01 نومبر 2025

تحریر

اسلام گل


پشاور: پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کے باعث 12 اکتوبر سے بند طورخم سرحدی گزرگاہ پاکستان سے واپس جانے والے افغان مہاجرین کے لیے جمعہ (یکم نومبر) سے کھول دی گئی۔

سرحد کی بندش کی وجہ سے سینکڑوں کی تعداد میں افغان مہاجرین خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں پھنسے ہوئے تھے، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل تھے جنہوں نے سڑک کنارے کھڑی گاڑیوں میں راتیں گزاریں۔

خوشی اور امید کی لہر

ساٹھ سالہ احسان اللہ اپنے خاندان کے ساتھ چالیس سال پنجاب کے ضلع منڈی بہاؤالدین میں گزارنے کے بعد واپس اپنے وطن افغانستان جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ “ہم سرحد کے کھلنے سے بہت خوش ہیں۔ سڑک کنارے بچوں اور خواتین کو کافی مشکلات کا سامنا تھا، لیکن آج واپس جاتے ہوئے بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ “دونوں اسلامی اور ہمسایہ ممالک ہیں۔ جنگ سے کچھ نہیں بنتا، تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل ہونے چاہئیں۔”

سفارتی کوششیں رنگ لائیں

پاکستان میں افغان طالبان کے سفیر سردار احمد شکیب نے جمعرات کو اپنے ایکس اکاؤنٹ پر افغان شہریوں کے نام پیغام میں لکھا کہ “طویل رابطوں اور کوششوں کے بعد پاکستان کے دفتر خارجہ کے حکام نے باضابطہ طور پر یکم نومبر سے طورخم سرحد کھولنے کی تصدیق کی ہے۔”

تاہم پاکستانی حکام نے ابھی تک باقاعدہ طور پر کوئی سرکاری اعلامیہ جاری نہیں کیا۔ سرحدی ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان پیدل آمدورفت اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے تمام سرحدی گزرگاہیں ابھی تک بند ہیں۔

ہفتوں کا مشکل انتظار

تیس سالہ سمیع اللہ کی پیدائش پنجاب کے ضلع گجرات میں ہوئی تھی، جس کی وجہ سے وہ پشتو کے بجائے پنجابی روانی سے بولتے ہیں۔ وہ گھریلو سامان سے لدی گاڑی کے ساتھ پچھلے ایک ہفتے سے جمرود شکاس کے قریب پاک افغان شاہراہ پر سڑک کنارے پھنسے رہے۔

انہوں نے بتایا کہ “خواتین اور بچوں کو پشاور حاجی کیمپ میں اپنے ماموں کے گھر چھوڑ دیا تھا۔ آج صبح فیس بک سے پتہ چلا کہ سرحد کھل گئی ہے۔ یہ بہت خوشی کی بات ہے۔”

انہوں نے کہا کہ وہ شام کو سرحد کی جانب سفر شروع کریں گے کیونکہ فی الوقت راستوں پر اور طورخم پر آٹھ سو کے قریب گاڑیاں موجود ہیں۔ “مشکل سے دو دن میں افغانستان پہنچ پائیں گے۔”

غیرمعمولی رش

جمرود میں قائم عارضی قیام گاہ میں تعینات ایک اہلکار نے بتایا کہ رات سے ہی مہاجرین کا سرحد کی طرف سفر کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ بڑی تعداد میں افغان مہاجرین کی واپسی کے باعث پاک افغان شاہراہ اور طورخم سرحد پر غیرمعمولی رش دیکھا گیا۔

ٹرک ڈرائیور عارف پنجاب سے افغان مہاجرین کو لے کر کابل جا رہے ہیں۔ راستے کی بندش کی وجہ سے وہ دو ہفتوں سے زیادہ عرصہ نوشہرہ کے علاقے اکاخیل میں جی ٹی روڈ پر کھڑے رہے۔ انہوں نے کہا کہ “رات کو سفر شروع کیا اور صبح سویرے جمرود سرکمر پہنچ گئے، لیکن رش کی وجہ سے گاڑیاں آہستہ آگے بڑھ رہی ہیں۔”

تاجروں کی پریشانی

ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ سرحد کی بندش کی وجہ سے پانچ ہزار تک مال بردار گاڑیاں کھڑی ہیں۔ ہدایت اللہ، جو ٹرک ڈرائیور ہیں اور لنڈی کوتل میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ دوپہر کے کھانے کی تیاری میں مصروف تھے، نے کہا کہ “مہاجرین کے لیے راستہ کھولنا خوش آئند اقدام ہے، لیکن مال بردار گاڑیوں کو بھی جانے کی اجازت دی جائے کیونکہ گاڑیوں اور مال مالکان کو نقصان ہو رہا ہے۔” انہوں نے مطالبہ کیا کہ “دونوں ممالک کو سیاست اور تجارت کو الگ کرنا چاہیے کیونکہ معمولی مسائل کی وجہ سے سرحد کئی کئی ہفتے بند رہتی ہے۔”

سرحدی انتظامات

سرحدی حکام کا کہنا ہے کہ واپس جانے والے مہاجرین کی بڑی تعداد کی وجہ سے کافی رش ہے۔ ان کے مطابق لنڈی کوتل اور جمرود میں قائم عارضی قیام گاہوں سے کلیئرنس اور ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے مہاجرین کو ضروری کارروائی کے بعد افغانستان جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق لنڈی کوتل میں قائم عارضی سہولت مرکز کو دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کم کرنے کے لیے آنے والے دنوں میں استنبول میں دوبارہ مذاکراتی عمل شروع ہوگا۔

دونوں ممالک کے درمیان سرحدیں ایسے وقت میں بند ہوئی تھیں جب پاکستان میں افغان مہاجرین کے انخلا کے حوالے سے حکومتی کارروائیوں میں اضافہ ہوا تھا اور خوف کی وجہ سے لوگوں کی واپسی کا عمل تیز ہو گیا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here