تحریر:‌ رانا مالہی


اسلام آباد

اسلام آباد پولیس نے گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مبینہ آڈیو کو جعلی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں کے خلاف کسی قسم کی خصوصی چیکنگ یا کارروائی کی کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی۔

یاد رہے کہ یہ آڈیو سب سے پہلے معروف یوٹیوبر عمران ریاض خان نے اپنے وی لاگ میں شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ ریکارڈنگ انہیں پولیس کے ایک واٹس ایپ گروپ سے ان کے ذرائع نے فارورڈ کی ہے۔ وی لاگ میں سنائی دینے والی گفتگو میں مبینہ طور پر ایک پولیس افسر اہلکاروں کو یہ ہدایت دیتے سنے گئے کہ وہ کشمیر سے آنے والے شہریوں کو خصوصی طور پر چیک کریں۔

اسلام آباد پولیس نے اس آڈیو کو جعلی اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو میں کیا گیا دعویٰ بے بنیاد ہے۔ ترجمان نے کہا کہ دارالحکومت میں کسی مخصوص برادری یا علاقے سے تعلق رکھنے والے افراد کے خلاف کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئیں، اور اسلام آباد میں چیکنگ کا عمل تمام شہریوں کے لیے یکساں ہے۔ پولیس کے بیان میں شہریوں سے کہا گیا کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں پر یقین نہ کریں، کیونکہ جھوٹی خبریں یا آڈیوز پھیلانا قانوناً جرم ہے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے آڈیو کے ماخذ کا پتہ لگانے کے لیے ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز کی سربراہی میں ایک اندرونی انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق، ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ آڈیو ایک سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) کے فون سے وائرل ہوئی، جو اُس وقت نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کی نگرانی پر مامور تھا۔

متعلقہ افسر نے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی گفتگو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ ان کے مطابق وہ موقع پر تعینات گروپ لیڈرز کو امن و امان برقرار رکھنے کے حوالے سے ہدایات دے رہے تھے، نہ کہ کسی مخصوص شناخت کے افراد کے خلاف کوئی حکم جاری کر رہے تھے۔

مبینہ آڈیو کے وائرل ہونے والے دن اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقیم کشمیری شہریوں، وکلا اور سول سوسائٹی کے اراکین نے نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے آزاد کشمیر میں جاری مہنگائی، بجلی نرخوں میں اضافے، ٹیکسوں کے نفاذ اور مبینہ پولیس تشدد کے خلاف نعرے بازی کی۔ احتجاج کے دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا، جس کے نتیجے میں متعدد کو حراست میں لے لیا گیا۔

اس احتجاجی مظاہرے اور گرفتاریوں کی کوریج کرنے والے صحافیوں کو بھی پولیس نے تشدد کا نشانہ بنایا اور کیمرے اور موبائل فون چھین لیے۔ پولیس اہلکار نیشنل پریس کلب کے احاطے میں داخل ہوئے اور صحافیوں اور کیمرا مینوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ نیشنل پریس کلب کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور موقع پر موجود صحافیوں کی بنائی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار پریس کلب کی کینٹین میں آکر صحافیوں اور کلب کے ملازمین پر لاٹھی چارج کر رہے ہیں۔

پریس کلب پر حملے کے بعد صحافتی تنظیموں نے ملک بھر میں احتجاج کیا۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور دیگر اداروں نے اس کارروائی کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا۔ پریس کلب کی عمارت پر سیاہ پرچم لہرائے گئے اور پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران صحافیوں نے واقعے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔

آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ احتجاج بجلی نرخوں میں اضافے، بھاری ٹیکسوں اور مراعات یافتہ طبقے کے خلاف عوامی غصے سے شروع ہوا۔ یہ تحریک یکم اکتوبر کو شدت اختیار کر گئی، جب جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی قیادت میں مظفرآباد، راولا کوٹ اور کوٹلی سمیت مختلف شہروں میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے۔ عوام کا مطالبہ تھا کہ آزاد کشمیر کو پاکستان کے دیگر حصوں کی طرح سستی بجلی فراہم کی جائے، غیر ضروری ٹیکس ختم کیے جائیں، اور حکومتی اخراجات میں شفافیت لائی جائے۔ احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جن میں متعدد افراد زخمی اور کم از کم دس افراد جاں بحق ہوئے۔ اس صورتحال کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور کئی مقامات پر کاروبار، تعلیمی ادارے اور ٹرانسپورٹ بند ہو گئے۔

صورت حال سنگین ہونے پر وفاقی حکومت نے فوری نوٹس لیا اور ایک اعلیٰ سطحی وفد مظفرآباد بھیجا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال کی سربراہی میں حکومتی ٹیم نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندوں سے مذاکرات کیے، جو دو روز تک جاری رہے۔ فریقین کے درمیان ایک تحریری معاہدہ طے پایا، جس کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ دیا جائے گا، زخمیوں کو مالی امداد فراہم کی جائے گی، اور بجلی و ٹیکسوں سے متعلق عوامی مطالبات پر پندرہ دن میں پیش رفت کی جائے گی۔ معاہدے کے بعد جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا، جس سے خطے میں امن و امان بحال ہوا اور کشیدگی میں واضح کمی آئی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here