۲۳ اکتوبر ۲۰۲۵
تحریر: حضرت علی
چمن
چمن میں پاک افغان بارڈر آج بارہویں روز بھی ہر قسم کی آمدورفت اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے مکمل طور پر بند ہے۔ تاہم حکام کی جانب سے صرف افغان مہاجرین کی اپنے وطن واپسی اور اسپین بولدک میں پھنسے ہوئے خالی پاکستانی ٹرکوں کو گزرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
بارڈر کی بندش کے باعث ہزاروں ڈرائیور چمن شہر میں پھنسے ہوئے ہیں جو شدید مالی اور ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ ڈرائیور محمد عثمان نے وائس پی کے کو بتایا، “گزشتہ بارہ دنوں سے یہاں چمن شہر میں پھنسے ہوئے ہیں۔ بارڈر بند ہونے سے نہ صرف ہماری گاڑیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ آمدنی بھی بند ہو گئی ہے۔ گھر والے وہاں پریشان، ہم یہاں پریشان ہیں۔ رہائش اور خوراک کے مسائل بھی ہیں۔ اس وقت چمن شہر میں رات کے وقت شدید سردی رہتی ہے اور خرچے بھی ختم ہو گئے ہیں۔”
تاجروں کو کروڑوں روپے کا نقصان
دوسری جانب تاجروں کو روزانہ کروڑوں روپے کے نقصانات ہو رہے ہیں۔ چمن چیمبر آف کامرس کے سینئر عہدیدار حاجی عبدالباری اچکزئی نے وائس پی کے کو بتایا، “جہاں بھی بم دھماکہ ہو جاتا ہے، حکومت سب سے پہلے بارڈرز بند کر دیتی ہے جو کہ ناقص پالیسی ہے۔ تازہ پھلوں کے تاجروں کو اس وقت کروڑوں روپے کے نقصانات ہو رہے ہیں اور سرحد کی دونوں جانب پاکستانی تاجر مار کھا رہے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا، “افغانستان میں پاکستانی تاجروں نے ایڈوانس میں انار اور انگور کے باغات ٹھیکے پر لیے ہیں اور اب بارڈر کی بندش سے انار، پیاز اور انگور قندہار اور اسپین بولدک میں سڑ رہے ہیں جبکہ کیلا اور آلو یہاں سڑ رہے ہیں۔ دونوں جانب پاکستانی تاجر یومیہ کروڑوں روپے کے نقصانات اٹھا رہے ہیں۔”
قیمتوں میں اضافہ
چمن شہر اور بلوچستان کے دیگر کئی علاقے افغانستان کی سبزیوں اور تازہ پھلوں پر انحصار کرتے ہیں۔ اس وقت افغان سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں بے حد بڑھ گئی ہیں جبکہ پاکستانی پھلوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔
سبزی منڈی یونین کے ممبر حاجی جمال شاہ نے وائس پی کے کو بتایا، “افغانستان سے روزانہ چمن سبزی منڈی میں انار، انگور، پیاز اور ٹماٹر آ رہے تھے۔ بارڈر بندش سے پہلے ٹماٹر کی فی کلو قیمت 150 روپے تھی، اب 400 کا ہندسہ عبور کر گئی ہے۔ پیاز، انگور اور انار کی قیمتیں اب تین گنا بڑھ گئی ہیں۔”
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے کیلا اور آلو جا رہے تھے۔ “کیلا جو پہلے 800 روپے کریٹ تھا، اب وہ پانچ سو تک آ گیا ہے۔ آلو کی بوری پہلے چھ سے سات ہزار روپے تھی، اب وہ تین سے چار ہزار کے درمیان فروخت ہو رہی ہے۔ اس وقت تاجر کروڑوں روپے کے نقصان اٹھا رہے ہیں۔ دونوں حکومتوں سے پرزور اپیل ہے کہ حالات چاہے جیسے بھی ہوں، خدارہ بارڈر کو بند نہ کیا جائے، خاص کر تجارت کے لیے۔”
مقامی شہریوں کی پریشانیاں
چمن کے زیادہ تر لوگ اسپین بولدک کے ساتھ تجارت سے وابستہ ہیں۔ اس چھوٹے مگر گنجان آباد شہر میں نہ کوئی صنعت ہے اور نہ ہی بڑی زراعت۔
چمن شہر کے مقامی شہری محمد نعیم نے وائس پی کے کو بتایا، “ہم چمن بارڈر سے پاسپورٹ پر آمدورفت کر کے کچھ سامان افغانستان سے لاتے تھے۔ پانچ چھ سو روپے کماتے تھے جن سے گھر کا گزر بسر ہوتا تھا۔ جب سے بارڈر بند ہوا، ہمارے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے۔ دونوں حکومتوں سے پرزور اپیل ہے کہ بارڈر مکمل طور پر کھولا جائے تاکہ ہمارا روزگار بحال ہو سکے۔”
مذاکرات سے امیدیں وابستہ
25 اکتوبر کو ترکی کے شہر استنبول میں پاکستان اور افغانستان کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور شروع ہوگا۔ چمن کے تاجروں کو امید ہے کہ ان مذاکرات میں دونوں ممالک کسی نئے تجارتی لائحہ عمل پر اتفاق کر لیں گے جس سے بارڈر کھلنے اور معاشی سرگرمیوں کے بحال ہونے کی راہ ہموار ہو سکے گی۔