20 نومبر 2025

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور میں وکلا نے ستائیسویں آئینی ترمیم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔ لاہور بار ایسوسی ایشن کی کال پر بدھ کے روز مکمل ہڑتال کی گئی، جس کے تحت ارجنٹ نوعیت کے کیسز کے علاوہ تمام عدالتوں میں پیشیاں نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وکلا کی بڑی تعداد صبح سے ہی ایوانِ عدل میں جمع ہونا شروع ہوگئی اور بعد ازاں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

احتجاجی ریلی ایوانِ عدل سے شروع ہوئی اور چیئرنگ کراس تک پہنچی، جس میں سینکڑوں وکلا نے شرکت کی۔ شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ستائیسویں آئینی ترمیم کی واپسی کا مطالبہ درج تھا۔ ریلی کے شرکا نے حکومتی اقدامات کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ وکلا کا مؤقف تھا کہ ترمیم نے عدلیہ کے ڈھانچے اور اختیارات کو متاثر کیا ہے اور ان کے مطابق یہ اقدام عدالتی نظام پر اثر انداز ہونے کا باعث بن سکتا ہے۔

احتجاج کے دوران بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداران اور نمائندوں نے شرکا سے خطاب بھی کیا اور آئینی ترامیم سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن آصف نسوانہ نے وائس پی کے سے گفتگو میں کہا کہ ستائیسویں آئینی ترمیم سے آئین کے بنیادی ڈھانچے میں تبدیلی کی کوشش کی گئی ہے۔ ان کے مطابق مجوزہ ترمیم میں ایک متوازی آئینی فورم قائم کر کے سپریم کورٹ کے کردار کو محدود کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلا برادری اس ترمیم کو مسترد کرتی ہے اور اسے ختم کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔

صدر لاہور بار ایسوسی ایشن مبشر رحمن نے وکلا سے خطاب کرتے کہنا تھا کہ ترمیم کو وکلا برادری قبول نہیں کرتی اور اسے قانونی و سیاسی سطح پر چیلنج کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ترمیم کے حوالے سے بار کونسلز اور بار ایسوسی ایشنز کے اندر تشویش پائی جاتی ہے، جس کے باعث ملک بھر میں احتجاجی لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے۔

’’یہ ترمیم قانونی اور سیاسی طور پر جمہوریت کے خلاف ہے۔ یہ ترمیم فرد واحد کے مفاد کو تخفظ دینے کے لیے ہے۔‘‘

ہائیکورٹ کے وکیل اویس بابر نے بھی ترمیم پر اپنے تحفظات ظاہر کیے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ آئینی ترمیم یعنی چھبیسویں ترمیم نے پہلے ہی آئینی ڈھانچے پر اثر ڈالا تھا، جبکہ ستائیسویں ترمیم نے اس عمل کو مزید آگے بڑھایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وکلا برادری آئین کو اس کی اصل حالت میں بحال کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے اور اس سلسلے میں ملک بھر میں مشترکہ احتجاجی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔

بار ایسوسی ایشن کے عہدارن کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ ہر جمعرات کو احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے جبکہ مستقبل میں ایک بڑے احتجاجی مارچ کے ذریعے اسلام آباد کا رخ کیا جائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here