07 اکتوبر 2025

تحریر

اسلام گل


پشاور: چھ ستمبر سے پاکستان میں زیرِ تعلیم افغان طلبہ کا نیا تعلیمی سال شروع ہو چکا ہے، تاہم گذشتہ سال کی نسبت نصف سے بھی کم بچے کالج پہنچ سکے۔ محمد عاصم گیارہویں جماعت کا طالبِ علم ہے، لیکن اس کی دسویں جماعت کے ساٹھ ہم جماعتوں میں سے صرف بیس ساتھی ہی کالج میں داخلہ لے سکے۔ اس کمی کی وجہ پاکستان کی جانب سے افغان پناہ گزینوں کے انخلا کا اعلان ہے۔

محمد عاصم کہتے ہیں: “میں دسویں سے گیارہویں جماعت میں اس امید کے ساتھ آیا تھا کہ رواں سال بہتر پڑھائی کر سکوں گا، لیکن بدقسمتی سے میرے ہم جماعت ساتھیوں کی تعداد بہت کم ہو چکی ہے۔ دسویں جماعت میں ہم ساٹھ سے زیادہ تھے، تاہم گیارہویں جماعت میں یہ تعداد محض بیس رہ گئی ہے۔”

عاصم کا خواب ڈاکٹر بننا ہے اور وہ بارہویں جماعت سے فارغ ہو کر طب کے شعبے میں جانا چاہتے ہیں۔

خوف کے سائے تلے تعلیم

پاکستان میں مقیم افغان بچے خوف کے سائے میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گھر سے سکول کے لیے نکلتے وقت والدین یہی تاکید کرتے ہیں کہ راستے میں بہت احتیاط کریں، کہیں پولیس انہیں پکڑ کر ڈیپورٹ نہ کر دے۔

احسان اللہ بارہویں جماعت کا طالبِ علم ہے۔ وہ کئی کلومیٹر دور ضلع کے علاقے شاہ کاس سے پشاور میں ایک افغان نجی تعلیمی ادارے میں تعلیم حاصل کر رہا ہے۔ وہ کہتے ہیں: “ہمارا مستقبل تعلیم کے ساتھ جڑا ہوا ہے، تاہم ہمیں اپنے مستقبل کے حوالے سے شدید تشویش ہے۔”

ان کے بقول تمام مشکلات کے باوجود وہ پڑھائی جاری رکھے ہوئے ہیں، لیکن اگر پاکستان افغان پناہ گزینوں کے حوالے سے مزید سختی کرتا ہے تو ان کی تعلیم ادھوری رہ جائے گی اور افغانستان جا کر ان کا وقت ضائع ہو جائے گا۔

“ہم کافی خوف محسوس کرتے ہیں، والدین پریشان رہتے ہیں اور ہم پاکستان میں خوف کے سائے تلے تعلیم حاصل کر رہے ہیں،” احسان اللہ نے بتایا۔

تعلیمی اداروں کی بندش کا سلسلہ

عالمی ادارہ برائے مہاجرین (UNHCR) افغان بچوں کو پانچویں جماعت تک مفت تعلیمی سہولیات فراہم کر رہا ہے، تاہم خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کیمپوں کی بندش کی وجہ سے وہاں کے تعلیمی ادارے بھی متاثر ہوئے ہیں۔

افغان پناہ گزینوں کے لیے ثانوی اور اعلیٰ تعلیم کے پینتالیس نجی تعلیمی ادارے خیبر پختونخوا میں کام کر رہے تھے، تاہم رواں سال پشاور میں پانچ، ہری پور میں چار، ملاکنڈ میں ایک اور کوہاٹ میں تین ہائر سیکنڈری سکول بند ہو چکے ہیں۔

فضل مولا تورکی گذشتہ بیس سال سے پشاور میں خوشحال خان ہائر سیکنڈری سکول چلا رہے ہیں، تاہم پہلی بار ان کا ادارہ شدید مالی مسائل کا شکار ہے۔

مالی بحران کی شدت

فضل مولا تورکی کہتے ہیں: “جب سے افغان پناہ گزینوں کے انخلا کا اعلان ہوا ہے، پچھلے سال کی نسبت ہماری تعداد تین سو سے کم ہو کر ایک سو اسی رہ گئی ہے۔ سکول کی عمارت کا ماہانہ کرایہ دو لاکھ، بجلی کا بل ستر ہزار اور اساتذہ کی ڈھائی لاکھ تنخواہ پورا کرنا مشکل نہیں بلکہ ناممکن ہو گیا ہے۔ ہم خسارے میں چل رہے ہیں۔”

پچاس سالہ رستم خان ایک افغان تاجر ہیں، لیکن افغان پناہ گزینوں کی واپسی سے متعلق پاکستان کے اعلان نے ان کی پریشانی میں اضافہ کر دیا ہے۔ نیا تعلیمی سال شروع ہونے کے باوجود وہ اپنے بچوں کو سکول نہیں بھیج رہے۔

“ایک طرف تشویش ہے اور دوسری طرف مالی مسائل اور غربت۔ جب میں اور بچے سکون سے نہیں ہیں تو کیسے انہیں تعلیم کے حصول کے لیے سکول بھیج دوں؟ ہم خوف کی وجہ سے اپنے بچوں کو سکول نہیں بھیجتے۔ نہ وہ پڑھائی کر سکتے ہیں اور نہ ہم کاروبار۔”

