18 اکتوبر 2025

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد: جمعے کے روز سپریم کورٹ پاکستان میں چیف جسٹس پاکستان کی زیر صدارت قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کا 55واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی شرعی عدالت اور چاروں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان نے شرکت کی، جب کہ اٹارنی جنرل پاکستان کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ کمیٹی نے اجلاس کے دوران پچھلے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا اور ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط بنانے، انصاف تک رسائی تیز کرنے اور عدالتی خدمات کو مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ عدلیہ کے تمام درجات میں ادارہ جاتی ہم آہنگی انصاف کے مؤثر اور شفاف نظام کے لیے ناگزیر ہے۔

‎جبری گمشدگیوں کے مسئلے پر ادارہ جاتی ردعمل

‎اجلاس کے آغاز میں چیئرمین نے اٹارنی جنرل پاکستان کو جبری گمشدگیوں کے حوالے سے پیش رفت پر بریفنگ دینے کی دعوت دی۔ اٹارنی جنرل نے کمیٹی کو بتایا کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی شق 11 ای ای ای ای میں ترمیم کے بعد اس مسئلے کا بیشتر حصہ حل ہو گیا ہے۔ ترمیم کے تحت کسی بھی زیر حراست شخص کو 24 گھنٹوں کے اندر مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عدم تعمیل کی شکایات کے ازالے کے لیے ایک جامع طریقہ کار پر کام جاری ہے جو آئندہ اجلاس میں کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ کمیٹی نے اس یقین دہانی کا خیر مقدم کیا۔

‎عدلیہ کی آزادی کا تحفظ

‎چیف جسٹس نے ضلعی سطح پر ججوں پر دباؤ سے نمٹنے کے لیے ہائی کورٹس کی جانب سے معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) کی منظوری اور نفاذ کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کے لیے بھی اسی نوعیت کے حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔ چیئرمین نے ججوں کے ضابطہ اخلاق میں ترامیم کی تجاویز پیش کیں جن میں 1967 اور 2003 میں سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے منظور شدہ دفعات کو ضابطہ اخلاق کا حصہ بنانے، اور میڈیا کے اتھ معاملات سے متعلق شق میں تبدیلی شامل ہے۔ تمام ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان نے اتفاق رائے سے ان تجاویز کی توثیق کی اور سفارش کی کہ انہیں سپریم جوڈیشل کونسل کے سامنے منظوری کے لیے پیش کیا جائے۔

‎تجارتی مقدمات کے لیے اصلاحات

‎کمیٹی نے تجارتی، محصولات اور ریونیو مقدمات میں تاخیر اور حکم امتناعی کے غلط استعمال سے متعلق ذیلی کمیٹی کی سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سفارشات میں خصوصی بنچوں کے قیام، غیر سنجیدہ مقدمات کو روکنے، وفاقی محاصل بورڈ میں اسکریننگ کمیٹی بنانے، سرکاری اداروں پر غیر حقیقی محصولات کے اہداف کے دباؤ کو کم کرنے اور ٹریبونلز کے ڈھانچے میں اصلاحات شامل تھیں۔ کمیٹی نے یہ سفارشات ہائی کورٹس سے رائے کے لیے شیئر کرنے کی ہدایت کی۔ لاہور ہائی کورٹ کے خصوصی ٹیکس بینچوں کی جانب سے تین ہفتوں میں 922 مقدمات نمٹانے پر خصوصی تحسین کی گئی۔

‎مقدمات کے فیصلوں کے لیے ٹائم لائنز اور ڈبل ڈاکٹ عدالت

‎کمیٹی نے اس بات کا نوٹس لیا کہ ہائی کورٹس نے مختلف نوعیت کے مقدمات کے فیصلوں کے لیے واضح مدت کا تعین کر دیا ہے۔ چیئرمین نے اس اقدام کو عدالتی پیش بینی میں بہتری کا اہم ذریعہ قرار دیا۔ کمیٹی نے پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے ایبٹ آباد میں پہلی بار ڈبل ڈاکٹ عدالت کے قیام کو بھی سراہا۔ پشاور ہائی کورٹ نے فورم کو آگاہ کیا کہ دیگر اضلاع سے بھی اس سہولت کے فروغ کے لیے درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔

‎یہ بھی طے کیا گیا کہ ہائی کورٹس وراثتی سرٹیفکیٹ، خواتین کے وراثتی کیسوں، پرانے مقدمات اور نان و نفقہ کے فیصلوں کے اوسط وقت سے متعلق تفصیلی ڈیٹا آئندہ اجلاس میں پیش کریں گے۔

