01 اکتوبر 2025
رپورٹ: فرحان طارق
مظفرآباد:پاکستان زیر انتظام جموں و کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن کی کال دوسرے روز بھی جاری رہی۔ دارالحکومت مظفرآباد سمیت متعدد شہروں میں گلی محلوں کی سطح پر بھی بازار بند رہے۔ بدھ کے روز حکومت آزاد جموں و کشمیر نے ایک بار پھر عوامی ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی دعوت دی۔
عوامی ایکشن کمیٹی نے اپنے 38 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ کو لے کر تین ماہ قبل پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن کی کال دے رکھی تھی۔ عوامی ایکشن کمیٹی، آزاد کشمیر حکومت اور وفاقی حکومت کے درمیان مذاکرات جاری رہے، تاہم تعطل کی کیفیت برقرار رہی۔
کمیٹی کے اہم اور بنیادی مطالبات میں 12 مہاجرین مقیم پاکستان سیٹوں کا خاتمہ، اشرافیہ کی مراعات کا خاتمہ، اور مفت تعلیم و صحت جیسے مطالبات شامل ہیں۔
احتجاج کی حکمت عملی
عوامی ایکشن کمیٹی نے اپنے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا تھا کہ اس دفعہ احتجاج مختلف منصوبوں کے تحت ریکارڈ کرایا جائے گا۔ کمیٹی کے کور ممبر انجم زمان کے مطابق احتجاج کے تحت پلان اے، بی، اور سی شامل تھے۔
پلان اے کے تحت جے اے سی نے 29 ستمبر سے پورے خطے میں پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن کی کال دے رکھی تھی۔ گزشتہ روز جے اے سی کے کور ممبران نے پلان بی کے تحت انٹری پوائنٹس بند کرنے کا اعلان کیا۔ اپر اڈا لال چوک مظفرآباد میں عوامی ایکشن کمیٹی نے پلان سی
کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نیلم سے آنے والے قافلوں کا لوہر پلیٹ کے مقام پر استقبال کیا جائے گا۔ میرپور اور پونچھ سے قافلے مظفرآباد کی جانب رواں دواں ہیں۔
مشعل ملک کی اپیل
کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعل حسین ملک نے وزیر اعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے عوام کے خلاف جاری کارروائیوں پر انسانی ہمدردی کی اپیل کی اور ان کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔
انٹرنیٹ بندش سے صحافیوں کو مشکلات
آزاد کشمیر میں اتوار سے انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس کی مکمل معطلی نے صحافی برادری کو سخت متاثر کیا۔ منگل کو مسلسل دوسرے دن کوئی مقامی اخبار شائع نہیں ہو سکا۔ قومی اور بین الاقوامی میڈیا کے لیے کام کرنے والے صحافیوں اور بلاگرز کو پڑوسی خیبر پختونخوا کے گڑھی حبیب اللہ جانا پڑا، جہاں سے انھوں نے اتوار اور پیر کو اپنی رپورٹیں اپ لوڈ کیں۔ تاہم منگل کو معلوم ہوا کہ گڑھی حبیب اللہ میں بھی انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی ہے، جس کے باعث کچھ صحافیوں کو رپورٹنگ کے لیے مانسہرہ تک جانا پڑا۔
حکومت کی مذاکرات کی پیشکش
بدھ کے روز حکومت آزاد جموں و کشمیر نے ایک بار پھر عوامی ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی دعوت دی۔ آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹری کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حکومت مذاکرات کے سلسلے میں ایک ثالثی کمیٹی تشکیل دے گی جس میں وفاقی حکومت، آزاد کشمیر حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے اراکین شامل ہوں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ اگر عوامی ایکشن کمیٹی اس فیصلے کو باضابطہ طور پر قبول کر لے تو وہ مذاکرات کے لیے اپنے اراکین نامزد کر دے۔
حکومتی بیان میں واضح کیا گیا کہ احتجاج کے دوران کسی بھی قسم کے جانی نقصان، سرکاری عمارتوں، ٹیلی کام ٹاورز اور دیگر اثاثوں کو نقصان کی صورت میں عوامی ایکشن کمیٹی کی قیادت مکمل طور پر ذمہ دار و جواب دہ ہوگی اور متعلقہ قوانین و ضوابط کے مطابق ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ عوامی ایکشن کمیٹی سے توقع ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث افراد کو فوری طور پر حکام کے حوالے کرے تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی ہو سکے۔ آزاد کشمیر حکومت نے امید ظاہر کی کہ عوامی مشکلات اور مالی نقصانات کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی اس پیشکش کو مثبت انداز میں قبول کرے گی۔
اطلاعات کے مطابق آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری رہا۔ مختلف مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جن میں مبینہ طور پر دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ تاہم آزادانہ ذرائع سے ان اطلاعات کی تصدیق نہیں ہو سکی۔