01 نومبر 2025

تحریر

دانیال عزیز


پشاور: خیبرپختونخوا میں خواتین پر گھریلو تشدد کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، مگر ان کے تحفظ کے لیے بنائی جانے والی ڈسٹرکٹ پروٹیکشن کمیٹیز تاحال فعال نہیں ہو سکیں۔ پشاور ہائیکورٹ نے اس معاملے پر چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کو ذاتی طور پر مداخلت کی ہدایت کر دی ہے۔

قانون تو بن گیا، عملدرآمد نہ ہو سکا

خیبرپختونخوا اسمبلی نے جنوری 2021 میں خواتین کے تحفظ کے لیے “گھریلو تشدد سے بچاؤ اور انسداد قانون” منظور کیا تھا۔ اس قانون کے تحت صوبے کے ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ پروٹیکشن کمیٹیز قائم کی جانی تھیں تاکہ متاثرہ خواتین کو فوری قانونی، طبی اور رہائشی مدد فراہم کی جا سکے۔

تاہم چار سال گزرنے کے باوجود صوبے کے بیشتر اضلاع میں یہ کمیٹیز تاحال فعال نہیں ہو سکیں۔ نہ تو کمیٹیاں قائم ہو سکیں اور نہ ہی عملہ تعینات کیا گیا۔

قانون کی دفعات

قانون کے مطابق، گھریلو تشدد میں جسمانی، نفسیاتی، جنسی اور معاشی تشدد سب شامل ہیں۔ کسی بھی مجرم کو ایک سے پانچ سال تک قید اور جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔ متاثرہ خواتین ضلعی و سیشن عدالت میں درخواست دائر کر سکتی ہیں، جبکہ عدالت کو عبوری احکامات جاری کرنے اور متاثرہ خاتون کو فوری تحفظ دینے کے اختیارات بھی دیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 337، 506 اور 509 سمیت دیگر دفعات بھی لاگو کی جا سکتی ہیں، جن کے تحت تشدد، دھمکی یا ہراسانی پر تین ماہ سے پانچ سال تک قید اور جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔

گھریلو تشدد کے واقعات میں اضافہ

سرکاری اور غیر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، خیبرپختونخوا میں 2024 کے دوران 446 گھریلو تشدد کے کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ ملک بھر میں یہ تعداد دو ہزار سے زیادہ رہی۔ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں گھریلو تشدد کے واقعات میں اضافے کے باوجود خواتین اکثر تھانوں کا رخ کرنے سے گریز کرتی ہیں۔ خاندانی اور معاشرتی دباؤ کی وجہ سے بیشتر خواتین رپورٹ درج نہیں کراتیں۔

تھانوں میں سہولیات کی کمی

صوبے بھر کے بیشتر تھانوں میں ومن ڈیسک قائم ہیں، تاہم وہاں 24 گھنٹے خواتین پولیس عملہ دستیاب نہیں ہوتا۔ پولیس حکام کے مطابق بیشتر کیسز میں خواتین کو برداشت پر مجبور کیا جاتا ہے اور معاشرتی دباؤ کے باعث وہ شکایات واپس لے لیتی ہیں۔ پولیس عموماً ایسے معاملات کو ڈی آر سی یعنی ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹیوں کے ذریعے نمٹانے کی کوشش کرتی ہے۔ ضلعی سطح پر قائم ان کمیٹیوں میں روزانہ درجنوں گھریلو تنازعات اور تشدد کے کیسز سنے جاتے ہیں۔

تاہم قانونی ماہرین کے مطابق، ڈی آر سی گھریلو تشدد کے سنگین نوعیت کے کیسز کے لیے مناسب فورم نہیں۔ یہ ایک غیر رسمی طریقہ ہے، جس سے متاثرہ خواتین کو مکمل انصاف نہیں ملتا۔

عملدرآمد میں رکاوٹیں

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ قانون منظور ہونے کے باوجود عملی آگاہی، فنڈز کی کمی اور تربیت یافتہ عملے کی عدم دستیابی کے باعث متاثرہ خواتین اب بھی تھانوں کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں۔

ہائیکورٹ کی مداخلت

خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم وکیل ایڈووکیٹ مہوش کاکا خیل نے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔ انہوں نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا: “یہ کمیٹیاں خواتین کو تحفظ دینے کے لیے بنانے کا فیصلہ ہوا تھا، لیکن تاحال فعال نہیں ہوئیں۔ اسی لیے ہم نے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے کہ حکومت کو اس پر عملدرآمد کا پابند کیا جائے۔”

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ چونکہ خواتین تھانوں کے چکر نہیں کاٹ سکتیں، اس لیے ان کمیٹیوں کا قیام لازمی ہے تاکہ متاثرہ خواتین کو قانونی مدد، شیلٹر، اور طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت کے دوران قرار دیا کہ “قانون کے مطابق ڈسٹرکٹ پروٹیکشن کمیٹیوں کی تشکیل لازمی ہے۔ چیف سیکریٹری ذاتی طور پر مداخلت کریں اور ڈویژنل کمشنرز کو ہدایت دیں کہ ایک ماہ کے اندر کمیٹیاں قائم کر کے رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں۔”

خواتین کے حقوق تنظیموں کا مطالبہ

خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم تنظیموں کا کہنا ہے کہ اگر پروٹیکشن کمیٹیز فعال کر دی جائیں تو متاثرہ خواتین کو نہ صرف فوری ریلیف بلکہ قانونی مدد اور پناہ گاہوں تک رسائی بھی آسان ہو جائے گی۔ تنظیموں کا موقف ہے کہ یہ صرف قانون کا تقاضا نہیں، معاشرتی ضرورت بھی ہے۔ اگر حکومت نے فوری اقدام نہ کیا تو گھریلو تشدد کے متاثرین کی تعداد میں مزید اضافہ ہو گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here