29 اکتوبر 2025

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت کا اہم ترین گزرگاہ طورخم بارڈر گزشتہ اٹھارہ روز سے بند ہے۔ بارڈر کی اس طویل بندش کے باعث دونوں اطراف تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہو چکی ہیں، جبکہ پانچ ہزار سے زائد مال بردار ٹرک مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے ہیں۔ ان ٹرکوں میں روزمرہ استعمال کی اشیاء، سبزیاں، پھل اور دیگر تجارتی سامان شامل ہے جو معمول کے مطابق پاکستان میں درآمد کیا جاتا تھا۔

طورخم کے راستے افغانستان سے پاکستان میں روزانہ درجنوں ٹرک داخل ہوتے ہیں جو ٹماٹر، پیاز، کھیرے، سیب، انار اور انگور جیسی سبزیاں اور پھل لے کر آتے ہیں۔ ان درآمدات پر بڑی حد تک پاکستان کی منڈیوں کا انحصار ہوتا ہے۔ تاہم اس بارڈر کی بندش نے نہ صرف درآمدی نظام کو متاثر کیا ہے بلکہ پاکستان بھر میں اشیائے خورونوش کی قلت بھی پیدا کر دی ہے۔

منڈی کے کاروباری حلقوں کے مطابق اس بندش نے سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کر دیا ہے۔ لاہور، پشاور، راولپنڈی، کراچی اور دیگر بڑے شہروں میں سبزیوں کی قیمتیں چند دنوں میں دگنی سے بھی زیادہ ہو چکی ہیں۔

لاہور کی سبزی منڈی میں ٹماٹر کی سرکاری قیمت 185 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن مارکیٹ میں یہ 400 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ پیاز کی سرکاری قیمت 115 روپے ہے مگر عملی طور پر یہ 200 روپے فی کلو تک پہنچ چکا ہے۔ اسی طرح پھلوں میں انگور کی سرکاری قیمت 460 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں یہ 1200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ بارڈر بند ہونے کے بعد سبزیوں اور پھلوں کی ترسیل بری طرح متاثر ہوئی ہے، جس کے باعث طلب اور رسد میں بڑا فرق پیدا ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق اشیاء کی قیمتیں منڈی میں ہی بہت زیادہ ہیں اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نرخ نامے موجودہ صورتحال کے مطابق نہیں۔

ایک مقامی دکاندار نے بتایا کہ ’’ہمیں سبزی اور پھل منڈی سے پہلے ہی مہنگے داموں ملتے ہیں، اگر ہم سرکاری ریٹ پر فروخت کریں تو ہمیں نقصان ہوتا ہے۔ لیکن اگر اپنے حساب سے بیچیں تو انتظامیہ کارروائی کرتی ہے‘‘۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ حکومت کو موجودہ حالات کے مطابق نرخ نامے ازسرنو طے کرنے چاہییں اور بارڈر کی بندش کے مسئلے کو فوری حل کرنا چاہیے تاکہ منڈیوں میں استحکام پیدا ہو سکے۔

دوسری جانب عوام بھی اس صورتحال سے سخت پریشان ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بارڈر بندش کے باعث روزمرہ استعمال کی چیزیں عوام کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں۔ ایک شہری کے مطابق، ’’اب تو سبزی خریدنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ ٹماٹر اور پیاز جیسی بنیادی چیزیں بھی عام آدمی کے بس سے باہر ہیں‘‘۔

عوام کا کہنا ہے کہ حکومت کی غفلت اور سرکاری مشینری کی سست روی نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے۔ ان کے مطابق بارڈر کے معاملے پر حکومت کو افغانستان کے ساتھ فوری مذاکرات کرنے چاہییں تاکہ تجارتی راستے دوبارہ کھل سکیں اور مارکیٹ میں اشیاء کی سپلائی بحال ہو۔

طورخم بارڈر کی بندش نہ صرف تاجروں کے لیے معاشی نقصان کا باعث بن رہی ہے بلکہ عام شہریوں کے لیے زندگی مزید مہنگی اور دشوار بنا چکی ہے۔ اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو آنے والے دنوں میں مہنگائی کی یہ لہر مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here