والدین کی تشویش

فضل مولا تورکی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے افغان پناہ گزینوں کے انخلا کے اعلان کے بعد والدین اپنے بچوں کو اس خوف سے سکول نہیں بھیج رہے کہ ایسا نہ ہو کہ تعلیمی سال کے دوران انہیں افغانستان جانا پڑے اور بچوں کی پڑھائی ادھوری رہ جائے۔ “میں نے کئی والدین کے ساتھ بات چیت کے بعد انہیں اس بات پر راضی کیا کہ وہ بچوں کو پڑھائی کے لیے بھیج دیں۔”

سفارتی حکام کی رپورٹ

پاکستان میں افغان طالبان کے سفارتی حکام نے رابطے پر بتایا کہ ابتدا سے لے کر چھٹی جماعت تک تعلیم کی سہولت UNHCR مفت فراہم کر رہا ہے، جبکہ ساتویں سے بارہویں جماعت تک تعلیم نجی تعلیمی ادارے فراہم کر رہے ہیں، جن کی نگرانی سفارتی حکام کر رہے ہیں۔

حکام کے مطابق موجودہ وقت میں خیبر پختونخوا میں 38، اسلام آباد میں چار، کراچی میں دو اور بلوچستان میں 36 نجی تعلیمی ادارے کام کر رہے ہیں۔

حکام کے مطابق ان نجی اداروں میں بتدریج بچوں کی تعداد کم ہو رہی ہے۔ سال 2023 میں اٹھارہ ہزار، سال 2024 میں چودہ ہزار اور رواں سال یہ تعداد دس ہزار سے بھی کم ہو چکی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ستر فیصد لڑکے اور تیس فیصد لڑکیاں زیرِ تعلیم ہیں۔

نصاب کا تنازع

2018 سے UNHCR کے زیرِ اہتمام چلنے والے سکولوں میں پاکستان کا نصاب پڑھایا جاتا ہے، جس پر سابق اور موجودہ افغان حکومت کے ساتھ ساتھ پاکستان میں موجود افغان مہاجرین کی جانب سے کافی اعتراضات اٹھائے گئے تھے، تاہم اس میں کوئی تبدیلی نہیں کرائی گئی۔ پاکستان کے اعتراضات کی وجہ سے نصابی کتب کو پاکستان لانے کا مسئلہ بھی کئی سالوں سے زیرِ التوا ہے۔

تعلیمی اداروں کی موجودہ صورتحال

عالمی ادارہ برائے مہاجرین کے مطابق پاکستان میں مہاجر بچوں کے لیے 142 تعلیمی ادارے کام کر رہے ہیں، جن میں 56 ہزار طالبات و طلبا زیرِ تعلیم ہیں۔ ادارے کے مطابق اس تعداد میں 60 فیصد لڑکے جبکہ 40 فیصد لڑکیاں ہیں۔ تاہم نجی سطح پر بھی افغان مہاجرین کے لیے بڑی تعداد میں تعلیمی ادارے کام کر رہے ہیں، جن میں 52 خیبر پختونخوا میں ہیں۔

افغان مہاجرین کی مجموعی صورتحال

اکتوبر 2023 میں UNHCR نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ پاکستان میں 37 لاکھ افغان مہاجر مقیم ہیں، جن میں سے سات لاکھ افراد طالبان کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد اپنا ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ ان میں سے UNHCR کے ساتھ ساڑھے چار لاکھ افغانیوں نے جان کے خطرے کی بنا پر کسی تیسرے ملک منتقلی کے لیے اپنے آپ کو رجسٹرڈ کرایا ہے۔

UNHCR کے طریقہ کار کے مطابق جن کو جتنا زیادہ خطرہ ہے، انہیں پہلے محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے گا۔ تاہم اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی جلد منتقلی آسان نہیں، کیونکہ ہر ملک لوگوں کی ایک مخصوص تعداد قبول کرتا ہے۔

اکتوبر 2023 میں پاکستان نے ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو اپنے ملک جانے کا اعلان کیا تھا۔ Afghan Citizen Card والوں کو 31 مارچ اور PoR کارڈ کے حامل افغان مہاجرین کو بھی پاکستان چھوڑنے کی مہلت دی گئی تھی۔

افغان پناہ گزینوں کے انخلا کا عمل جاری ہے اور حکومتی اعداد و شمار کے مطابق مذکورہ تینوں زمروں میں بارہ لاکھ کے قریب لوگ افغانستان واپس جا چکے ہیں۔

پاکستان میں افغان پناہ گزینوں کی مجموعی تعداد مختلف ذرائع کے مطابق تقریباً 2.9 ملین کے قریب ہے، جن میں مختلف قانونی حیثیت رکھنے والے گروہ شامل ہیں۔ تقریباً 1.4 ملین افغان شہریوں کے پاس Proof of Registration (PoR) کارڈ موجود ہے، جو اقوامِ متحدہ کے تعاون سے باقاعدہ رجسٹرڈ مہاجر سمجھے جاتے ہیں۔ تقریباً 8 لاکھ افغان شہریوں کو Afghan Citizen Card (ACC) جاری کیے گئے تھے، تاکہ انہیں عارضی شناخت اور قیام کی اجازت دی جائے۔ اندازاً 4 سے 5 لاکھ افغان ایسے ہیں جو پاکستان میں بغیر کسی دستاویزی ثبوت یا رجسٹریشن کے مقیم ہیں، یعنی وہ “غیر قانونی” یا “غیر رجسٹرڈ” مہاجرین کے زمرے میں آتے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here