولیں تاکہ وہ ہنر اور تعلیم سے آراستہ ہوسکیں اور ان کی صحت کا بھی خیال رکھا جاسکے۔”
ان کا مزید کہنا تھا کہ “اسلام عورتوں کی تعلیم اور ہنر کے خلاف نہیں ہے، مگر رضیہ محسود اور اُن جیسی خواتین کا جرگوں یا اسٹیج پرآنا ہماری روایات اور مذہب کے خلاف ہے۔ ہم جرگوں میں خواتین کی شمولیت کو اپنے جرگوں کی توہین سمجھتے ہیں اور کبھی اس کی اجازت نہیں دیں گے۔”
رضیہ محسود اس رویے کو خواتین صحافیوں اور دیگر شعبوں میں آنے والی خواتین کے لیے رکاوٹ قرار دیتی ہیں۔ ان کے مطابق، ’’ عام لوگ اور کئی علما میری رپورٹنگ کو سراہتے ہیں، لیکن جمعیت علمائے اسلام (ف) کے بعض مقامی رہنما اکثر تنقید کرتے ہیں۔ حالانکہ جب انہوں نے آئین سے وفاداری کا حلف لیا ہے اور اپنی خواتین ونگز بھی قائم کی ہیں، تو پھر وزیرستان اور قبائلی علاقوں کی خواتین پر اعتراض کیوں؟ جہاں پہلے ہی باشعور اور خودمختار خواتین کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ اس طرح کے بیانات خواتین کے راستے میں مزید رکاوٹیں پیدا کرتے ہیں۔‘‘
اسلام اور روایات کے تناظر میں جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے اسلامک اسکالر اور سماجی کارکن قاضی طاہر محسود کہتے ہیں”اسلام میں خواتین کے لیے پردے کا حکم ضرور ہے، لیکن رضیہ محسود تو اپنے شوہر کے ساتھ پردے میں رہ کر صحافت کرتی ہیں۔ تاریخِ اسلام خواتین کی عملی شرکت کی مثالوں سے بھری پڑی ہے۔ ایسے بیانات علماء کو عوام سے مزید دور کردیتے ہیں۔”
وائس پی کے نے اس معاملے پر وضاحت لینے کیلئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان اسلم غوری سے رابطہ کیا، لیکن خبر فائل ہونے تک ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
پختون جرنلسٹس ایسوسی ایشن اسلام آباد کے جنرل سیکریٹری گوہر محسود نے بھی اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’خواتین کا قبائلی معاشرے کی سماجی، سیاسی اور معاشرتی زندگی میں ہمیشہ کردار رہا ہے۔ خواتین کے جرنلزم میں نہ آنے کی ایک بڑی وجہ یہی رویہ ہے، جو ان کی آواز دبانے اور نئی خواتین کو اس شعبے میں آنے سے روکنے کا باعث بنتا ہے۔‘‘
پاکستان کے قبائلی اضلاع میں صحافی پہلے ہی کٹھن حالات میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ انہیں ایک طرف ریاستی اداروں سے دباؤ کا سامنا ہوتا ہے تو دوسری طرف شدت پسندوں کی جانب سے دھمکیاں بھی ملتی رہتی ہیں۔ اس کی ایک مثال شمالی وزیرستان کے ڈیجیٹل جرنلسٹ کامران داوڑ اور ضلع خیبر کے خلیل جبران کے قتل ہیں، جن کے ورثا آج تک انصاف کے منتظر ہیں۔ ان حالات میں جمہوری و سیاسی پارٹی کے رہنماؤں کی طرف سے ایسے بیانات نہ صرف افسوسناک ہیں بلکہ صحافیوں کے کام کو مزید مشکل بنادیتے ہیں۔
رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈرز کے مطابق پاکستان اس وقت آزادیِ اظہار کے عالمی اعداد وشمار میں 180 ممالک میں سے 158ویں نمبر پر ہے، جو ملک میں صحافیوں کو درپیش چیلنجز کی منہ بولتی تصویر ہے۔