19 نومبر 2025

تحریر

راشد لغاری


حیدرآباد: 27ویں آئینی ترمیم، کارپوریٹ فارمنگ، اور خواتین کے خلاف تشدد کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے سندھیانی تحریک کی جانب سے خواتین کا ایک بڑا احتجاجی مارچ نکالا گیا جو حیدرآباد پریس کلب پر جلسہ عام پر اختتام پذیر ہوا۔

عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایڈووکیٹ وسند تھری، سندھیانی تحریک کی مرکزی صدر عمرہ سمون، ڈاکٹر ماروی سندھو، عوامی تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ ساجد حسین مہیسر، مرکزی رہنما نور احمد کاتیار، ستار رند اور دیگر رہنماؤں کی قیادت میں یہ مارچ سٹی گیٹ سے شروع ہوا۔ مارچ سول اسپتال روڈ، تلک چڑھائی، حیدر چوک سمیت حیدرآباد شہر کے مختلف مرکزی چوراہوں سے گزرتا ہوا حیدرآباد پریس کلب پہنچا۔

27ویں آئینی ترمیم پر سخت تنقید

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایڈووکیٹ وسند تھری نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم جمہوریت پر حملہ ہے اور ننگی ڈکٹیٹرشپ مسلط کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ترمیم کے ذریعے محمد علی جناح کے پاکستان کا قتل کر دیا گیا ہے اور سندھ میں پیپلز پارٹی کی بدترین فاشسٹ حکمرانی قائم ہے۔

“27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے آمروں کو احتساب سے استثنا دے کر ملک میں بادشاہت قائم کی گئی ہے۔ حکمرانوں نے 27ویں اور 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے آئین کا چہرہ مسخ کر دیا ہے اور عوام کے بنیادی انسانی حقوق معطل کر دیے گئے ہیں،” انہوں نے مزید کہا۔

وسند تھری نے کہا کہ 27ویں ترمیم کے ذریعے عدلیہ کو غلام بنا دیا گیا ہے، اب حکمران سندھ کے معدنی وسائل سمیت دیگر حقوق پر ڈاکہ ڈالیں گے جسے کوئی عدالت نہیں روک سکے گی۔

کارپوریٹ فارمنگ اور وسائل کی لوٹ مار

انہوں نے کہا کہ ملک کے وسائل، زمینوں اور قدرتی معدنیات کو بیچنے کے لیے ایس آئی ایف سی جیسا آئین سے بالاتر ادارہ قائم کیا گیا ہے۔ “کارپوریٹ فارمنگ مظلوم قوموں کی زمینوں پر قبضے کی منظم سازش ہے۔ سندھ کی لاکھوں ایکڑ زمینیں کمپنیوں کو دی جا رہی ہیں۔”

وسند تھری نے مزید کہا کہ سندھ ہزاروں سالہ تہذیبی تاریخ رکھنے والا قومی وطن ہے۔ سندھ کو ٹکڑے کرنے اور نئے صوبے بنانے کی سازش ملک دشمن عمل ہے۔

کالے قوانین کی مخالفت

ایڈووکیٹ وسند تھری نے پیکا ایکٹ کو ضیائی اور ایوبی آمریت کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اینٹی ٹیررازم ترمیمی ایکٹ کے ذریعے 6 ماہ کی حراست عوام سے فیئر ٹرائل کا بنیادی حق چھیننے کی کوشش ہے۔ “یہ کالے قوانین آئین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔”

انہوں نے مائنز اینڈ منرلز بل کو صوبوں کے وسائل پر ڈاکہ اور 18ویں ترمیم کے خلاف سازش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ریاستی اداروں کی نااہلی کے باعث ڈاکوؤں کو جدید اسلحہ دیا گیا ہے اور سندھ میں عوام غیر محفوظ ہیں۔

سپریم کورٹ کو مفلوج کر دیا گیا: سندھیانی تحریک

سندھیانی تحریک کی مرکزی صدر عمرہ سمون نے کہا کہ سندھ کی زمینیں اور وسائل بیچنے کے لیے ایس آئی ایف سی کا ادارہ بھی پیپلز پارٹی کی حمایت سے بنایا گیا ہے۔ “عدالتیں جو 26ویں آئینی ترمیم کے باعث پہلے ہی مفلوج ہیں، انہیں مکمل طور پر حکومتی دربار بنانے کے لیے 27ویں ترمیم لائی گئی ہے۔”

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کے پاس اب پرامن جدوجہد کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔ “سندھ صدیوں پرانا قومی وطن ہے۔ نئے صوبوں کا شور مچا کر سندھ کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کی کوشش دراصل ملک دشمن سازش ہے۔ سندھ کی تقسیم کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔”

خواتین کے حقوق اور سماجی برائیوں کا خاتمہ

عمرہ سمون نے خواتین کے خلاف تشدد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کاروکاری، ونی، بدی کی شادیاں، اور بچیوں کی کم عمری میں شادی جیسے غیر انسانی اور عورت دشمن رسوم آج بھی قبائلی سرداروں، جاگیرداروں، اور سرکاری اثر و رسوخ رکھنے والوں کی سرپرستی میں جاری ہیں۔

“عورتوں کے خلاف عدم مساوات پر مبنی وحشیانہ، قبائلی اور جاگیردارانہ نظام سندھ کی ترقی، انسانی مساوات، معاشرتی امن اور خوشحالی کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ہر قسم کے عورت دشمن سماجی، روایتی اور قبائلی نظام کو ختم کر کے، عورتوں کے مکمل تحفظ، بااختیاری اور قانونی برابری کے لیے جامع قانونی و انتظامی اقدامات کیے جائیں۔”

مطالبات

مقررین نے درج ذیل مطالبات پیش کیے:

– ملک کے آئین کی بنیاد 1940 کی قراردادِ پاکستان کے تحت رکھی جائے

– پیکا ایکٹ کو فوراً ختم کر کے عوام کو اظہار رائے کا حق دیا جائے

– اینٹی ٹیررزم ترمیمی ایکٹ کے تحت بغیر ایف آئی آر کے 6 ماہ تک حراست کی دفعات ختم کی جائیں

– کاروکاری، ونی اور دیگر عورت دشمن رسومات کا مکمل خاتمہ کیا جائے

– ایسے رواجوں کو فروغ دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے

21 نومبر کو احتجاج کا اعلان

واضح رہے کہ کینٹ تھانے میں 500 خواتین پر دفعہ 144 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس کے خلاف خواتین نے عدالت میں ضمانت کرانے کے بجائے 21 نومبر کو احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here