‎ماڈل عدالتوں کا قیام اور مقدمات کا فوری فیصلہ

‎اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں ماڈل سول عدالتیں قائم کر دی گئی ہیں تاکہ پرانے دیوانی مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جا سکے۔ لاہور ہائی کورٹ کی ماڈل عدالتوں نے صرف 45 دن میں 12 ہزار 278 مقدمات نمٹائے۔ بلوچستان ہائی کورٹ نے 586 مقدمات کا فیصلہ کیا۔ سندھ ہائی کورٹ کو صوبے کے 18 اضلاع میں معذور افراد کے لیے عوامی سہولیات فراہم کرنے پر خصوصی سراہا گیا۔

‎ضلعی عدلیہ میں اصلاحات

‎کمیٹی نے ضلعی عدلیہ کے لیے اصلاحات سے متعلق ذیلی کمیٹی کی سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا، جن میں ججوں کے لیے کارکردگی کے پیمانے عالمی معیار (ورلڈ جسٹس پراجیکٹ کے رول آف لا انڈیکس) کے مطابق مرتب کرنا، بھرتی کے لیے یکساں معیار اور قواعد، امتحانات کا یکساں نصاب اور جانچ کا طریقہ کار، ججوں کے لیے مشترکہ اور خصوصی تربیتی پروگرام، سروس کے یکساں اصول و ضوابط شامل تھے۔

‎چیف جسٹس نے تجویز دی کہ تمام ہائی کورٹس میں آزاد عدالتی بھرتی ڈائریکٹریٹ قائم کیے جائیں تاکہ شفاف بھرتیاں ممکن ہو سکیں۔ مزید یہ کہ وفاقی عدالتی اکیڈمی میں چھ ماہ کا مشترکہ تربیتی پروگرام اور صوبائی عدالتی اکیڈمیوں میں چار ماہ کا خصوصی تربیتی پروگرام متعارف کرایا جائے، جس میں ٹیکنالوجی کے استعمال، زبان کی مہارت، فیصلہ نویسی، ثالثی اور مقدمات کے نظم و نسق کی تربیت شامل ہو۔

‎انہوں نے کارکردگی کے خودکار اور اعداد و شمار پر مبنی نظام کی اہمیت پر بھی زور دیا، جس میں معیاری اور مقداری دونوں پہلو شامل ہوں گے۔ خصوصی عدالتوں کے ججوں کے لیے ڈپلومہ کورسز اور ذہنی دباؤ کے انتظام کے لیے رہنمائی سیشنز بھی تجویز کیےگئے۔

‎جیل اصلاحات کا قومی منصوبہ

‎کمیٹی نے قومی جیل اصلاحاتی ایکشن پلان پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ لاہور، سندھ اور پشاور ہائی کورٹس نے منصوبے کی حمایت کی جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد ماڈل جیل کی جلد تکمیل پر زور دیا۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ صوبائی چیف جسٹس صاحبان صوبائی چیف سیکریٹریز سے مشاورت کریں تاکہ قانون سازی، پالیسی اور انتظامی اقدامات کے لیے تجاویز کو حتمی شکل دی جا سکے۔

‎عدلیہ میں مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال کی ہدایات

‎اجلاس کو بتایا گیا کہ قومی عدالتی خودکار نظام کمیٹی نے عدلیہ میں مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال کے لیے اخلاقی اصولوں کا مسودہ تیار کر لیا ہے۔ یہ مسودہ ملکی ڈیجیٹل پالیسی اور عالمی بہترین طرز عمل کے مطابق ہے۔ کمیٹی نے اس اقدام کو ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے اسے منظوری کے لیے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔

‎عدالتی اصلاحات کے لیے ابلاغی حکمت عملی

‎کمیٹی نے عدالتی اصلاحات کے بارے میں عوامی شعور اجاگر کرنے، شفافیت بڑھانے اور عوامی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے ایک منظم ابلاغی حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس مقصد کے لیے لاہور ہائی کورٹ، سندھ ہائی کورٹ اور قانون و انصاف کمیشن کے سیکریٹری پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اپنی سفارشات آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔

‎عدالتی نظام میں ڈیجیٹل تبدیلی کا منصوبہ

‎وزارت اطلاعات و ٹیکنالوجی کے سیکریٹری نے ملک بھر کی ضلعی عدالتوں میں ڈیجیٹل نظام کے نفاذ کا روڈ میپ پیش کیا، جس میں کنیکٹیوٹی اور عدالتی عمل کی ڈیجیٹلائزیشن کے دو اہم پہلو شامل ہیں۔ کمیٹی نے وزارت کو ہدایت دی کہ وہ پہلے موجودہ انفراسٹرکچر کی مطابقت کا جائزہ لے اور پھر مرحلہ وار عدالتی عمل کو ڈیجیٹل نظام میں منتقل کرنے اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کا منصوبہ مرتب کرے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here