27 اکتوبر 2025

تحریر

اسلام گل


پشاور: قبائلی اضلاع میں جاری بدامنی کے خلاف خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنے آبائی ضلع خیبر میں قیام امن کیلئے ایک تاریخی امن جرگہ منعقد کیا۔ اس جرگے میں ضم شدہ قبائلی اضلاع سمیت صوبے کے مختلف علاقوں سے سیاسی جماعتوں کے کارکنان اور قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کی نامزدگی کے بعد ایک مخصوص سوچ کے حامل افراد نے ان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا شروع کیا جو غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام سے لے کر نائن الیون تک قبائلی عوام نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کی، لیکن بعد میں بنائی گئی بعض پالیسیوں نے ان علاقوں کے لوگوں کو قربانی کا بکرا بنا دیا۔ ان کے بقول قیام امن کے نام پر پشتونوں نے بھاری قیمت ادا کی مگر اب مزید ظلم برداشت نہیں کیا جائے گا۔

فوجی آپریشن کی مخالفت

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ فوجی آپریشنوں اور ڈرون حملوں سے عوام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، مگر کسی نے ان کے دکھوں کا مداوا نہیں کیا۔ ان کے مطابق 2022 میں عسکری حکام نے مسلح افراد کو واپس لانے کا فیصلہ کیا حالانکہ مقامی لوگوں نے اس کی سخت مخالفت کی تھی، جس کے نتیجے میں صوبے بھر میں بدامنی کی نئی لہر شروع ہوئی۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ نیا فوجی آپریشن کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا کیونکہ ماضی کے تجربات نے صرف نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبے سے متعلق فیصلوں میں عوام اور منتخب نمائندوں کی رائے لازمی طور پر شامل کی جائے۔

تمام قبائلی اضلاع میں امن جرگے منعقد کرنے کا اعلان

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ امن کے قیام کیلئے تمام قبائلی اضلاع میں امن جرگے منعقد کیے جائیں گے، جبکہ ایک بڑا جرگہ پشاور میں ہوگا جس کی تجاویز اور مطالبات وفاقی حکومت کے سامنے رکھے جائیں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو اس کے نتائج خطرناک ہوں گے، اور قبائلی عوام کی رائے کے بغیر کوئی بھی عمل قابل قبول نہیں ہوگا۔

مذاکرات کا راستہ اپنانا ہوگا: قبائلی رہنما

شمالی وزیرستان کے قبائلی رہنما ملک خان مرجان نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے پوری قبائلی پٹی بدامنی کی لپیٹ میں ہے جس سے مقامی آبادی بری طرح متاثر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی بڑی طاقتوں نے بھی مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اپنایا تو یہاں ایسا کیوں نہیں ہو سکتا۔

قبائلی رہنما حاجی محمد محسود نے کہا کہ وہ سیاسی نظریات سے بالاتر ہو کر قیام امن کیلئے اس جرگے میں شریک ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق وزیرستان سمیت تمام پشتون علاقوں میں امن کے قیام کیلئے ایسے جرگے ہونے چاہییں کیونکہ صورتحال تشویشناک ہے۔

جرگے کی تجاویز پر پالیسی سازوں سے مشاورت ہوگی

ضلع خیبر کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی نے کہا کہ وزیراعلیٰ جرگے کی تجاویز کو لے کر پالیسی سازوں سے مشاورت کریں گے تاکہ پشتون عوام کی حقیقی ترجمانی کی جا سکے۔

رکن قومی اسمبلی محمد اقبال آفریدی نے کہا کہ علاقے میں کسی قسم کے آپریشن کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی حکام کی طرف سے دی جانے والی دو تجاویز—علاقہ خالی کرنا یا مقامی قبائلی لشکر بنانا—دونوں ناقابل قبول ہیں کیونکہ ماضی میں ایسے اقدامات سے کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکلا۔

سینیٹر نورالحق قادری نے کہا کہ نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ صوبے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر افغانستان کے ساتھ مسائل مذاکرات کے ذریعے حل نہ کیے گئے تو اس کے نتائج پورے خطے کیلئے نقصان دہ ہوں گے۔

مالی مطالبات

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ این ایف سی میں قبائلی اضلاع کے سالانہ حصے اور صوبے کی بجلی کے خالص منافع کی مد میں بقایاجات فوری طور پر واپس کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے وسائل کے حصول کیلئے کسی سے منت نہیں بلکہ یہ حق کا حصول ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کا بائیکاٹ

جرگے کے پنڈال میں صرف سفید اور قومی پرچم نظر آئے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے علاوہ تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے شرکت کی۔ یہ امن جرگہ ایسے وقت میں منعقد ہوا جب ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں مقامی عمائدین کی مسلح گروپوں سے بات چیت کے دو دور مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ سنٹرل کرم میں سیکیورٹی فورسز پر حملے کے بعد جاری آپریشن سے ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں جو اس وقت پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا دیے ہوئے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here