۱۱ نومبر ۲۰۲۵

سٹاف رپورٹ


لاہور

نامور قانون دان اور سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف علی نے کہا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کی مدتِ ملازمت کتنی ہوگی۔

آج نیوز کے پروگرام اسپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے اشتر اوصاف علی نے کہا کہ چونکہ اب سروسز چیف کے عہدے کی مدت میں اضافے کا قانون بھی بن چکا ہے اور آرمی چیف عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے رینک پر ترقی بھی دے دی گئی ہے، اس لیے ایک نیا نوٹیفکیشن جاری کیا جانا چاہیے جس میں ان کے نئے رینک اور عہدے کو شامل کیا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل ایک ٹائٹل ہوتا ہے اور دنیا میں کہیں بھی ایسا نہیں ہوتا کہ ایک دفعہ دیا گیا ٹائٹل کبھی واپس نہ لیا جا سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال پارلیمنٹ نے پاکستان آرمی ایکٹ، پاکستان نیوی ایکٹ اور پاکستان ایئر فورس ایکٹ میں ترمیم کرتے ہوئے تینوں سروسز چیفس کی مدتِ ملازمت کو تین سال سے بڑھا کر پانچ سال کر دیا تھا۔

اسی لیے بعض حلقے یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ موجودہ آرمی چیف کے عہدے کی مدت میں اضافے کے لیے نئے قانون کے تحت نیا نوٹیفکیشن جاری کیا جانا چاہیے۔

تاہم وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ کسی قسم کے نئے نوٹیفکیشن کی کوئی ضرورت نہیں۔

’جمہوری معاشروں میں تاحیات استثنیٰ نہیں ہوتا‘

پروگرام میں شریک تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی شفقت عباس کا کہنا تھا کہ حکومت نے فیلڈ مارشل کے ٹائٹل کو قانونی کور دینے کے لیے پرسن اسپیسفک قانون سازی کی ہے، جس میں عوام کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

صدرِ پاکستان اور فیلڈ مارشل کو تاحیات استثنیٰ دینے کے بارے میں سینئر وکیل بیرسٹر صلاح الدین کا کہنا تھا کہ جمہوری معاشروں میں کسی کو ریٹائرمنٹ کے بعد تاحیات استثنیٰ نہیں دیا جا سکتا، ایسا صرف بادشاہت میں ہوتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں کہیں بھی ایسا نہیں کہ فیلڈ مارشل کو ہٹانے کے لیے دو تہائی اکثریت درکار ہو۔ یہ ایک شخص کے لیے قانون بنایا گیا ہے۔

’ججز کو لگانے کا نہیں، ہٹانے کا اختیار اہم ہوتا ہے‘

ستائیسویں آئینی ترمیم کے حوالے سے میزبان منیزے جہانگیر کے سوال پر کہ کیا ایگزیکٹو کے ذریعے ججز کی تعیناتی سے عدلیہ کی آزادی متاثر ہوگی، سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف علی کا کہنا تھا کہ ماضی میں وہی ججز جنہیں ایگزیکٹو نے تعینات کیا تھا، انہوں نے ہی ایگزیکٹو کے خلاف فیصلے دیے۔ اصل بات یہ ہے کہ ججز کو ہٹانے کا اختیار کس کے پاس ہے اور یہ اختیار ایگزیکٹو کے پاس نہیں۔

اس حوالے سے بیرسٹر صلاح الدین کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایگزیکٹو کے لگائے گئے ججز میں جسٹس منیر، جسٹس نسیم حسن شاہ اور جسٹس سجاد علی شاہ بھی شامل تھے۔ اسی لیے نظام کو تبدیل کیا گیا تھا تاکہ سب کی مشاورت سے ججز تعینات کیے جا سکیں، لیکن اب یہ طریقہ ریورس کر کے تمام اختیار وزیرِ اعظم کے ہاتھ میں دے دیا گیا ہے۔

’سپریم کورٹ کے پاس کبھی سووموٹو کا اختیار ہی نہیں تھا‘

سووموٹو اختیارات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے واضح کیا کہ آئین نے کبھی بھی سپریم کورٹ کو سووموٹو لینے کا اختیار نہیں دیا تھا، لیکن اس کے باوجود کئی سووموٹو لیے گئے کیونکہ یہ اختیار ججز نے خود ایجاد کر لیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس آئینی ترمیم میں واضح کر دیا گیا ہے کہ ججز کے پاس سووموٹو کا اختیار نہیں ہے۔

‘آرٹیکل دو سو تینتالیس میں ترمیم سے سول سپریمیسی ختم ہوگئی ہے’

بیرسٹر صلاح الدین احمد نے بھی تسلیم کیا کہ آئین میں سووموٹو کا اختیار موجود نہیں تھا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس ترمیم کے ذریعے عدلیہ کی آزادی مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 243 میں ترمیم کے ذریعے سولین بالادستی اور افواج کے احتساب میں سویلینز کےکردار کو ختم کر دیا گیا ہے۔ فیلڈ مارشل کے عہدے کو واپس لینے کا حکومتی اختیار بھی ختم کر دیا گیا ہے، جبکہ احتساب کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ جو اتھارٹی کسی کو تعینات کر سکتی ہے وہ اسے ہٹا بھی سکے۔ لیکن جب یہ طے ہو گیا کہ فیلڈ مارشل کو عہدے کی میعاد کے بعد بھی کوئی ذمے داری دی جا سکتی ہے، تو یہ تاحیات اختیار بن جاتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here