31 اکتوبر 2025
تحریر
اعتزاز ابراہیم
سرگودھا: پنجاب کے ضلع سرگودھا کے علاقے عزیز کالونی میں پرائیویٹ سکول کے نویں جماعت ایک طالب علم کے ساتھ اسی سکول کے سینئر طلبہ کی جانب سے گن پوائنٹ پر مبینہ جنسی زیادتی اور اس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق واقعہ تین ماہ قبل پیش آیا جب متاثرہ طالب علم کو اسی سکول کے تین سینئر طلبہ — حسیب، جواد اور حذیفہ — نے مبینہ طور پر چھٹی کے بعد زبردستی ایک گھر میں لے جا کر گن پوائنٹ پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ملزمان نے اس دوران متاثرہ طالب علم کی ویڈیو بھی بنائی جو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل کر دی گئی۔
متاثرہ لڑکے کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن سرگودھا میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 375 اے، 376(iii) اور 292 شامل کی گئی ہیں۔ درخواست میں متاثرہ کی والدہ نے بتایا کہ ان کے بیٹے کے ساتھ زیادتی کرنے والے تینوں لڑکے اس کے سکول فیلو ہیں اور اس واقعے کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ میں ہے۔
ایف آئی آر میں شامل دفعات کے مطابق دفعہ 375 اے جنسی زیادتی کے جرم سے متعلق ہے، جس میں کسی بھی نابالغ یا بالغ شخص کے ساتھ زبردستی یا دباؤ کے تحت جنسی عمل کرنے کو سنگین جرم قرار دیا گیا ہے۔ دفعہ 376 (iii) کے تحت اگر زیادتی کا شکار نابالغ (یعنی 18 سال سے کم عمر) ہو تو ملزمان کو عمر قید یا سزائے موت تک کی سزا دی جا سکتی ہے، اور اس کے ساتھ جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح دفعہ 292 کے تحت کسی بھی فحش ویڈیو، تصویر یا مواد کی تیاری، اشاعت یا تقسیم جرم ہے جس کی سزا قید اور جرمانہ دونوں ہو سکتے ہیں۔
تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کے پولیس اہلکار محمد ادریس نے وائس پی کے سے گفتگو میں بتایا کہ تینوں گرفتار ملزمان کی عمریں تقریباً 16 سے 17 سال کے درمیان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے بعد ملزمان کے ڈی این اے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں اور انہیں فرانزک تجزیے کے لیے لاہور میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی بھیجا جائے گا۔ محمد ادریس کے مطابق پولیس واقعے کے تمام پہلوؤں پر تفتیش کر رہی ہے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کے بارے میں یہ الزام بھی سامنے آرہا ہے کہ نہ صرف متاثرہ کے ساتھ بلکہ دیگر طلبہ کے ساتھ بھی اسی نوعیت کے واقعات میں ملوث رہے ہیں اور اس پہلو پر بھی تحقیقات جاری ہیں ۔
یہ بات یہاں قابل ذکر کہ اگر کسی مجرم میں 18 سال سے کم عمر ملوث ہے تو اسکا ٹرائل جووینائل جسٹس سسٹم ایکٹ ۲۰۱۸ کے تحت کیا جاتا ہے۔ اس قانون کے مطابق اگر کوئی ملزم اٹھارہ برس سے کم عمر ہو تو اس کے خلاف مقدمہ خصوصی جووینائل عدالت میں چلایا جاتا ہے۔ جووینائل جسٹس سسٹم ایکٹ ۲۰۱۸ کے تحت نابالغ مجرموں کو سزائے موت یا عمر قید نہیں دی جا سکتی۔
دوسری جانب، پنجاب جیل خانہ جات کی ویب سائٹ پر جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق صوبے کی مختلف جیلوں میں اس وقت 769 کم عمر (جووینائل) قیدی مختلف جرائم کے الزام میں قید ہیں، جن میں سے 653 زیرِ سماعت ہیں۔