28 اکتوبر 2025

تحریر: عصمت اللہ نیازی


(یہ مضمون مصنف کی آراء پر مبنی ہے۔ ادارے کا ان آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں)

ریاست پاکستان میں آزادیء صحافت ہو یا اظہار رائے کی آزادی، آئین میں اسکی آرٹیکل 19 کے تحت گارنٹی ہونے کے باوجود یہ محض ایک افسانہ ہے کیوں کہ اسی آرٹیکل کی شق اے میں سات آٹھ پابندیاں لگا کر اس آزادی کو چھین لیا گیا ہے۔ شخصی آزادی ہو یا صحافت اور اظہار رائے کی آزادی، اسکو دبانے کے لئے نت نئے قوانین نا صرف آئین میں ترمیم کرکے بنائے گئے بلکہ اس عمل میں صوبائی حکومتوں نے بھی منفی کردار ادا کیا۔ ان قوانین میں پیکا 2025 کا کالا قانون اور پنجاب کا ہتک عزت قانون 2024 نا صرف منظور ہوئے بلکہ انکا بددریغ استعمال بھی جاری ہے۔

پاکستان کے معروف تحقیقاتی صحافی مطیع اللہ جان ہمیشہ کی طرح آج بھی خبروں کی زد میں ہیں لیکن اس بار تو ان کالے قوانین کے ساتھ ساتھ نومبر 2024 میں ان پرمنشیات رکھنے اور نشے کی حالت میں پولیس پر حملہ آور ہونے کے الزام کے ساتھ ساتھ انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی لگا دی گئی ہیں۔ گو کہ انہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت سے ضمانت پر رہائی تو مل گئی لیکن انتہائی خاموشی سے اسلام آباد پولیس نے اس جھوٹے مقدمے پرخفیہ انداز میں کام جاری رکھا اور اب اطلاعات ہیں کہ ان پر فرد جرم بھی عائد کر دی جائے گی۔ یہ پہلی بار نہیں کہ صحافیوں، انسانی حقوق کے علمبرداروں اور عوامی شاعروں کو اس قدر گھٹیا الزامات لگا کر گرفتار کیا گیا ہو۔ مزاحمتی شاعر حبیب جالب کو اقدام قتل، بوگس پاسپورٹ رکھنے اور حیدرآباد سازش کیس میں ملوث ہونے کے الزامات پر جیل میں رہنا پڑا، بلکہ پی ایف یو جے کے سابق صدر اور سینئر صحافی حسین نقی نے بتایا کہ جالب پر تو بکری چوری کا الزام بھی لگا۔

مطیع اللہ جان سے پہلے فرنٹیر پوسٹ اخبار کے مالک رحمت شاہ آفریدی پر بھی منشیات کی اسمگلنگ کا نا صرف الزام لگا بلکہ وہ ساڑھے نو سال تک جیل میں بھی رہے۔ انکا اخبار فرنٹیر پوسٹ پشاور سے جنرل ضیاء کی فوجی آمریت میں نکلا اور مختصر سے عرصے میں پورے ملک میں مقبول ہو گیا۔ بظاہر رحمت شاہ آفریدی کا جھکاؤ پیپلز پارٹی اور بے نظیر بھٹو کی جانب زیادہ تھا تاہم تحقیقاتی خبریں سب کے خلاف بلا جھجک چلائی جاتی تھیں۔ نوے کی دہائی میں انہیں مبینہ طور پر اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے ایک ڈیل کی پیشکش کی تھی جو ان کے بی بی سی اردو کو دیے گئے ایک انٹرویو کے مطابق انہوں نے مسترد کر دی تھی۔ بس وہیں سے ان کا زوال شروع ہوا۔ ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو انکار کی پاداش میں انھیں ساڑھے نو سال منشیات کے الزام میں قید بھگتنا پڑی۔ رہائی کے بعد انہوں نے اپنی زندگی وہیں سے دوبارہ شروع کرنے کی کوششں کی، لیکن 2016 میں نواز شریف حکومت نے لاہور میں ‘دی فرنٹیئر پوسٹ’ کا ڈیکلریشن ایک سزا یافتہ مالک ہونے کی وجہ سے منسوخ کر دیا تھا۔ اس کے بعد زندگی نے انہیں مزید مہلت نہ دی کہ وہ اخبار کو دوبارہ چلا سکیں۔

