30 اکتوبر 2025
تحریر
اسلام گل
پشاور: پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کے باعث آج سترہواں روز بھی تمام سرحدی گزرگاہوں پر دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت اور لوگوں کی آمدورفت مکمل طور پر بند ہے۔ چمن اور طورخم میں کام کرنے والی مقامی مزدور یونینوں کی جانب سے سرحد کھولنے کے لیے احتجاجی مظاہرے ہوئے اور دونوں ممالک سے جلد راستے کھولنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مزدوروں کی بے روزگاری
طورخم مزدور یونین کے صدر ذاکر عمر کا کہنا ہے کہ پاک افغان دو طرفہ تجارت کے ساتھ مختلف شعبوں میں دس ہزار کے قریب لوگ روزگار سے وابستہ ہیں جو راستے کی بندش کی وجہ سے بے روزگار ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پندرہ سو مزدوروں کے پاس اجازت نامے ہیں جو سرحد پر محنت مزدوری کرتے تھے، تاہم طورخم کی بندش کے باعث مزدور، ٹرانسپورٹرز، ہوٹل، دکاندار اور دیگر لوگوں کے چولے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل بھی مزدوروں نے لنڈی کوتل میں احتجاجی مظاہرہ کیا تھا اور دونوں ممالک سے جلد از جلد پرامن طریقے سے مسائل کا بات چیت کے ذریعے حل نکالنے اور طورخم کھولنے کا مطالبہ کیا تھا۔
قیمتوں میں کئی گنا اضافہ
راستوں کی بندش سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیاء کی ترسیل بند ہونے کی وجہ سے گاہک، تاجر اور کاشتکاروں کو مالی خسارے کا سامنا ہے۔ افغانستان سے ٹماٹر، پیاز، کھیرا، انار، انگور اور سیب کی بندش کی وجہ سے قیمتوں میں کئی گنا اضافہ دیکھا گیا ہے، جب کہ کوئلہ، سوپ سٹون اور چمڑے کی برآمد بند ہونے سے پیداواری یونٹ پر کافی برے اثرات مرتب ہو چکے ہیں۔ پاکستان سے سیمنٹ، لوہا، گارمنٹس، ادویات، زرعی اجناس، چینی اور کیلے کی برآمد بند ہو چکی ہے۔
لنڈی کوتل کے تیس سالہ عبداللہ سبزی کے تاجر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سرحدی گزرگاہ کی بندش سے سبزی منڈی پر یہ اثر پڑا ہے کہ پہلے افغانستان سے آنے والے پانچ کلو ٹماٹر سو روپے کے ملتے تھے لیکن راستے کی بندش سے فی کلو چھ سو روپے کا ہو گیا ہے۔ ان کے بقول کھیرا اسی روپے کلو تھا لیکن اب تین سو روپے کلو تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پیاز اسی روپے کلو ملتا تھا تاہم اب دو سے ڈھائی سو روپے تک فی کلو پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف تاجر بلکہ گاہکوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
عام آدمی کی پریشانیاں
امجد سبزی خریدنے کے لیے لنڈی کوتل بازار آئے تھے، تاہم ان کے بقول سبزیوں کے بھاؤ میں اتنا اضافہ ہو چکا ہے کہ ایک کلو ٹماٹر لینے کی کسی میں استطاعت نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف طورخم سرحد کی بندش سے کمائی بند ہو چکی ہے جب کہ دوسری جانب افغانستان سے سبزیوں کی عدم دستیابی سے ریٹ کئی گنا بڑھ چکے ہیں، خریدنا غریب کے بس میں نہیں ہے۔
سجاد علی پھل فروش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انار، سیب، انگور اور خربوزہ بالکل مل ہی نہیں رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب سرحد کھلی رہتی ہے تو ملک کے دیگر شہروں کی نسبت افغانستان سے آنے والی اشیائے خوردنی لنڈی میں سستے داموں ملتی ہیں اور دیگر علاقوں کے لوگ بھی یہاں سے خریداری کر کے سامان لے جاتے ہیں لیکن اب مقامی لوگوں کی خریداری کی استطاعت ختم ہو چکی ہے۔
ٹرک ڈرائیوروں کی مشکلات
سرحد کے دونوں جانب پانچ ہزار کے قریب مال سے بھرے اور خالی ٹرک کھڑے ہیں۔ جمرود اور لنڈی کوتل میں سڑک کے کنارے جگہ جگہ مال بردار گاڑیاں کھڑی ہیں، تاہم طویل انتظار کے سبب ڈرائیور کھانے پینے، رہائش اور گاڑی میں موجود مال کی حفاظت کے مسئلے سے دوچار ہیں۔
