18 نومبر 2025

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور کے چیئرنگ کراس پر نابینا افراد کا دھرنا نویں روز بھی جاری ہے، جس میں شریک افراد حکومتِ پنجاب سے معذور افراد کے لیے مختص سرکاری کوٹے پر مؤثر عملدرآمد، مستقل بھرتیوں اور ڈیلی ویجز ملازمین کی ریگولرائزیشن کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ احتجاج کرنے والوں میں اسپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے وہ نابینا اساتذہ بھی شامل ہیں جو گزشتہ کئی برس سے عارضی بنیادوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور مستقل تقرریوں کے منتظر ہیں۔

مظاہرین کا مؤقف ہے کہ پنجاب حکومت معذور افراد کے لیے سرکاری محکموں میں تین فیصد ملازمت کوٹہ تو مقرر کرتی ہے، تاہم اس پر عملی طور پر مکمل عملدرآمد نہیں ہوتا۔ شرکاء کے مطابق مختلف محکموں میں اس کوٹے کے تحت تین ہزار سے زائد اسامیاں طویل عرصے سے خالی پڑی ہیں، جن پر بھرتی کا کوئی واضح شیڈول سامنے نہیں آیا۔ دھرنے میں شریک افراد کا کہنا ہے کہ ان خالی آسامیوں پر بروقت بھرتیاں نہ ہونے سے معذور افراد، بالخصوص بصارت سے محروم افراد کے لیے روزگار کے مواقع محدود ہو گئے ہیں۔

شرکاء نے مطالبہ کیا ہے کہ معذور افراد کے تین فیصد کوٹے میں سے ایک فیصد کوٹہ صرف بصارت سے محروم افراد کے لیے مخصوص کیا جائے تاکہ نابینا شہریوں کی نمائندگی اور روزگار تک رسائی یقینی بنائی جا سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ بصارت سے محروم افراد کو سرکاری پالیسیوں میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے مخصوص کوٹہ ناگزیر ہے، کیونکہ وہ شدید معاشی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں اور خصوصی ملازمت کے مواقع کی کمی ان کے روزمرہ زندگی پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہے۔

دھرنے میں شریک افراد نے یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ اسپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں ڈیلی ویجز پر بھرتی کیے گئے نابینا اساتذہ کو کئی کئی ماہ کام لینے کے بعد بنا وجہ برطرف کر دیا جاتا ہے، جس سے ان کی معاشی مشکلات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ شرکاء نے دعویٰ کیا کہ متعدد نابینا اساتذہ گزشتہ پانچ برس سے عارضی بنیادوں پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن مستقل تقرریوں سے متعلق کوئی واضح پالیسی یا وقت کا تعین نہیں کیا گیا۔

احتجاج میں پنجاب کے مختلف اضلاع سے نابینا افراد شرکت کر رہے ہیں۔ شرکاء کا کہنا ہے کہ وہ کئی برس سے اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں مگر ہر بار انہیں محض یقین دہانیوں پر ٹال دیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بار بار احتجاج کرنے کے باوجود عملی اقدامات نہ ہونے سے نابینا افراد میں بے چینی بڑھ رہی ہے۔

دوسری جانب حکومتِ پنجاب نے صوبے میں رجسٹرڈ پانچ ہزار نابینا افراد کے لیے بارہ ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے یہ بھی کہا ہے کہ معذور افراد کے سرکاری کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور بھرتیوں کے عمل کے حوالے سے اقدامات کیے جائیں گے۔ تاہم دھرنے کے منتظمین اور شرکاء نے اس اعلان کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے اسے ناکافی قرار دیا ہے۔

شرکاء نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں مالی امداد یا خیراتی نوعیت کا وظیفہ نہیں بلکہ مستقل روزگار اور واضح حکومتی پالیسی درکار ہے۔ ان کے مطابق بارہ ہزار روپے کا وظیفہ ان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے اور اصل مسئلہ مستقلی اور روزگار کی فراہمی کا ہے، جس پر حکومت کو عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

شرکاء نے یہ بھی کہا کہ جب تک حکومت واضح طور پر مستقل بھرتیوں، ڈیلی ویجز اساتذہ کی ریگولرائزیشن اور کوٹے کی مختصی کے حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کرتی، دھرنا جاری رہے گا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ان کے مطالبات آئینی اور قانونی بنیادوں پر قائم ہیں اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ معذور افراد کو روزگار کے مساوی مواقع فراہم کرے۔

دھرنے کے جاری رہنے سے شہر میں ٹریفک کے بہاؤ کو بھی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں، تاہم شرکاء کا مؤقف ہے کہ ان کا احتجاج پرامن ہے اور وہ اپنے مطالبات کی منظوری تک چیئرنگ کراس پر بیٹھے رہیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here