03 اکتوبر 2025
رپورٹ: رانا مالہی، کلیلم اللہ
اسلام آباد: جمعرات کے روز اسلام آباد پولیس کی جانب سے نیشنل پریس کلب کے اندر گھس کر صحافیوں پر سخت تشدد کیا گیا۔ یہاں تک کہ پریس کلب کے کیفے ٹیریا سے صحافیوں کو ڈنڈے مار کر باہر نکالا گیا۔ یہ تشدد اُس وقت کیا گیا جب صحافی کشمیریوں کے احتجاج کی کوریج کر رہے تھے۔
اس واقعے کے خلاف جہاں صحافیوں نے شدید مذمت اور احتجاج کیا، وہیں سول سوسائٹی کی تنظیموں نے بھی سخت ردِعمل ظاہر کیا۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ نے اس واقعے کو صحافیوں کے لیے پاکستان کی تاریخ کا بدترین واقعہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا، “پریس کلب کے اندر فوٹوگرافر اور ویڈیو جرنلسٹس کو لیٹا کر تشدد کیا گیا۔ حالانکہ ماضی میں انتظامیہ یا اسلام آباد پولیس کبھی پریس کلب میں داخل نہیں ہوئی۔ اس لیے آج کا یہ واقعہ ہمارے لیے نو اور نیور والی بات ہے۔ اور اگر آج ہم نے آنکھیں بند کر لیں تو کل اس طرح کا واقعہ کراچی اور لاہور میں بھی ہو سکتا ہے۔”
اس کے علاوہ سینئر صحافی ناصر زیدی نے نیشنل پریس کلب کے اندر صحافیوں پر تشدد کو آزادی اظہارِ رائے کی علامت پر حملہ قرار دیا۔ انہوں نے وائس پی کے کو بتایا: “پریس کلب اور اس کے ممبران پر حملہ پریس فریڈم پر حملہ ہے۔ اور پولیس کے اس اقدام کے خلاف صحافی ملک گیر احتجاج کریں گے۔”
اس واقعے کے فوراً بعد وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نیشنل پریس کلب پہنچے اور صحافیوں سے غیر مشروط طور پر معافی مانگ لی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ اس لیے رونما ہوا کیونکہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کچھ افراد نے پولیس افسران کے ساتھ ہاتھاپائی کی اور پھر وہ لوگ پریس کلب آگئے، جس کے پیچھے پولیس بھی یہاں پہنچ گئی۔ لیکن اس کے باوجود پولیس کو پریس کلب کے اندر داخل نہیں ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس واقعے پر وزیرِ داخلہ نے پولیس کو انٹرنل انکوائری کا حکم دے دیا ہے، جو اس معاملے کا ہر زاویے سے جائزہ لے گی۔ طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ آزادی صحافت حکومت اور اداروں کے لیے اولین ترجیح ہے۔
یہ احتجاج کشمیریوں کی جانب سے اُس وقت کیا جا رہا تھا جب عوامی ایکشن کمیٹی نے آزاد کشمیر اسمبلی میں پاکستان میں مقیم مہاجرین کے لیے مخصوص نشستوں اور اشرافیہ کی مراعات کو ختم کرنے کے خلاف تحریک شروع کی۔ کمیٹی نے انتخابی اصلاحات، ریاستی سبجیکٹ کے حقوق کی بحالی اور حقیقی نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے نئے انتخابات کا مطالبہ بھی کیا۔ ان احتجاجوں میں اب تک چھ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں تین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، جبکہ سو سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
وزیراعظم کے حکم پر حکومت نے عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کے لیے ایک کمیٹی قائم کی ہے، جس میں سینیٹر رانا ثناءاللہ، وفاقی وزراء سردار یوسف اور احسن اقبال، سابق صدر آزاد کشمیر مسعود خان اور پیپلز پارٹی کے قمر زمان کائرہ شامل ہیں۔ یہ کمیٹی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں سے بات چیت کے لیے کشمیر پہنچ چکی ہے، جہاں وہ رات گئے تک ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کے ساتھ مذاکرات میں مصروف رہی۔
صحافیوں کے علاوہ سول سوسائٹی کی تنظیموں کی جانب سے اس واقع کی مذمت کی گئی۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے ٹویٹ کے ذریعہ کہا کہ “ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان اسلام آباد پولیس کی جانب سے نیشنل پریس کلب پر چھاپے اور صحافیوں پر تشدد کی سخت مذمت کرتا ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری انکوائری کی جائے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے”۔