عبداللہ ٹرک ڈرائیور ہیں اور گیارہ اکتوبر کو لنڈی کوتل پہنچ گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سڑک کے کنارے کھڑے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی آگے جانے کی اجازت نہیں دیتا، باسی روٹی اور ٹھنڈی چائے پر گزارا کرتے ہیں جب کہ سارا خرچہ اپنی جیب سے ہی کرتے ہیں، مال مالک کچھ نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی سامان محفوظ ہے تاہم حکومت مہربانی کرے اور سرحد کھول دے تاکہ ہم مطلوبہ مقام تک پہنچ سکیں اور اپنے گھر جا سکیں۔
افغان مہاجرین کی واپسی میں رکاوٹ
پاک افغان سرحدی گزرگاہیں ایسے وقت میں بند ہو چکی ہیں جب حکومت کی جانب سے افغان پناہ گزینوں کے انخلا کا عمل تیز کر دیا گیا تھا، تاہم جمرود اور لنڈی کوتل میں واپس جانے والے پناہ گزینوں کے لیے قائم عارضی قیام گاہوں اور مرکزی شاہراہوں پر جگہ جگہ گاڑیوں میں خواتین، بچے، بوڑھے اور بیمار افراد مسائل کے ساتھ انتظار کر رہے ہیں۔
عبدالحق اپنے دیگر رشتہ داروں کے ساتھ جمرود میں قائم عارضی پناہ گاہ میں انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راستے کی بندش کی وجہ سے ہمارے رشتہ داروں کی آٹھ گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں اور کئی دنوں سے انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں میں بوڑھے، بچے، خواتین اور بیمار افراد موجود ہیں۔ حکومت سے درخواست ہے کہ راستہ کھول دیا جائے تاکہ جلد اپنے ملک جا سکیں، بس تھک چکے ہیں۔
معاشی نقصانات
پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدوں کی بار بار بندش نے دونوں ممالک کی تجارت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ مختلف رپورٹس کے مطابق طورخم، چمن اور دیگر اہم گزرگاہوں کے بند ہونے کے باعث روزانہ تقریباً ایک ملین امریکی ڈالر کا مالی خسارہ دونوں ممالک کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ ان بندشوں سے نہ صرف تجارتی مال کی ترسیل متاثر ہوئی ہے بلکہ دونوں جانب کے ہزاروں تاجر، ٹرانسپورٹر اور مزدور بھی بے روزگار ہوئے ہیں۔
افغانستان، جو ایک زمینی طور پر بند ملک ہے، اپنی درآمد و برآمد کے لیے پاکستان کے راستوں پر انحصار کرتا ہے، اس لیے سرحدی تعطل نے افغان معیشت کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق افغانستان کی تازہ پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات میں 60 سے 70 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے، جب کہ پاکستان میں روزمرہ اشیائے خوردونوش، خصوصاً ٹماٹروں کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔
پاکستانی تاجروں کا کہنا ہے کہ سرحدی بازار تقریباً بند ہو چکے ہیں اور کئی ٹرک تجارتی مال کے ساتھ پھنسے ہوئے ہیں، جس سے اشیاء کی سپلائی میں تعطل پیدا ہو گیا ہے۔ حکومتِ پاکستان کے مطابق سرحدی بندشوں سے نہ صرف برآمدات و درآمدات بلکہ ٹرانزٹ تجارت بھی متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں افراطِ زر (مہنگائی) میں اضافے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
ماہرین کے نزدیک ان بندشوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی انحصار، عوامی روابط اور باہمی اعتماد کو بھی نقصان پہنچایا ہے، جب کہ خطے میں تجارت کے استحکام کے لیے مستقل سرحدی پالیسی اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کم کرنے کے لیے دوحہ کے بعد استنبول میں بھی مذاکراتی عمل جاری ہے تاہم ابھی تک اس میں کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہو سکی۔