24 نومبر 2025
تحریر : عصمت اللہ نیازی

نومبر کے مہینے کے وسط سے ہر سال کی طرح اس سال پھر سے پنجاب خاص کر لاہور اور پاک بھارت کے ساتھ مشرقی اضلاع آہستہ آہستہ سموگ اور شدید دھند کی لپیٹ میں تو آ ہی رہے ہیں لیکن اس بار نہ صرف پنجاب بلکہ خیبر پختون خواہ میں پشاور اور اسلام آباد موٹر وے کو سموگ کی وجہ سے ابتداءمیں ہی بند کرنا پڑا۔ یعنی اب موسم سرما کے آغاز سے ہی سموگ کا دائرہ دوسرے علاقوں کی طرف بڑھتا جا رہا ہے حالانکہ پنجاب کی حکومت پچھلے سال سے نہ صرف ٹیکنالوجی کی مدد سے سموگ اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، بلکہ پچھلے سال تو صوبائی حکومت نے بھارت کے ساتھ فضائی آلودگی اور سموگ کے زہر پر قابو پانے کے لئے سفارت کاری کے آغاز کا اعلان بھی کیا، تاہم معاملہ ایک آدھ خط لکھنےسے آگے نہ بڑھ پایا اور دونوں جانب کی حکومتیں اور میڈیا ایک دوسرے پر الزام تراشی کر کے یہ ثابت کرتے رہے ہیں کہ فضا میں آلودگی حقیقت میں کس ملک کی وجہ سے ہے۔

پچھلے سال موسم سرما کے آغاز پر ہم نے موسمی ماہرین کی آرا پر مبنی مضمون میں لکھا تھا کہ اسکا فوری لیکن عارضی حل سموگ ٹاورز ہیں جو پنجاب حکومت نے لاہور میں لگائے بھی اور اسکا کچھ نہ کچھ مثبت نتیجہ نکلا کیونکہ ان ٹاورز کا کامیاب تجربہ بھارت اور چین کر چکے ہیں۔ بھارت نے دہلی میں دو جبکہ چین نے بیجنگ میں سموگ ٹاور بدترین متاثرہ علاقوں میں لگا کرسموگ کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی ہے۔ تاہم اسکا موثر حل صنعتی گیسوں کے اخراج اور ٹریفک اور گاڑیوں میں زہریلے مادوں والے ایندھن کے استعمال کی کمی اور جنگلات اور شہروں میں درختوں اور اربن جنگل میں اضافے سے ہی ممکن ہے۔

پنجاب حکومت نے حال ہی میں لاہور میں فضائی آلودگی اور سموگ سے نمٹنے کے لئے دو درجن کے قریب ہوا میں پانی کا سپرے کر کے گرد کو کم کرنے کے لئے واٹر کیننز (پانی پھینکنے والی توپیں) خریدی ہیں تاہم ماہرین نے اس پر شدید تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ ایک تو یہ عارضی حل ہے اور دوسرا یہ کہ اس سے لاہور میں پانی کی قلت میں شدت آنے کا خدشہ ہے۔ کیوں کہ ایک توپ کے ٹینک میں سولہ سو لیٹر پانی بھرا جاتا ہے جو صرف سو میٹر کے علاقے میں سپرے کرتی ہے۔

لاہور گجرانوالہ فیصل آباد اور دوسرے شہروں میں بھی سموگ اور فضائی آلودگی کی صورتحال قابو میں آنے کے بجائے دن بدن بگڑتی جا رہی ہے۔ نوے کی دہائی میں شروع ہونے والی اس قدرتی آفت نے پاکستان اور ہندستان کو بری طرح متاثر کیا ہے جس کے باعث دھند اور سموگ مل کر تقریباً 80 سے 90 دن تک انسانی زندگی کو اب نہ صرف جسمانی طور پر متاثر رکھتی ہے بلکہ عملی زندگی بھی معطل رہتی ہے۔

موسمیاتی ماہر ڈاکٹر محمد حنیف کے مطابق موسم خزاں اور سرما( اکتوبر تا دسمبر ) کے آغاز پر بارشوں کا نہ ہونا اور اس دوران فصلوں کی کٹائی کے بعد آگ لگانا، پاکستان اور بھارت میں زہریلا دھواں اگلتی صنعتیں اور بڑھتی ہوئی ٹریفک کی آلودگی بتاتے ہیں، کیوں کہ خشک موسم کی وجہ سے فضا میں آلودہ مادے جمع ہوتے رہتے ہیں جو دھند اور گہری سموگ کا سبب بنتے ہیں۔ماہرین کے مطابق آلودگی اور سموگ میں ہر سال 10 فیصد کی شرح سے اضافہ ہو رہا ہے، سردیوں کا بیشتر حصہ سموگ اور دھند میں گزارنے کی وجہ سے انسانی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں اور اگر فوری اور دیرپا اقدامات نہ اُٹھائے گئے تو لاہور اور پنجاب کے دوسرے بڑے شہروں میں زندگی مشکل سے مشکل تر ہوتی چلی جائے گی۔

