13 اکتوبر 2025
رپورٹ: اسلام گل
خیبر: ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل کے مقامی شینواری قبیلے کی ذیلی شاخ خوگہ خیل کے لوگوں نے طورخم میں حکومت کو معاہدے کے تحت دی گئی زمین کے بدلے ملنے والی مراعات کو ناکافی قرار دیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ 2012 میں طورخم ٹرمینل کی تعمیر کے لیے ایف بی آر اور این ایل سی کو 300 کنال زمین فراہم کی گئی تھی، تاہم نہ صرف اس حد سے تجاوز کرتے ہوئے مزید زمین پر تعمیرات کی گئی ہیں بلکہ معاہدے کے تحت دیگر سہولیات بھی فراہم نہیں کی جا رہیں۔
ملک تاج الدین شینواری، جو اپنے قبیلے کے اُن سرگرم عمائدین میں شامل ہیں جو حکومت سے زمین کے بدلے حقوق کے حصول کے لیے کوشاں ہیں، نے وائس پی کے کو بتایا کہ پاک افغان سرحدی گزرگاہ پر تجارتی سرگرمیوں میں آسانی پیدا کرنے اور اُن کا حجم بڑھانے کے لیے 2012 میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو 432 کنال زمین درکار تھی، جس میں سے 132 کنال سیکورٹی اداروں کے ساتھ لیز پر تھی۔ اس سلسلے میں 2016 میں خوگہ خیل قبیلے کی کمیٹی کے ساتھ معاہدے کے تحت 300 کنال زمین حوالے کی گئی۔
اُنہوں نے بتایا کہ معاہدے کے تحت سالانہ فی کنال 66 ہزار 600 روپے اور ٹرک اسٹینڈ سے 15 فیصد حصہ دینے پر اتفاق کیا گیا تھا، جس پر فی الحال عمل ہو رہا ہے، تاہم ایف بی آر اور این ایل سی نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 726 کنال زمین پر تعمیرات کی ہیں۔ اُن کے مطابق ٹرمینل میں 75 فیصد کلاس فور ملازمتیں مقامی افراد کو دینے کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا، جس سے مقامی لوگوں کو بے روزگاری کا سامنا ہے۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ خوگہ خیل قبیلہ طورخم میں ہونے والے کسی بھی ایسے اقدام کی سخت مخالفت کرے گا جو معاہدے کے خلاف ہو۔
خوگہ خیل قبیلے کی آبادی تقریباً ڈیڑھ لاکھ ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مچنی چیک پوسٹ سے لے کر طورخم زیرو پوائنٹ تک تمام زمین ان کی ملکیت ہے۔ کچھ اراضی کا ریکارڈ 1919 میں درج کیا گیا جبکہ 1975 میں دوبارہ حد بندی کی گئی۔ مقامی عمائدین کے مطابق لنڈی کوتل اور ملحقہ علاقوں کے تقریباً دس لاکھ افراد کا روزگار طورخم کی تجارتی سرگرمیوں سے وابستہ ہے۔
طورخم ٹرمینل کی تعمیر تقریباً مکمل ہو چکی ہے، تاہم مقامی عمائدین کو خدشہ ہے کہ نئی پالیسیوں کے ذریعے مقامی لوگوں کے معاشی مواقع محدود کیے جا رہے ہیں۔ طورخم کسٹم کلیئرنس ایجنٹس اور ٹرانسپورٹ کے چیئرمین معراج الدین شینواری نے کہا کہ لنڈی کوتل میں مقامی آبادی کے لیے روزگار کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اُن کے مطابق زمین اس امید پر دی گئی تھی کہ مقامی لوگوں کے لیے معاشی مواقع پیدا کیے جائیں گے، مگر بدقسمتی سے عمائدین سے مشاورت کے بغیر ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن سے لوگوں کا روزگار متاثر ہو رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کا کوئی بھی یکطرفہ فیصلہ قبول نہیں کیا جائے گا۔
تاج الدین شینواری نے بتایا کہ مچنی چیک پوسٹ سے لے کر طورخم زیرو پوائنٹ تک تمام زمین خوگہ خیل قبیلے کی ملکیت ہے۔ اُن کے مطابق 1919 میں اراضی کا اندراج ہوا تھا جبکہ 1976 میں دوبارہ حد بندی کرائی گئی، جس کا ریکارڈ حکومت کے پاس موجود ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایف بی آر اور این ایل سی کے ساتھ معاہدے سے پہلے بھی خوگہ خیل قبیلے کو ٹرک اسٹینڈ کی مد میں ادائیگی کی جاتی تھی، تاہم معاہدے کے بعد اب یہ رقم متعلقہ ادارے وصول کرتے ہیں اور بعد میں قبیلے کو دی جاتی ہے۔ اُن کے مطابق 300 کنال زمین کے بدلے سالانہ 5 سے 6 کروڑ روپے ملتے ہیں، لیکن اضافی زمین پر ہونے والی تعمیرات کا کوئی معاوضہ نہیں دیا جا رہا، جبکہ ٹرک اسٹینڈ کی مد میں 15 فیصد حصہ اور اس میں سالانہ اضافہ بھی تاحال حل طلب مسائل ہیں۔
خوگہ خیل ایکشن کمیٹی کے مطابق حکومت کی جانب سے زمین کی لیز کے بدلے سالانہ 5 سے 6 کروڑ روپے اور ٹرک اسٹینڈ سے 15 فیصد حصہ دیا جا رہا ہے، تاہم اُن کا مطالبہ ہے کہ زمین کی نئی حد بندی کے ساتھ ساتھ پرانے معاہدے میں کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں تاکہ مقامی لوگوں کے معاشی مسائل حل ہو سکیں۔
آل طورخم کسٹم کلیئر ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر مجیب شینواری نے کہا کہ ٹرمینل کی تعمیر سے مقامی لوگوں کے معاشی مواقع کم ہوتے جا رہے ہیں، جو فائدے کے بجائے نقصان کا باعث بن رہے ہیں۔ اُن کے مطابق مسافر گاڑیاں، اڈے، سامان کی ترسیل، ہوٹل، ورکشاپس، کسٹم کلیئرنس ایجنٹس اور مال بردار گاڑیاں سب طورخم کی مقامی معیشت کا حصہ ہیں، مگر پالیسیوں کی وجہ سے روزگار کے یہ ذرائع متاثر ہو رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ خوگہ خیل قبیلے کا تنازعہ طویل عرصے سے چلا آ رہا ہے لیکن اب تک اس کے حل میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ موجودہ مطالبات میں ٹرمینل کی پیمائش، لوئر اسٹاف میں 75 فیصد مقامی نوجوانوں کی بھرتی، اور اعلیٰ عہدوں پر بھی اہل مقامی افراد کو ترجیح دینا شامل ہے۔
ملک تاج الدین شینواری کے مطابق خوگہ خیل کے نوجوانوں نے 2021 میں بڑا احتجاجی دھرنا دیا تھا اور وقتاً فوقتاً احتجاج جاری ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم بار بار حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ مسائل کو بات چیت اور قبیلے کی نمائندہ کمیٹی کے ذریعے حل کیا جائے، لیکن بدقسمتی سے اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہو رہی۔ اُنہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت کی جانب سے کوئی مثبت جواب نہ آیا تو مقامی قبائل خود ٹرمینل کی پیمائش کریں گے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ 300 کنال سے زیادہ کس حد تک زمین استعمال کی گئی ہے جس کا مالی فائدہ قبیلے کو نہیں ملا۔
اس حوالے سے متعلقہ سرکاری اداروں سے مؤقف جاننے کی کوشش کی گئی، تاہم اُن کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