تقسیم کے بعد سے لیکر چند سال پہلے تک صحافتی تنظیموں کا کردار بہت اہم اور پرزور و پراثر ہوا کرتا تھا اور لیڈرشپ جان کی بازی لگا دیا کرتی تھی۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (پی ایف یو جے) کا آزادی صحافت اور اظہار رائے کے لئے نا صرف ایک تاریخی کردار رہا ہے بلکہ اسکے لئے صحافیوں نے ہر دور میں مزاحمت کر کے جیلیں بھی بھگتیں، کوڑے تک کھائے اور سڑکوں پر پولیس تشدد برداشت کیا۔ یہ مزاحمت اب کہیں نظر نہیں آتی۔ قائد اعظم محمد علی جناح کی آزادی سے پہلے 11 اگست کی اسمبلی میں تقریر کو اشاعت سے روکنے کی پریس ایڈوائس کے بعد وہ تقریر سوائے روزنامہ ڈان کے کسی اور اخبار نے نہ چھاپی۔ جسکے بعد 1948 میں تین صحافیوں، ایم اے شکور، احمد علی خان، اور اسرار احمد نے ایس ایم لاء کالج میں اجلاس بلا کر صحافتی تنظیم بنانے کی کوشش کی کیوں کہ انہوں نے بھانپ لیا تھا کہ ملک میں پریس کے ساتھ کیا ہونے جا رہا ہے۔ لیکن انہیں اُس اجلاس کی اجازت نہ ملی۔

اسکے بعد انہوں نے سندھ مدرسۃ الاسلام میں اجلاس کر کے سندھ یونین آف جرنلسٹ کی بنیاد رکھی جو بعد میں اگست 1950 میں فیڈرل یونین آف جرنسلٹ میں تبدیل ہوئی۔ ایم اے شکور پی ایف یو جے کے پہلے صدر بنے اور اس وقت سے پی ایف یو جے کی پریس فریڈم کے لئے جدوجہد جاری رہی۔ چاہے ایوب خان کی فوجی آمریت ہو یا ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوریت ، یا پھر اسلامی نظام کے بہروپ میں جنرل ضیاء کا گیارہ سالہ آمرانہ دور ہو یا نوے کی دہائی میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز کی ’’جمہوری حکومتیں‘‘، پی ایف یو جے اور 13 یونینوں نے آزادی صحافت کا پرچم بلند رکھا۔

میں اسی ڈیجیٹل سپیس میں پہلے بھی لکھ چکا ہوں کہ ضیاء کی آمریت میں چار صحافیوں ناصر زیدی، اقبال جعفری، مسعود اللہ خان اور خاور نعیم ہاشمی کو سرعام کوڑے مارے گئے۔ ضمیر نیازی اپنی کتاب میں لکھتے ہیں کہ ضیاء اتنا بدترین آمر تھا جو کہتا تھا کہ “میں تمام اخبارات پانچ سال کے لئے بند کر دوں گا اور میرے خلاف اگر کسی نے آواز اٹھائی یا احتجاجی جلوس نکالا تو انہیں جیل میں بند کر دوں گا”۔ اس دور میں اخبارات سنسر شدہ خبر کی جگہ کو خالی چھوڑ دیا کرتے تھے تاکہ پتہ چل سکے کہ خبر سنسر اور پریس ایڈوائس کی نظر ہو گئی ہے۔ پی ایف یو جے کی تحریک تب بھی نہ تھمی تو اس میں گروپ بندیاں کرائی گئیں۔ جس کے باعث ویج بورڈ کے فوائد کو ختم کرنے کے لئے سیٹھوں کی ملی بھگت سے کنٹریکٹ کی بنیاد پر ملازمتیں دی گئیں اور اس کا اطلاق نجی ٹی وی چینلز اور اب ڈیجیٹل میڈیا پر بھی جاری ہے۔ اس نیو میڈیا کے دور میں یونینز اور فیڈریشن کی قوت بتدریج کم ہوتی گئی۔ اب زیادہ تر اختیارات میڈیا ہاؤسز کے مالکان کے ہاتھوں میں ہیں جو وزارتِ اطلاعات یا ریاستی اداروں کے احکامات بجا لانے میں دیر نہیں کرتے کیوں کہ سرکاری اشتہارات سے ہی تو ٹی وی چینل چلتا ہے۔

جنرل مشرف نے میڈیا کی آزادی کا ڈھونگ رچانے کے لئے نجی چینلز کا بازار گرم کیا۔ ایک میڈیا گروپ کو اخبار جریدہ، ٹی وی چینل اور ریڈیو سٹیشن سب چلانے کی بھی اجازت دے دی جس سے خبر یا اطلاعات کی رسانی پر میڈیا گروپس کی اجارہ داری قائم ہوئی۔ ساتھ میں خبروں کے چینلز کھولنے کے بے دریغ لائسنس بھی جاری کر دئیے جس سے نا صرف فیک نیوز کو فروغ ملا بلکہ قیاس آرائیوں اور غلط فہمیوں کو تقویت ملی۔ مشرف نے پیمرا کا کالا قانون بھی دیا جو تب سے آج تک میڈیا کو دبانے کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔ سال 2007 میں ٹی وی چینلز کی ٹرانسمیشن کو پیمرا آرڈیننس کے ذریعے بند کیا گیا۔ صحافیوں اور اینکروں کو مالکان پر دباؤ ڈال کرچینلز سے نکالا گیا۔ سیاستدانوں کے نام تک لینے پر پابندی تھی۔ سب سے پہلے ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کے نام اور تقریر کو چلانے پر پابندی لگی جو آج بھی برقرار ہے۔ بعد میں یہی پابندی نواز شریف اور مریم نواز پر بھی لگی۔ آج کل عمران خان ٹی وی چینلز کے لئے ممنوعہ نام ہیں۔