موسم سرما کے دھند والے ایام ایک خاص مسئلہ ہیں کیونکہ نقصان دہ گیسیں زمین کے قریب پھنس جاتی ہیں۔ سموگ بنیادی طور پر اوزون پر مشتمل ہوتی ہے لیکن اس میں دیگر نقصان دہ مادے بھی ہوتے ہیں، جیسے سلفر ڈائی آکسائیڈ، نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ، کاربن مونو آکسائیڈ اور چھوٹے مالیکیول جو ہمارے پھیپھڑوں میں گہرائی تک پہنچ سکتے ہیں۔ اوزون، جو کہ فضا میں زیادہ ہونے پر ہماری جلد کو نقصان دہ یو وی شعاعوں سے بچاتا ہے، زمین کے قریب ہونے پر نقصان دہ اور پریشان کن صحت کے اثرات کا سبب بنتا ہے۔

اُدھر اس سال قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ)نے سموگ کی وجہ سے سانس کی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے بچاؤ اوراحتیاطی اقدامات کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کردی ہے، جس میں خبردار کیا ہے کہ سرد موسم میں سموگ اور فضائی آلودگی انسانی صحت کے لیے شدید خطرہ ہے اور یہ صورتحال نومبر سے فروری تک برقرار رہ سکتی ہے اور سانس کی بیماریوں کے علاوہ دل کی بیماریاں، نمونیا اور دیگر صحت کے بحران پیدا کر سکتی ہے کیوں کہ فضاء میں زہریلے مادے اور سردی کے اثرات مل کر صحت، معیشت اور معیارِزندگی پر منفی اثرات ڈالیں گے۔ خصوصاً بچوں، بزرگ شہریوں اور پہلے سے بیمار افراد کے لیے خطرہ زیادہ ہے۔

اکتوبر نومبر میں سموگ پاکستانی اور انڈین پنجاب کی فضا آلودہ کر دیتی ہے اور پھر اگلے سال حالات بہتر ہونے کے وعدے کیے جاتے ہیں۔ لیکن اس دوران لوگ صحت کے بدترین بحران سے گزرتے ہیں۔ لاہور کو ہی لے لیں، اس کا شمار اب دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ہوتا ہے۔ ایک سٹڈی کے مطابق اگر آپ لاہور جیسے آلودہ شہروں میں رہتے ہیں تو فضائی آلودگی کی وجہ سے آپ کی عمر میں سے پانچ سال کم ہو جاتے ہیں اسکی وجہ گلے کے کینسر اور سینے کے امراض اور فالج کے واقعات کی بڑھتی تعداد ہے۔

میٹریالوجسٹ ڈاکٹر محمد حنیف نے لاہور کے بارے میں دلچسپ انکشافات کئے ہیں۔ اُنکا کہنا ہے کہ لاہور میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے نہ صرف گرمیوں میں زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ سردیوں میں بھی سانس لینا دوبھر ہو چکا ہے۔ انکے مطابق پنجاب خاص کر لاہور میں 365 دنوں میں سے 150 دن موسمیاتی شدت کا شکار رہتا ہے۔ ان میں 70 دن مئی سے ستمبر تک شدید گرمی پڑتی ہے، پھر 30 سے 55 دن اسموگ لاہور پر چھائی رہتی ہے جب کہ 35سے40 دن تک دھند ہوتی ہے جبکہ دس دن لاہور اربن فلڈنگ کا شکار رہتا ہے۔ یعنی سال کے لگ بھگ پانچ ماہ، لاہور موسم کی شدت کا شکار رہتا ہے۔

عالمی بینک کا تخمینہ ہے کہ فضائی آلودگی سمیت ماحولیاتی تنزلی پاکستان کو اس کی مجموعی پیداوار (جی ڈی پی) کا تقریباً 6 فیصد سالانہ خرچ کرنے پر مجبور کر رہی ہے۔ یہ معاشی بوجھ فوری کارروائی اور پالیسی مداخلت کے لیے ایک جگا دینے والی کال ہے۔ پاکستان میں فضائی آلودگی کا بحران پیچیدہ مسئلہ ہے جس کے لیے کثیر الجہتی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ اوریہ صرف ایک مقامی مسئلہ نہیں بلکہ عالمی چیلنج ہے جو اجتماعی کارروائی اور مشترکہ ذمہ داری کا تقاضا کرتا ہے۔

تین سال قبل 2022 اور اب 2025 کے تباہ کن سیلابوں نے لاکھوں افراد کو بے گھر کیا، وسیع تر انفراسٹرکچر تباہ ہوا اور کئی ارب ڈالر کے معاشی نقصانات ہوئے۔ ماہرین کے مطابق اس غیر معمولی موسمی اور آلودگی کے بحران کا سب سے بڑا بوجھ بچوں پر پڑ رہا ہے جبکہ پاکستان میں آبادی کا تقریباً نصف، اٹھارہ برس سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے۔انہوں نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل آنے والی آفات غذائیت، صحت، تعلیم اور ذہنی کیفیت پر منفی اثرات ڈال رہی ہیں۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ موسمیاتی آفات نہ صرف انفراسٹرکچر تباہ کر رہی ہیں بلکہ ایک پوری نسل کے محفوظ اور باعزت زندگی کے حق کو بھی چھین رہی ہیں۔ گو کہ کرۂ ارض کو گرم کرنے میں پاکستان کا کوئی کردار نہیں لیکن اسے سب سے زیادہ بوجھ اٹھانا پڑ رہا ہے۔ لہذا عالمی برادری موسمیاتی لحاظ سے پاکستان جیسے کمزور ترقی پذیر ممالک کے لیے تیز رفتار گرانٹ پر مبنی اور قابلِ پیش گوئی مالی معاونت کو یقینی بنائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here