افسوس کہ ہماری تینوں مین سٹریم پارٹیوں، پیپلز پارٹی، نون لیگ اور تحریک انصاف نے برے وقت کی مشکلات سے کچھ نہیں سیکھا اور اقتدار میں آتے ہی انکی پہلی کوشش میڈیا کو کنٹرول کرنا اور مخالف آوازوں کو دبانا ہوتی ہے۔ اختلاف رائے کسی بھی سیاسی قوت کو پسند نہیں اور اسکو دبانے کے لئے وہ کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ عمران خان کے دور حکومت میں بھی سینکڑوں صحافی روز گار سے محروم کر دیے گئے، ٹی وی چینلز کی نشریات روکی گئیں، سرکاری اشتہارات من پسند میڈیا ہاؤسز کو ملے، علاقائی اخبارات کے اشتہارات بند کر دئیے گئے، صحافی نا صرف اغوا ہوئے بلکہ وفاق سمیت چاروں صوبوں میں کئی تو اپنی جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے۔ مدثر نارو اب تک لاپتہ ہے۔ اسے عدالتی احکامات بھی بازیاب کروانے میں مددگار ثابت نہ ہوئے اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔

اسی طرح شہباز شریف کی پی ڈی ایم کے ساتھ سولہ ماہ کی مخلوط حکومت ہو یا آج کا ڈیڑھ سالہ اقتدار، صحافیوں کے خلاف ماورائے عدالت واقعات میں بد ترین اضافہ ہوا ہے۔ میڈیا کی آزادی کے عالمی انڈیکس 2025میں چھ پوائنٹس کی کمی کے بعد پاکستان 182 ممالک کی فہرست میں 158 پرآچکا ہے۔ گزشتہ برس یہ رینکنگ 152 تھی۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ ملک میں اس وقت آمریت کا راج ہے اور شخصی اور میڈیا کی آزادی ناپید ہیں۔

جمہوری پارٹیاں تو ایک طرف، موجودہ دور کے تمام صحافی بھی مل کر 2025 میں پیکا کے قانون کی ٹھوس مزاحمت نہ کر سکے اور یہ پارلیمان سے ہی پاس نہیں ہوا بلکہ جمہوریت پسند پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیر پرسن، صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی پلک جھپکتے ہی اس قانون کے مسودے پر دستخط کر دئیے۔ اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب پر پولیس کا حملہ ہوا، صحافیوں پر سر عام بدترین تشدد کیا گیا، لیکن صحافیوں کا احتجاج نشستن گفتن برخاستن سے آگے نہ بڑھ سکا۔ مطیع اللہ جان پر انسداد دہشت گردی کے قانون کے تحت کارروائی جاری ہے اور نوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ چند روز میں اس پر فرد جرم بھی لگ جائے گی لیکن موجودہ دور کے صحافیوں کی جانب سے کوئی مؤثر احتجاج نہیں دیکھنے میں آیا۔ بس چند سر پھرے بزرگ صحافیوں نے ایک مضبوط بیان جاری کیا جو انگریزی اخبار ڈان یا وائس پی کے اور کچھ دوسرے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے اشاعت کے قابل سمجھا۔

آج میڈیا تاریخ کی بدترین سنسرشپ سے گزر رہا ہے۔ انگریزی اردو اور سندھی کے معروف کالم نویس اور پانی کے حقوق کے لئے صف اول کے ایکٹوسٹ نصیر میمن نے نوجوان نسل “جین ذی” کو مخاطب کرتے ہوئے خوب کہا ہے کہ ” اگر آپ جین ذی سے تعلق رکھتے ہیں اور آپ نے 80 کے دہائی کے پاکستان ٹیلی ویژن کے خبرنامے نہیں دیکھے تھے تو قدرت نے آپکو پھر ایک موقع دیا ہے۔ اب کسی بھی نیوز چینل کا کوئی بھی خبرنامہ دیکھ کر وہی لطف اٹھائیں۔”

آج کے حکمرانوں کو شاید سمجھ نہیں آرہی کہ اسٹیبلشمنٹ کے اشاروں پر جو صورتحال انہوں نے صحافت اور میڈیا کی آزادی سلب کر کے پیدا کی ہے وہ کل کو انہی کے گلے پڑ جائے گی۔ انہیں شاید ادراک نہیں کہ آزاد میڈیا ہی جمہوریت کا اہم ترین ستون ہوتا ہے اور یہی شفافیت کو فروغ دیتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here